• Sat, 21 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیائی ٹیم عثمان خواجہ کو فتح کا تحفہ دے کروداع کرنا چاہے گی

Updated: January 04, 2026, 11:31 AM IST | New Delhi

آج سے ایشیز سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کا آغاز، انگلینڈ یہ میچ جیتنے کےلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا نے کیلئے تیار۔

Australian batsman Usman Khawaja will want to make the last Test match of his career memorable. Photo: INN.
آسٹریلیائی بلے بازعثمان خواجہ کریئر کے آخری ٹیسٹ میچ کو یادگار بنانا چاہیں گے۔ تصویر: آئی این این۔

ایشیز ٹیسٹ سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ اتوار سے سڈنی میں شروع ہو رہا ہے۔ سیریز میں تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم جہاں جیت کے ساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہے گی، وہیں چوتھے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد خود اعتمادی سے پُر مہمان ٹیم انگلینڈ اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے میدان میں اترے گی۔ 
دریں اثنا آسٹریلیائی ٹیم کے اب تک کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک، عثمان خواجہ اپنے بین الاقوامی کریئرکا اختتام کر رہے ہیں۔ یہ ان کا پرانا ہوم گراؤنڈ ہوا کرتا تھا کیونکہ وہ ایس سی جی سے کچھ ہی فاصلے پر پلے بڑھے تھے۔ خاندان دوستوں اور اپنے پرانے گھریلو مداحوں کے سامنے وہ اسی انداز میں وداع لے رہے ہیں جیسا وہ چاہتے تھے۔ ان کا کریئر ایک مکمل دائرہ پورا کر چکا ہے۔ تقریباً ۱۵؍ سال پہلے اسی تاریخ کو انہوں نے اسی میدان پر ایشیز ٹیسٹ میں پہلی بار بلے بازی کی تھی۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ پانچواں ٹیسٹ جیت کر اپنے ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کو فتح کا تحفہ دیتے ہوئے انہیں وداع کریں۔ 
ایشیز کے اس سیزن میں آسٹریلیا شروع سے ہی انگلینڈ پر حاوی رہا ہے۔ میزبان ٹیم نے پہلے ۳؍ ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کو باآسانی شکست دی۔ پہلے اور دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے ۸۔ ۸؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے میچ میں مہمان ٹیم کو ۸۲؍رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان ۳؍ میچوں کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کیلئے اس دورے پر کچھ بھی مثبت نہیں بچا ہے، تاہم انہوں نے چوتھے ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے مبصرین کو حیران کر دیا تھا۔ صرف ۲؍ دن تک جاری رہنے والے اس ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ۴؍ وکٹوں سے ہرا دیا۔ ملبورن میں کھیلے گئے اس میچ کی پچ اپنی خرابی کی وجہ سے کافی بحث کا موضوع بنی رہی۔ اب سڈنی ٹیسٹ میں کرکٹ آسٹریلیا پر جہاں میچ کے بہتر انتظامات کی ذمہ داری ہوگی وہیں دونوں ٹیموں کے سامنے سیریز کا اختتام جیت کے ساتھ کرنے کا چیلنج ہوگا۔ 
رائفل بردار پولیس کا گشت
بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سڈنی میں ہونے والے اس پانچویں ٹیسٹ کے دوران رائفل بردار پولیس اہلکار گشت کریں گے۔ آسٹریلیا میں کھیلوں کے مقابلوں کے دوران شاذ و نادر ہی پولیس کو ایسی لمبی رائفلوں کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ شہر کے بونڈی بیچ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد سخت حفاظتی اقدامات کے تحت وردی پوش اور گھڑ سوار پولیس کے ساتھ ساتھ پبلک آرڈر اور رائٹ کنٹرول اسکواڈ (دنگا مخالف دستہ) کے افسران سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں میچ پر نظر رکھیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK