Inquilab Logo

ہندوستان کو شکست دینے کے ساتھ ہی آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں

Updated: March 04, 2023, 1:40 PM IST | Indore

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیانے پہلی بار قدم رکھا۔ اب دوسری ٹیم کا فیصلہ جلد ہی متوقع۔ ہندوستان اور سری لنکا میں مقابلہ

Australian team
آسٹریلوی ٹیم

: اندور کے ہولکر اسٹیڈیم کی ٹرن لینے والی پچ پر آسٹریلیا نے میزبان ہندوستان کو کھیل کے ہر شعبے میں شکست دے کر ۴؍ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ۹؍ وکٹ سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
       جمعہ کو میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کو جیت کیلئے صرف۷۶؍ رن کا ہدف حاصل کرنا تھا، جو ٹریوس ہیڈ (  ناٹ آؤٹ۴۹؍رن) اور مارنس لبوشین  ( ناٹ آؤٹ ۲۸؍رن) کی جوڑی نے صرف۱۸ء۵؍ اوور میں حاصل کر لیا۔ آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر ناتھن  لاین نے جمعرات کو ہی ہندوستان کی دوسری اننگز میں ۸؍ وکٹ لے کر آسٹریلیا کے حق میں میچ کا نقشہ تیار کردیا تھا جس پر ٹریوس اور مارنس کی جوڑی نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے جمعہ کو میچ جیت لیا۔
              ہندوستان کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل۷؍ سے ۱۱؍ جون تک انگلینڈ کے اوول میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو چمپئن شپ کے خطابی میچ میں داخل ہونے کیلئے اب کسی بھی قیمت پر چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ جیتنا ہوگا۔ اگر ہندوستان اس میں ناکام رہتا ہے تو اسے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے پر انحصار کرنا پڑے گا۔اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پورے ٹیسٹ میچ میں اسپنرس کا غلبہ رہا۔ آسٹریلیا کے میتھیو کوہنی مین نے پہلی اننگز میں ۵؍ وکٹ لے کر ہندوستان کی پہلی اننگز کو جلدمیں سمیٹ دیاجبکہ ناتھن لاین  نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے   تھے۔ دوسری طرف اننگز میں ناتھن لاین  نے تنہا ہی ۸؍ وکٹ لے کر ہندوستانی بلے بازی کی کمر توڑ دی اور یہ بالآخر ان کی جیت کا عنصر ثابت ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK