پہلے یکروزہ میچ میں شانتو اثور مشفق الرحیم کی شاندار بلے بازی،مہمان ٹیم کو ۶؍وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
EPAPER
Updated: March 15, 2024, 9:44 AM IST | Agency | Chattogram
پہلے یکروزہ میچ میں شانتو اثور مشفق الرحیم کی شاندار بلے بازی،مہمان ٹیم کو ۶؍وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شانتو کی ۱۲۲؍رنوں کی ناٹ آؤٹ سنچری اور مشفق الرحیم کی ۷۳؍رنوں کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ۳؍میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔
۲۵۶؍رنوں کے تعاقب میں اترنے والے بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ۲۳؍رنوں کے اسکور پر اس کی ۳؍ وکٹیں گر گئیں۔ لٹن کمار داس صفر، سومیا سرکار ۳؍، محمد توحید ہردوئے ۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ محمود اللہ چوتھی وکٹ کے طور پر ۳۷؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شانتو اور مشفق الرحیم نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور پانچویں وکٹ کیلئے۱۶۵؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ شانتو نے ۱۲۹؍گیندوں میں ۱۳؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۲۲؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہیں مشفق الرحیم نے ۸۴؍گیندوں پر ۸؍ چوکوں کی مدد سے ۷۳؍رن بنائے۔ بنگلہ دیش نے ۴۴ء۴؍ اوور میں ۴؍ وکٹوں پر ۲۵۷؍رن بنانے کے بعد یہ میچ۶؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرمود مدوشن اور لاہیرو کمارا نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نسانکا اور اویشکا فرنینڈو نے مل کر پہلی وکٹ کیلئے ۷۱؍رن جوڑے۔ فرنینڈو ۳۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نسانکا بھی ۳۶؍رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ سماراویکراما ۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ چرتھ اسالنکا ۱۸؍رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کوسل مینڈس اور لیانج نے شاندار بلے بازی کی اور نصف سنچری اننگز کھیلی۔ کوسل مینڈس نے ۷۵؍ گیندوں پر ۵۹؍رن بنائے۔ اس اننگز کے ساتھ انہوں نے ایشیائی سرزمین پر اپنے ۲۵۰۰؍رن بھی مکمل کر لئے۔ لیانج نے ۶۹؍ گیندوں میں ۶۷؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کے ون ڈے کریئر کی تیسری نصف سنچری ہے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم ۴۸ء۵؍اوور میں ۲۵۵؍رن بنا سکی۔ بنگلہ دیش کیلئے شرف الاسلام، تسکین احمد اور تنظیم حسن نے ۳۔ ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔