• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار کی جامعات میں وائس چانسلروں کی تقرری پر سوال؟

Updated: November 09, 2026, 4:42 PM IST | Professor Mushtaq Ahmed | Mumbai

حکومت بہار اور لوک بھون کو یہ بھی یقینی بنانا چاہئے کہ وائس چانسلروں کی تقرری کے عمل کے تمام مراحل میں یکساں اصول اختیار کئے گئے ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
بہار میں اعلیٰ تعلیم کا منظرنامہ ان دنوں ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں یونیورسٹیوں کی انتظامی قیادت کا سوال محض چند عہدوں پر تقرری کا معاملہ نہیں رہ گیا ہے بلکہ یہ ریاست کے علمی مستقبل، تعلیمی خودمختاری اور جمہوری اداروں کی ساکھ سے جڑا ہوا ایک بنیادی سوال بن گیا ہے۔ لوک بھون، جو ریاست میں جامعات کے اعلیٰ انتظامی معاملات اور آئینی نگرانی کا ایک اہم مرکز ہے۔ واضح ہو کہ اِن دنوں دس یونیورسٹیوں میں وائس چانسلروں اور پرو وائس چانسلروں کی تقرری کے عمل کی وجہ سے موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان آسامیوں کیلئے ۸؍ ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، لیکن انٹرویو کیلئے امیدواروں کی محدود تعداد کو مدعو کئے جانے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ اگر یہ تعداد ۱۰؍ سے ۲۰؍ امیدواروں تک محدود ہے تو فطری طور پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہزاروں درخواستوں میں سے ان امیدواروں کا انتخاب کن معیارات اور کن علمی و انتظامی پیمانوں کی بنیاد پر کیا گیا؟ کیا امیدواروں کی ابتدائی چھان بین کیلئے کوئی واضح اور قابلِ اعتماد نظام اختیار کیا گیا ہے؟ کیا اس عمل میں تعلیمی قابلیت، تحقیقی خدمات، انتظامی تجربے اور ادارہ جاتی وژن کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے؟ یا پھر کوئی ایسا غیر اعلانیہ پیمانہ بھی کارفرما ہے جس کی وضاحت ضروری ہے؟ یہ سوالات کسی فرد یا ادارے پر الزام عائد کرنے کیلئے نہیں بلکہ اس لئے اہم ہیں کہ وائس چانسلر کا منصب ایک ایسی علمی ذمہ داری ہے جس کے اثرات آنے والی نسلوں کے فکری، تہذیبی اور علمی ارتقا تک پہنچتے ہیں۔
یہاں ایک بنیادی نکتہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ۸؍ ہزار درخواستوں کا موصول ہونا بذاتِ خود کسی غیر معمولی صورتحال کی علامت نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم سے وابستہ تجربہ کار اور اہل افراد کی ایک بڑی تعداد یونیورسٹیوں کی قیادت کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امیدواروں کا تعلق ملک کی ۲۸؍ ریاستوں سے ہے۔ ان میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم، این آئی ٹی اور مختلف قومی تحقیقی اداروں سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔ ایسے میں بہار کیلئے یہ ایک غیر معمولی موقع ہے کہ وہ ملک کے بہترین علمی و انتظامی دماغوں کو اپنی جامعات کی قیادت کیلئے منتخب کرے لیکن موقع اسی وقت نعمت میں تبدیل ہوگا جب انتخاب کا عمل غیر جانبدار، شفاف اور میرٹ پر مبنی ہو۔
 
 
اگر ہزاروں امیدواروں میں سے چند درجن افراد ہی انٹرویو تک پہنچتے ہیں تو اس مختصر فہرست کی بنیاد اور اس کے انتخابی پیمانے عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔ یہ ضروری نہیں کہ ہر درخواست گزار انٹرویو کا اہل ہو کیونکہ ابتدائی چھان بین کسی بھی انتخابی عمل کا لازمی حصہ ہے۔ تاہم، یہ ضروری ہے کہ اس چھان بین کے معیارات واضح ہوں۔ امیدواروں کی تحقیقی خدمات، علمی تصانیف، تدریسی تجربے، انتظامی صلاحیت، قومی و بین الاقوامی علمی سرگرمیوں اور یونیورسٹی کے مستقبل کے بارے میں ان کے وژن کو کس تناسب سے اہمیت دی گئی ہے، اس کی وضاحت ہونی چاہئے۔ ایک وائس چانسلر کی اہلیت صرف اس کی انتظامی صلاحیت سے متعین نہیں ہوتی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ وہ علم کی دنیا میں اپنی ایک شناخت رکھتا ہو، تحقیق کی اہمیت سمجھتا ہو، اساتذہ کی علمی آزادی کا احترام کرتا ہو اور طلبہ کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھتا ہو۔ یونیورسٹی کسی ضلع کے انتظامی دفتر کی توسیع نہیں ہوتی کہ وہاں حکم چلانے والے شخص کو سربراہ بنا دیا جائے۔ یہ ایک آزاد علمی اور تہذیبی ادارہ ہے جہاں سوال اٹھانے، اختلاف کرنے، تحقیق کرنے اور نئے خیالات کو جنم دینے کی آزادی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
اسی تناظر میں گورنر اور ریاست کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے تعلق کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے۔ موجودہ گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطاء حسنین ایک تجربہ کار فوجی شخصیت ہیں اور ریاست کے آئینی سربراہ ہونے کے ساتھ جامعات کے چانسلر بھی ہیں۔ ان سے یہ توقع بجا ہے کہ وہ یونیورسٹیوں کو انتظامی جمود سے نکالنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے غیر معمولی اقدامات کریں گے۔ لیکن کسی بھی اصلاحاتی عمل کی اصل کامیابی اس کے نتائج سے متعین ہوتی ہے، نہ کہ صرف اس کے اعلانات سے۔ اس دوران گورنر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری دیپک کمار سنگھ کے تبادلے نے بھی مختلف حلقوں میں بحث کو جنم دیا ہے۔ ۴؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری ہونے والی تبادلے کی اطلاعات کے مطابق انہیں گورنر سیکریٹریٹ سے ہٹا کر بہار اسٹیٹ پلاننگ کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ کسی افسر کا تبادلہ حکومت کا انتظامی اختیار ہے اور محض تبادلے کو کسی تنازع یا اختلاف کا ثبوت قرار نہیں دیا جاسکتا۔ لیکن جب ایسا تبادلہ یونیورسٹیوں میں اعلیٰ سطح کی تقرریوں کے حساس مرحلے میں سامنے آئے تو عوامی حلقوں میں سوالات پیدا ہونا فطری ہے۔ کیا اس تبدیلی کا جاری انتخابی عمل سے کوئی تعلق ہے؟ کیا یہ محض معمول کی انتظامی تبدیلی ہے؟ یا اس کے پس منظر میں کوئی اور انتظامی صورتحال کارفرما ہے؟ ان سوالات کا جواب قیاس آرائی سے نہیں بلکہ متعلقہ حکام کی وضاحت سے ملنا چاہئے۔ جمہوری نظام میں شفافیت صرف تقرریوں تک محدود نہیں ہوتی بلکہ ان فیصلوں کے بارے میں عوام کو اعتماد میں لینا بھی اس کا حصہ ہے۔ اس پورے معاملے کا ایک زیادہ اہم اور حساس پہلو یونیورسٹیوں میں نظریاتی وابستگیوں کا بڑھتا ہوا اثر ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ملک کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اہم انتظامی اور علمی عہدوں پر ہونے والی تقرریوں کے حوالے سے یہ بحث مسلسل سامنے آتی رہی ہے کہ کہیں علمی قابلیت کے مقابلے میں مخصوص نظریاتی رجحانات اور سیاسی قربت کو زیادہ اہمیت تو نہیں دی جا رہی۔ بہار بھی اس بحث سے الگ نہیں ہے۔
یونیورسٹیوں کی اپنی ایک تہذیبی اور علمی شناخت ہوتی ہے۔ ان کی شناخت کسی ایک سیاسی جماعت، نظریاتی گروہ یا مخصوص فکری مکتب سے نہیں بنتی بلکہ مختلف افکار، تہذیبوں، زبانوں، مذاہب اور علمی روایتوں کے باہمی تعامل سے تشکیل پاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک حقیقی یونیورسٹی اپنے اندر اختلافِ رائے کو جگہ دیتی ہے۔ وہاں کسی استاد کی علمی حیثیت اس کی سیاسی یا نظریاتی وابستگی سے نہیں بلکہ اس کے علم، تحقیق اور تدریسی خدمات سے متعین ہوتی ہے۔ اگر کسی یونیورسٹی کے سربراہ کی تقرری کا بنیادی پیمانہ اس کی علمی قابلیت کے بجائے اس کی نظریاتی قربت بن جائے تو اس ادارے کا علمی ماحول متاثر ہونا ناگزیر ہے۔ اس کا نقصان صرف اساتذہ یا محققین تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات طلبہ کی فکری تربیت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
یاد رکھنا چاہئے کہ یونیورسٹی کی علمی شناخت ایک طویل تہذیبی اور فکری سفر سے تشکیل پاتی ہے۔ اس شناخت کو مسخ کرنا آسان ہے، مگر اسے دوبارہ قائم کرنا کئی نسلوں کی محنت کی طلبگارہوتی ہے۔بہار کی یونیورسٹیوں کو محض نئے وائس چانسلروں کی نہیں بلکہ نئی علمی بصیرت، آزادانہ فکر اور غیر جانبدار تعلیمی قیادت کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK