Updated: November 09, 2026, 4:28 PM IST
| Mumbai
اچھا کھانا بنانا اتنا مشکل کام نہیں جتنا عام طور پر سمجھا جاتا ہے۔ شوق اور توجہ کی مدد سے مشکل سے مشکل کام بھی آسان ہوجاتا ہے۔ بس اس مقصد کیلئے کچھ ترکیبوں پر عمل کرنا ضروری ہے جن کی مدد سے آپ کم وقت میں ایک ماہر شیف کی طرح بہترین کھانا بنا سکتی ہیں جس کی اہل ِ خانہ تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
کھانا پکاتے وقت پکوان کی تیاری پہلے سے کرلیں تاکہ کوئی کمی و بیشی نہ رہ جائے۔ تصویر: آئی این این
کھانا بنانا یوں تو سب خواتین ہی جانتی ہیں۔ لیکن یہ اور بات ہے کہ کسی کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا آن واحد میں چٹ ہوجاتا ہے جبکہ کچھ خواتین کا بنایا ہوا کھانا حلق سے اترتا ہی نہیں.... آپ یقیناً یہ ہرگز نہیں چاہیں گی کہ آپ کا شمار دوسری قسم کی خواتین میں کیا جائے کیونکہ وہ خاتونِ خانہ ہی کیا جس کے ہاتھ میں ذائقہ نہ ہو!
اچھا کھانا بنانا اتنا مشکل کام نہیں جتنا کہ عام طور پر نئی سیکھنے والی لڑکیاں سمجھتی ہیں۔ شوق اور توجہ کی مدد سے مشکل سے مشکل کام بھی آسان ہوجاتا ہے۔ لہٰذا جب لڑکیاں ہوائی جہاز اڑا سکتی ہیں اور خلا میں سفر کرسکتی ہیں تو اچھا کھانا کیوں نہیں پکا سکتیں؟ بس اس مقصد کے لئے کچھ ترکیبوں پر عمل کرنا ضروری ہے جن کی مدد سے آپ کم وقت میں ایک ماہر شیف کی طرح بہترین کھانا بنا سکتی ہیں۔ یوں تو گھر میں کوئی نہ کوئی دعوت ضرور ہوتی ہے اور پھر ایسے مواقع پر اپنے اہل ِ خانہ کی ضیافت بھی کچھ کم اہمیت کی حامل نہیں ہوتی۔ سو، آپ کے لئے یہاں تجاویز حاضر ہیں جو اس سلسلے میں آپ کی بھرپور مدد کریں گی:
کھانے کی پلاننگ پہلے سے کریں:
آپ جو کچھ پکانا چاہتی ہوں اس کا سارا انتظام ایک دن پہلے کرلیں۔ سب سے پہلے یہ طے کریں کہ کیا پکانا ہے۔ اس کے بعد مطلوبہ اشیاء کی فہرست بنا کر بازار سے چیزیں منگوا لیں تاکہ عین وقت پر کسی چیز کی کمی سے آپ کی ڈش خراب نہ ہو کیونکہ کھانا بنانے کا معاملہ کچھ ایسا ہے کہ جس میں کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں اور انیس بیس کا فرق یا محض ایک آنچ کی کمی و بیشی بھی آپ کی ڈش کو تباہ کرنے کے لئے کافی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نفیس، سادہ مگر شاہانہ انداز دینے والا لُک، خاص تقریب کیلئے عمدہ
تمام اجزاء کو ترتیب سے رکھ لیں:
آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ شیف کوئی بھی ڈش بنانے سے پہلے اس کی تیاری میں استعمال کئے جانے والے اجزاء کو اپنے سامنے ترتیب سے سجالیتے ہیں تاکہ کھانا بناتے وقت کسی چیز کی تلاش میں وقت نہ ضائع ہو یا بھول چوک کا امکان نہ رہے۔ لہٰذا کھانا بناتے وقت آپ بھی یہی ماہرانہ طریقہ اپنائیں اور تمام تر اجزاء کو ضرورت کے مطابق مقررہ مقدار میں ترتیب سے ڈالیں۔ یہی اچھا کھانا بنانے کا بنیادی گُر ہے۔
اپنی چھری ہمیشہ تیز رکھیں:
اچھا کھانا بنانے میں تیز چھری کا بہت اہم کردار ہے۔ لہٰذا اپنی چھریوں کو ہر دم تیز اور چمکتا ہوا رکھیں۔ کند چھری سے نہ صرف یہ کام مشکل ہوتا ہے بلکہ اس وجہ سے اکثر و بیشتر کوئی حادثہ پیش آنے کا امکان رہتا ہے۔ ہمیشہ اچھی کوالیٹی کی چھریاں خریدیں اور انہیں بہترین حالت میں رکھیں۔ بہتر ہوگا کہ چاقو چھریاں خریدنے کے لئے عام مارکیٹ کا رُخ کرنے کے بجائے مخصوص کچن شاپس سے ان کی خریداری کریں اور استعمال کے بعد انہیں اچھی طرح صاف کرکے رکھیں۔
سادہ ڈش بنائیں:
گھر والوں یا احباب پر اپنی کوکنگ کی دھاک بٹھانے کے لئے ضروری نہیں کہ آپ مشکل ترین اور شاہی قسم کی ان ڈشیز کا انتخاب کریں جو عام طور سے گھروں میں نہیں بنتیں۔ اچھا کھانا پکانے والا ہمیشہ سادہ کھانوں ہی کو اپنی مہارت سے ایسی لذت بخش دیتا ہے کہ وہ بہت خاص بن جاتی ہیں۔ سو، اگر آپ کھانا پکانا سیکھ رہی ہیں تو خاص طور سے سادہ ڈشیں بنائیں۔
تھوڑا ہی بہت ہے:
بیشتر خواتین جب اپنی کوکنگ سے لوگوں کو متاثر کرنا چاہتی ہیں تو ان کی کوشش یہ ہوتی ہے کہ ایک ہی وقت میں بہت ساری ڈشیز بنالیں اور کچن میں موجود سارے لوازمات استعمال کر ڈالیں۔ لیکن تعریف حاصل کرنے کے لئے ضروری نہیں کہ آپ بہت سے کھانے بنائیں کیونکہ اس طرح نہ تو آپ اپنی صلاحیتوں کو بہتر طور سے استعمال کرسکیں گی اور نہ ہی مہمان صحیح طور سے تمام کھانوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ لہٰذا چند ڈشیز پر ہی اپنی توجہ مرکوز رکھیں تو زیادہ بہتر نتائج حاصل کر پائیں گی۔
مشق ضروری ہے:
اچھے شیف کی یہ نشانی ہے کہ وہ اس وقت تک کسی ڈش کی مشق کرتا رہتا ہے جب تک کہ اسے بنانے میں مہارت حاصل نہ کرلے۔ اس لئے اگر آپ بھی کوئی ڈش بنانے میں مہارت حاصل کرنا چاہتی ہیں تو بار بار اسے بنائیں۔ بنانے کے بعد چکھیں، اگر کوئی کمی رہ جائے تو اسے نوٹ کریں اور دوبارہ بنانے کے لئے کمر کس لیں۔
پہلے خود چکھیں:
کھانے پکانے کی بہترین تراکیب پر عمل کرنے، بہترین اجزاء، برتن اور مشینیں استعمال کرنے کے باوجود جو چیز صحیح معنوں میں آپ کی رہنمائی کرتی ہے وہ ہے آپ کی اپنی زبان کا ذائقہ.... لہٰذا کھانا پیش کرنے سے پہلے ضرور چکھیں۔ کیونکہ کبھی کبھی محض ایک چٹکی نمک یا ذرا سی سیاہ مرچ کا اضافہ بھی عام کھانے کا خاص بنا دیتا ہے۔ یوں رفتہ رفتہ آپ ہر قسم کے کھانے بنانے میں ماہر ہوجائیں گی۔n