روہت شرما نے شاندار سنچری بنائی جبکہ وراٹ کوہلی نے بھی ہاف سنچری بناکر گزشتہ ۲؍میچوں کی ناکامی کی تلافی کر لی، ہندوستان نے کنگارو ٹیم کو ۹؍وکٹوں سے دھول چٹا دی، سیریز پر میزبان ٹیم کا قبضہ۔
EPAPER
Updated: October 26, 2025, 11:53 AM IST | New Delhi
روہت شرما نے شاندار سنچری بنائی جبکہ وراٹ کوہلی نے بھی ہاف سنچری بناکر گزشتہ ۲؍میچوں کی ناکامی کی تلافی کر لی، ہندوستان نے کنگارو ٹیم کو ۹؍وکٹوں سے دھول چٹا دی، سیریز پر میزبان ٹیم کا قبضہ۔
اپنے بین الاقوامی کریئر کے آخری مرحلے پر چل رہے سابق کپتانوں روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے سڈنی میں کھیلے گئے تیسرے یکروزہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ہندوستان کو فتح دلائی بلکہ کچھ دنوں کیلئے اپنے کریئر کو بھی آگے بڑھا لیا۔ ٹیم انڈیا نے میزبان آسٹریلیا کو بھلے ہی ۹؍ وکٹوں سے شکست دی ہو لیکن وہ ۳؍میچوں کی سیریز دو ایک سے ہار گئی۔
سابق کپتان روہت (ناٹ آؤٹ ۱۲۱) اور وراٹ (ناٹ آؤٹ ۷۴) کی دھماکے دار اننگز نے ان کے مداحوں کو ایک نئی امید دی ہے۔ ابتدائی ۲؍ میچوں میں کھاتہ بھی نہ کھول پانے والے وراٹ نے شاندار واپسی کی۔ روہت نے اپنی ۳۳؍ویں ون ڈے سنچری بنا کر کوہلی کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے۱۶۸؍رنوں کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس مقابلے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے ان کی اننگز ۴۶ء۴؍اوور میں ۲۳۶؍رنوں پر سمٹ گئی۔ میزبان ٹیم کیلئے میٹ رینشا نے سب سے زیادہ ۵۶؍ رن بنائے۔ ۲۳۷؍رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے ۶۹؍ گیندیں باقی رہتے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
روہت۔ کوہلی کی مستحکم بلے بازی
ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کپتانی سنبھالنے والے شبھ من گل کا بلا ایک بار پھر خاموش رہا۔ پہلے ون ڈے میں ۱۰؍ اور دوسرے میں ۹؍ رن بنانے والے گل ۲۶؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد روہت اور وراٹ(رو۔ کو) کی جوڑی نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے تجربے کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے یکروزہ میں نصف سنچری لگانے والے روہت شرما نے ۱۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے آسٹریلوی گیند بازوں کو پریشان کیا۔ کوہلی نے بھی ۷؍ چوکوں کی مدد سے اپنے ناقدین کا منہ بند کرنے کی کوشش کی۔ روہت نے ۱۲۵؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ۱۲۱؍رن بنائے جس میں ۱۳؍چوکے اور ۳؍چھکے شامل تھے۔ وہیں وراٹ کوہلی نے بھی اپنا فارم حاصل کرتے ہوئے۸۱؍گیندوں پر ۷۴؍رن بنائے۔ سڈنی کے میدان پر آسٹریلیائی گیند باز’رو۔ کو‘ کو روکنے میں ناکام رہے۔
ہرشت کی شاندار گیند بازی
ہندوستانی گیند بازوں نے پورے میچ میں شاندار کنٹرول برقرار رکھا۔ پہلے ۲؍ میچوں میں متاثر نہ کر پانے والے ہرشت رانا نے اس مقابلے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے تباہ کن گیند بازی کی۔ انہوں نے۳۹؍ رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے کے ابتدائی ۸؍ میچوں میں ۱۶؍ وکٹیں لے کر روی چندرن اشوین کی برابری کر لی۔ ان کے علاوہ واشنگٹن سندر نے ۴۴؍رن دے کر ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج، پرسدھ کرشنا، کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لئے۔
آسٹریلیائی بلے بازی ناکام
ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم کے بلے باز بڑی شراکتیں نبھانے میں ناکام رہے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر اسپنرز نے بیچ کے اوورز میں رنوں کے بہاؤ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ کپتان مچل مارش (۴۱) اور ٹریوس ہیڈ (۲۹) کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے۶۱؍ رن اور رینشا (۵۶) اور ایلکس کیری (۲۴) کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے ہوئی ۵۴؍ رنوں کی شراکت سے آسٹریلیا بڑے اسکور کی طرف بڑھتا ہوا نظر آ رہا تھا لیکن ٹیم ۲۳۶؍ رن پر ہی رک گئی۔
فیلڈنگ اور انجری
ہندوستان کی فیلڈنگ شاندار رہی اور اس کے کھلاڑیوں نے کچھ شاندار کیچ لئے۔ سندر کی گیند پر میتھیو شارٹ (۳۰) کو آؤٹ کرنے کیلئے کوہلی نے بیکورڈ پوائنٹ پر جو کیچ لیا، اسے بہترین ریفلیکس کیچ میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ شریاس ایر نے پیچھے دوڑتے ہوئے کیری کا شاندار کیچ پکڑا۔ اس دوران ان کی پسلی میں چوٹ لگ گئی۔ انہیں اسپتال لے جایا گیا اور وہ بعد میں فیلڈنگ کرنے نہیں آئے۔