Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا سستے میں آؤٹ، ونڈیز کا بھی خراب آغاز

Updated: June 27, 2025, 2:49 PM IST | Agency | Bridgetown, (Barbados)

کنگارو ٹیم ۱۸۰؍رنوں پر ڈھیر،ویسٹ انڈیز کے جیڈن نے ۵؍جبکہ جوزف نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں، میزبان ٹیم نے۴؍وکٹ پر ۵۷؍رن بنائے۔

West Indies` Jayden Seales took 5 wickets with a brilliant bowling performance. Photo: INN
ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵؍وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر: آئی این این

جیڈن سیلز اور شمر جوزف کی خطرناک گیند بازی کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا کی پہلی اننگز کو ۱۸۰؍ رنوں پر سمیٹ دیا۔ یہ ۱۹۹۵ء کے بعد سے کیریبین خطے میں پہلی اننگز میں آسٹریلیا کا سب سے کم  اسکور ہے۔ حالانکہ کنگسٹن اوول کی پچ پر موجود چیلنج کا اندازہ میزبان  ویسٹ انڈیز کو اس وقت ہوا جب دن کے اختتام تک انہوں نے خود اپنے ۴؍وکٹ گنوا دئیے۔ دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کا اسکور ۴؍وکٹ پر۵۷؍ رن تھا جہاں ڈیبیو کرنے والے برینڈن کنگ ۲۳؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔
  ٹاس جیت کرپہلے بلے بازی کا فیصلہ آسٹریلیا کیلئے مشکل ثابت ہوا جب اس کے ۳؍ اہم بلے باز صرف ۲۲؍ رن پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم عثمان خواجہ (۴۷) اور ٹریوس ہیڈ (۵۹) نے ۸۹؍رنوں کی شراکت داری کر کے اننگز کو کچھ حد تک سنبھالا، لیکن یہ واپسی زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور نچلی صف  کے بلے باز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ جوزف نے ۴۶؍رن پر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیلز نے ۶۰؍رن پر ۵؍ وکٹیں لیں۔  انہوں نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں ۵؍یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا  کارنامہ تیسری مرتبہ انجام دیا ۔ اگر جوزف کی گیندبازی پر  ۴؍ کیچ نہ چھوٹتے تو وہ اور بھی وکٹیں لے سکتے تھے، جن میں سے ۲؍ کیچ انہوں نے اپنی گیند بازی پر چھوڑے تھے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جوزف کی ۳۴؍ ٹیسٹ وکٹوں میں سے ۱۷؍آسٹریلوی بلے بازوں کی ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم پہلی اننگز میں محض ۵۶ء۱؍اوور میں ڈھیر ہو گئی — یہ ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر آسٹریلیا کا سب سے کم اسکور ہے جب انہوں نے پہلے بلے بازی کی ہو۔آسٹریلیا کی جانب سے صرف ۳؍ بلے باز ہی دوہرا ہندسہ عبور کر سکے۔ — ٹریوس ہیڈ (۵۹)، عثمان خواجہ (۴۷) اور کپتان پیٹ کمنز (۲۸)۔۴؍سال بعد ٹیسٹ میں واپسی کرنے والے ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر شائی ہوپ نے ۴؍کیچ لئے۔
  آسٹریلیا کے گیند بازوں نے تاہم میچ میں واپسی کی کامیاب کوشش کی جب مچل اسٹارک نے شروع میں ہی کریگ بریتھویٹ اور جان کیمپبیل کو آؤٹ کر کے میزبان ٹیم کا اسکور ۱۶؍رن پر ۲؍ وکٹ کر دیا۔ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دباؤ برقرار رکھا اور ایک ایک وکٹ حاصل کیا جس سے ویسٹ انڈیز کا اسکور ۵۷؍رن پر ۴؍وکٹ ہوگیا۔ اس میچ سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے برینڈن کنگ نے مشکل دن کا سامنا کیا۔ انہوں نے ۳؍ کیچ چھوڑے۔تاہم ویسٹ انڈیز کےلئے بلے بازی کرتے ہوئے انہوںنے اب تک ناٹ آؤٹ ۲۳؍رن بنالئے ہیں اور ٹیم کو ان سے بڑی اننگز کی امید رہےگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK