Inquilab Logo

آسٹریلیا نے یکروزہ سیریز پر قبضہ کرلیا

Updated: March 23, 2023, 12:03 PM IST | Chennai

تیسرے اور آخری ون ڈے میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو۲۱؍رن سے شکست دی۔ سیریز پر ۱۔۲؍ سے قابض۔ کوہلی کی نصف سنچری

Virat Kohli batted well
وراٹ کوہلی نے اچھی بلے بازی کی

:بدھ کو یکروزہ سیریز کے تیسرے اور آخری یکروزہ میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ۲۱؍رن سے شکست دے کر سیریز پر ۱۔۲؍ سے قبضہ کرلیا۔ آسٹریلیا نےپہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۴۹؍اوور میں ۲۶۹؍ رن بنائے، جواب میں ہندوستانی ٹیم ۴۹؍اوور میں ۲۴۸؍ رن ہی بناسکی۔ اس میچ میں وراٹ کوہلی نے ۵۴؍رن کا تعاون دیا۔ دوسری طرف سوریہ کمار یادو لگاتار تیسری بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے شاندار گیندبازی کی۔  
  ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات اچھی رہی ۔ ۶۵؍رن کے مجموعی اسکورپر ہندوستان کو پہلا جھٹکا لگا۔ روہت شرما ۳۰؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شبھمن گل ۳۷؍ رن بناکرپویلین لوٹ گئے۔ کوہلی اورکے ایل راہل نے تیسرے وکٹ کیلئے اچھی پارٹنرشپ کی اور ٹیم کا اسکور ۱۴۶؍رن تک پہنچادیا۔ اس وقت راہل ۳۲؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اکشر پٹیل بھی ۲؍ رن کے نجی  اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی ۱۸۵؍رن کے مجموعی اسکورپر ۵۴؍رن کے نجی اسکورپر آؤٹ ہوئے۔ ان کی شکل میں ہندوستان کو ۵؍واں جھٹکا لگا۔ سوریہ کمار صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ہاردک پانڈیا نے آؤٹ ہونے سے قبل ۴۰؍رن کا تعاون دیا۔ رویندر جڈیجا نے ۱۸؍ رن بنائے اور آؤٹ ہوئے۔ 
 اس سے قبل ہندوستان نے ہاردک پانڈیا (۴۴/۳) اور کلدیپ یادو (۵۶/۳) کی شاندار گیند بازی کی بدولت بدھ کو تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو۲۶۹؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔
 پانڈیا نے۸؍ اوورس میں۴۴؍ رن کے عوض ۳؍ کے اعداد و شمار کے ساتھ ہندوستانی گیند بازوںکی قیادت کی جبکہ کلدیپ، جس نے آسٹریلوی مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی، نے ۱۰؍ اوور میں۵۶؍ رن پر ۳؍ وکٹ لئے۔
 آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور گزشتہ میچ میں ناٹ آؤٹ سنچری شراکت کرنے والے ٹریوس ہیڈ اورمشیل مارش کی جوڑی نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ہیڈ مارش نے پہلے پاور پلے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۶۸؍رن کی شراکت کی۔ اس سے پہلے کہ یہ شراکت ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیتی، پانڈیا نے ہیڈ کو واپس پویلین بھیج دیا۔ ہیڈ نے۳۱؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۳؍ رن بنائے۔ انہوں نے اپنے اگلے ہی اوور میں اسٹیو اسمتھ کو وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اسمتھ دورہ ہند کے ۶؍ میچوں میں ایک بار بھی نصف سنچری نہیں بنا سکے۔
 دوسری طرف مارش (۴۷؍گیندوں، ۸؍ چوکوں، ایک چھکے، ۴۷؍ رن) سیریز کی اپنی دوسری نصف سنچری کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن وہ بھی پانڈیا کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ آسٹریلیا کا ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہونےکے بعد کپتان روہت شرما نے گیند اسپنرس کے حوالے کر دی۔
 چدمبرم اسٹیڈیم کی پچ پر اسپنرس کے سامنے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبوشین  نے۶۰؍گیندوں پر۴۰؍ رن کی شراکت کی۔ وارنر اپنی۲۳؍ رن کی اننگز میں ایک چوکا لگا کر اپنے پیر جماچکے تھے لیکن کلدیپ کی گیند پر بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں لانگ آف پر کیچ ہوگئے۔ وارنر کی طرح لبوشین (۴۵؍ گیندوں، ۲۸؍ رن) نے بھی بڑا چھکا لگانے کی کوشش میں لانگ آن کو کیچ تھمایا۔
 مارکس اسٹوئنس نے چھٹے وکٹ کیلئے الیکس کیری کے ساتھ ۵۸؍رن کی شراکت کی لیکن وہ بھی اچھی شروعات کو طویل اننگز میں تبدیل نہ کر سکے۔ اسٹوئنس نے۲۶؍گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے۲۵؍ رن بنائے اور اکشر پٹیل کی گیند کو لانگ آن کے ہاتھوں میں کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اسٹوئنس کے ساتھی کیری نے کلدیپ کے ہاتھوں بولڈ ہونے سے پہلے۴۶؍گیندوں پر ۳۸؍ رن  بنائے۔ آسٹریلیا ۶؍ وکٹ پر۱۹۶؍رن  کے معمولی اسکور پر ڈھیر ہو سکتا تھا لیکن لوور آرڈر  نے۱۱؍ اوورس میں آخر میں قیمتی۶۶؍رن  جوڑے ۔سین  ایبٹ نے ایشٹن ایگر کے ساتھ ۸؍ویں وکٹ کیلئے۴۲؍رن کی اہم شراکت کی۔ اکشر نے ایبٹ کو۲۶؍ پر بولڈ کیا، جبکہ سراج نے ایگر  اورمشیل اسٹارک (۱۰؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK