Updated: April 21, 2026, 11:57 AM IST
|
Agency
| Mumbai
ببیتاشیوداسانی کپور، جو صرف ’ببیتا‘کے نام سے مشہور ہوئیں، ۲۰؍اپریل ۱۹۴۷ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد ان کا خاندان بمبئی منتقل ہو گیا۔ وہ مشہور کیریکٹر ایکٹر ہری شیوداسانی کی بیٹی ہیں۔
ایک باحوصلہ اداکارہ ببیتا- تصویر:آئی این این
ببیتاشیوداسانی کپور، جو صرف ’ببیتا‘کے نام سے مشہور ہوئیں، ۲۰؍اپریل ۱۹۴۷ءکو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد ان کا خاندان بمبئی منتقل ہو گیا۔ وہ مشہور کیریکٹر ایکٹر ہری شیوداسانی کی بیٹی ہیں۔ ان کی والدہ باربرا ایک برطانوی رومن کیتھولک تھیں، اس لیے ببیتا کرسمس اور ہندو تہوار دونوں مناتی تھیں۔مشہور اداکارہ سادھنا شیوداسانی ان کی چچا زاد بہن اور ہم عصر تھیں۔
ببیتا نے صرف۷؍سال کے مختصر کریئر میں ۱۹؍فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا۔کزن سادھنا کی کامیابی سے متاثر ہو کر انہوں نے فلموں کا رخ کیا۔ پہلی فلم دس لاکھ ۱۹۶۶ء میںکامیاب رہی، لیکن اصل پہچان راجیش کھنہ کے ساتھ راز ۱۹۶۷ءسےملی۔جتیندر کے ساتھ فرض ۱۹۶۷ءنے انہیں اسٹار بنا دیا۔ اس کے بعد حسینہ مان جائے گی ۱۹۶۸ءششی کپور کے ساتھ، قسمت ۱۹۶۸ءبسوجیت کے ساتھ، ایک شریمان ایک شریمتی ۱۹۶۹ء، ڈولی ۱۹۶۹ء، کب؟ کیوں؟ اور کہاں؟ ۱۹۷۰ء، کل آج اور کل ۱۹۷۱ء اور بن پھول ۱۹۷۱ءجیسی کامیاب فلمیں دیں۔
جتیندر کے ساتھ اولاد ۱۹۶۸ء، انمول موتی ۱۹۶۹ء،بن پھول ۱۹۷۱ء، شمی کپور کے ساتھ تم سے اچھا کون ہے۱۹۶۹ء، منوج کمار کے ساتھ پہچان ۱۹۷۰ء، اور دھرمیندر کے ساتھ کب؟ کیوں؟ اور کہاں؟ ۱۹۷۰ء کافی مشہور رہیں۔ ان پر فلمائے گئےآؤ حضور تم کو،کجرا محبت والا،بےخودی میں صنم،جان چلی جائے،آپ یہاں آئے کس لیے جیسے گانے آج بھی مقبول ہیں۔
۱۹۷۱ء کی فلم کل آج اور کل کےسیٹ پر ان کی ملاقات رندھیر کپورسےہوئی۔ یہ فلم خاص تھی کیونکہ اس میں۳؍نسلیں پرتھوی راج کپور، راج کپور اور رندھیر کپور ایک ساتھ کام کررہے تھے۔۶؍ نومبر ۱۹۷۱ءکو ببیتا اور رندھیر نے شادی کر لی۔ شادی کے بعد انہوں نے جیت ۱۹۷۲ء اور ایک حسینہ دو دیوانے ۱۹۷۲ء میں کام کیا۔۱۹۷۳ء میںانہوں نے گھر بسانے کے لیے فلموں میں کام کرنا چھوڑ دیا۔
ببیتا اور رندھیر کی دو بیٹیاں ہیں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور ہیں۔ ۸۰ءکی دہائی میں رندھیر کے کریئرمیں زوال اور مبینہ مسائل کی وجہ سےدونوں میں علیحدگی ہو گئی۔ ببیتا نےاکیلے ہی دونوں بیٹیوں کی پرورش کی اور انہیں فلموں میں لانے کی ہمت دی۔کپور خاندان میں ’بیٹیاں ہیروئن نہیں بنیں گی‘کا غیر تحریری اصول تھا، جسے ببیتا نے توڑا۔ان کی محنت رنگ لائی اور کرشمہ و کرینہ اپنے دور کی ٹاپ ہیروئنیں بنیں۔کرشمہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا’’آج میں جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں‘‘۔۱۹۸۸ءمیں الگ ہونے کے بعد ببیتا اور رندھیر ۲۰۰۷ءمیں دوبارہ ساتھ رہنے لگے۔
ببیتا کا کیریئر بھلے ہی مختصر رہا، لیکن انہوں نے ۶۰ءکے آخر اور ۷۰ءکے شروع کی کئی بڑی ہٹ فلموں میں کام کیا۔ ان کا اسٹائل، گلیمر اور اسکرین پریزنس آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ سب سے بڑھ کر، وہ ایک ایسی ماں کے طور پر جانی جاتی ہیں جنہوں نے روایت توڑ کر اپنی بیٹیوں کو سپر اسٹار بنایا۔