پہلی بار ٹی۔ ۲۰؍سیریز میں ہرادیا، تنزیدحسن کی جارحانہ بلے بازی
EPAPER
Updated: July 18, 2025, 1:02 PM IST | Dhaka
پہلی بار ٹی۔ ۲۰؍سیریز میں ہرادیا، تنزیدحسن کی جارحانہ بلے بازی
بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ۳؍ ٹی۔ ۲۰؍ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلا موقع ہے جب بنگلہ دیش نے کسی ٹی۔ ۲۰؍سیریز میں سری لنکا کو ہرایا ہے۔
سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۷؍وکٹوں کے نقصان پر صرف ۱۳۲؍رن بنائے تھے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف۲؍ وکٹیں گنوا کر ہدف حاصل کر لیا اور ۸؍وکٹوں سے یہ مقابلہ جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔
بنگلہ دیش نے پہلی بار ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز میں سری لنکا کو شکست دی ہے۔ لٹن داس کی کپتانی میں بنگلہ دیش نے یہ قابل ذکر کارنامہ انجام دیا۔ میچ میں سری لنکا کی جانب سے پتھم نسانکا نے سب سے زیادہ ۴۶؍رن بنائے جبکہ آخر میں داسن شناکا نے ۳۵؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کامیندو مینڈس نے بھی ۲۱؍رنوں کا تعاون دیا تاہم سری لنکا کے دیگر بلے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
۱۳۳؍رنوں کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی شروعات شاندار رہی۔ اگرچہ اوپنر پرویز حسن ایمن صفر پر آؤٹ ہو گئےجس سے کچھ دیرکیلئے محسوس ہوا کہ بنگلہ دیش کے لیے یہ میچ مشکل ہو سکتا ہے لیکن تنزید حسن نے طوفانی اننگز کھیل کر سری لنکا کی ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ تنزید حسن نے ۴۷؍گیندوں پر ۷۳؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور ۶؍ چھکے شامل تھے۔ کپتان لٹن داس نے بھی ۲۶؍ گیندوں پر ۳۲؍رن بنائے جس میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کے علاوہ، توفید ہردوئی بھی ایک چوکے اور ایک چھکےکی مدد سے ناٹ آؤٹ ۲۷؍رن بنائے۔