• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مسجد کے باہر یوسی سی کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی اپیل پرنوجوانوں کو پولیس نے روکا

Updated: November 07, 2026, 12:04 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Kurla

نہرو نگر پولیس کے اہلکاروں نے ۳؍ نوجوانوں کا نمبر لیا، بینر ہٹانے کو کہا اور انتباہ بھی دیا۔ پولیس کمشنر سے شکایت کی گئی۔

Outside Bilali Masjid in Kurla East, an appeal is being made via a banner to scan a QR code. Photo: INN
کرلا مشرق میں بلالی مسجد کے باہر بینرلے کرکیوآرکوڈ اسکین کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی ) کے تعلق سے بلالی مسجد نہرو نگر ، کرلا مشرق   کے باہر جمعہ کی نماز کےبعد کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی اپیل کی جارہی تھی ۔ اس دوران اپیل کرنے والے ۳؍ نوجوانوں کاپولیس اہلکار نے نمبر لیا،انہیںفوراً بینر ہٹانے اوراسکین کرنے کا عمل روکنے کو کہا۔ اتنا ہی نہیںان تینوں نوجوانوں کا نام پتہ وغیرہ بھی لکھا، ان کی تصویریں لیں اوریہ ہدایت دی کہ اگرپولیس اسٹیشن بلایا جائے تو آجائیں ۔ ان نوجوانوں کے نام محمد سہیل حلیم شیخ، ایوب خان اور ساحل یونس خان ہیں۔ یہ تفصیل رضااکیڈمی سے وابستہ ایان نام کے نوجوان نے نمائندۂ انقلاب کوبتائی اورخود نمائندے نے بھی ان سے بات چیت کی۔

ان شکایات کے بعدجب نمائندۂ انقلاب نے فون نمبر لینے والے منوہر تاگڑے نام کے پولیس اہلکار جس نے خود کو علاقے کی سطح پرخفیہ تفصیلات جمع کرنےوالا میل اسپیشل بتایا، سے سوال کیا تو اس نے کہاکہ ’’ اس نےنوجوانوں کو انتباہ نہیں دیا اورنہ ہی ان کو ڈانٹا یا ان کے کام سے روکا، اس نے تو محض  نمبرلئے اور ان نوجوانوں سے کہا کہ اگر کوئی ضرورت ہوگی تو مجھے فون کرلینا۔ مذکورہ پولیس اہلکار نے یہ صفائی بھی دی کہ ممکن ہے کہ اس کے کسی اور ساتھی نے مذکورہ نوجوانوں کوروکا یا ٹوکا ہو۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: شکست کے بعد ٹرمپ کو استعفوں کا سامنا، ہرمیت ڈھلون مستعفی

انقلاب نے مذکورہ پولیس اہلکار سے یہ بھی کہا کہ مشورے اور اعتراضات توخود مہاراشٹر حکومت نے منگوائے ہیں پھریہ کہ یہ کوئی دھرنا یا احتجاج نہیں کیا جارہا تھا نہ ہی سڑک پرمورچہ نکالا جارہا تھاکہ اس کے لئے پولیس سے پیشگی اجازت ضروری تھی۔اگر پولیس خود رکاوٹ ڈالے گی تو عوام کس طرح کیوآر کوڈ اسکین کرکے حکومت کواپنی رائے سے آگاہ کرائیں گے تو وہ پولیس اہلکار خاموش ہوگیا۔

اس تعلق سے رضا اکیڈمی کے سربراہ محمدسعید نوری نے ممبئی کے پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے رابطہ قائم کیا اور ان سے شکایت کی تو انہوں نے کہا کہ میںدیکھتا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK