ممبئی میں اکثر لوگ فلک بوس عمارتوں کے اوپری منزلوں پر گھر خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں جہاں سے پورے شہر کا بہترین نظارہ کیا جاسکتا ہے اور اونچائی کو آلودگی سے پاک تصور کیا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 4:16 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ممبئی میں اکثر لوگ فلک بوس عمارتوں کے اوپری منزلوں پر گھر خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں جہاں سے پورے شہر کا بہترین نظارہ کیا جاسکتا ہے اور اونچائی کو آلودگی سے پاک تصور کیا جاتا ہے۔
ممبئی میں اکثر لوگ فلک بوس عمارتوں کے اوپری منزلوں پر گھر خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں جہاں سے پورے شہر کا بہترین نظارہ کیا جاسکتا ہے اور اونچائی کو آلودگی سے پاک تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم ماحولیات کیلئے کام کرنے والی ایک تنظیم نے اپنے ایک مطالعہ میں انکشاف کیا ہے کہ ممبئی کی فلک بوس عمارتوں کے اوپری منزلوں پر نیچے کے منزلوں کے مقابلے تقریباً ۴۰؍ فیصد زیادہ آلودگی پائی گئی ہے۔
’ممبئی ایکولوجیکل ریسرچ اینڈ اینالائزز گروپ(ایم ای آر اے جی)‘ نے وڈالا میں واقع کثیر منزلہ عمارتوں اور کمپلیکس کا فروری سے مئی ۲۰۲۶ء کے درمیان مطالعہ کیا تھا۔اس مطالعہ میں عمارتوں کی مختلف اونچائیوں پر آلودگی کی سطح کی پیمائش کی گئی تھی تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ مختلف اونچائیوں پر آلودگی کتنی ہوتی ہے۔
اس مطالعہ میں متذکرہ تنظیم کے نمائندوں نے آلودگی کی پیمائش، ہوا کے بہائو، فضاء میں موجود باریک ذرات اس طرح مختلف آلات کی مدد سے آلودگی کی لگاتار ۴؍ مہینوں تک نگرانی کی تھی۔
اگرچہ عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ زمین پر ٹریفک سے دور زیادہ اونچائی پر آلودگی کم ہوتی ہوگی ،تاہم اس مطالعہ میں حیرت انگیز طور پر یہ بات سامنے آئی کہ اونچائی پر واقع منزلوں پر نیچے کے مقابلے زیادہ آلودگی پائی گئی۔ مختلف منزلوں پر نصب آلات میں ریکارڈ ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر بتایا گیا ہے کہ اونچائی پر واقع منزلوں پر نیچے کے مقابلے ۴۰؍ فیصد تک زیادہ آلودگی پائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یو سی سی کے تعلق سے سکھ تنظیم کے ذمہ داران نے تعاون کا یقین دلایا
متذکرہ مطالعہ کے تعلق سے ایسا اندازہ کیا جارہا ہے کہ اوپری منزلوں پر زیادہ آلودگی کی وجہ دور دراز علاقوں میں واقع انڈسٹریز کی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں ہوسکتا ہے جو ہوا کے ساتھ افقی طور پر بہتا ہوا شہر میں داخل ہوجاتا ہے۔ہوا کے بہائو کی وجہ سے چمنیوں سے نکلنے والا دھواں زمین کی طرف نہیں جاتا اور اوپری حصوں میں موجود رہتا ہے۔ اس کی ایک دیگر وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ فلک بوس عمارتوں کی بھیڑ کے درمیان ہوا اسی علاقے میں گھومتی رہ جاتی ہے جس کی وجہ سے دھول، مٹی اور فضاء میں موجود آلودگی بھی ان عمارتوں کے درمیان سے باہر نہیں نکل پاتیں ۔
’ایم ای آر اے جی‘ سے وابستہ ایک نمائندے نے اس تعلق سے بیان دیا ہے کہ انہوں نے اس ریسرچ کیلئے دوسرے منزلے سے لے کر ۲۶؍ویں منزلے تک سینسر اور آلات نصب کئے تھے۔ ان آلات نے جو اعداد و شمار ریکارڈ کئے ہیں، ان سے صاف پتہ چلتا ہے کہ جیسے جیسے اوپری منزلوں پر جائیں ویسے ویسے آلودگی کی سطح بھی بڑھتی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر مزید اوپر کے منزلوں پر آلات نصب کئے جائیں تو آلودگی کی سطح مزید بڑھ جائے گی۔