Inquilab Logo

بارسلونا کے اسٹار لیونل میسی نئے ارب پتی کلب میں شامل

Updated: September 17, 2020, 11:21 AM IST | Agency | Paris

فٹبالرس میں ارجنٹائنا سے تعلق رکھنے والے میسی نے کرسٹیانورونالڈو کو پیچھے کردیا۔ فارورڈ کھلاڑی نے اب تک ایک بلین ڈالر کما لیا ہے

Lionel Messi. Picture:INN
لیونل میسی ۔ تصویر: آئی این این

 فٹبال کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے نیا کلب جوائن کر لیا ہے۔ وہ ارب پتی کھلاڑیوں کے کلب میں بھی شامل ہو گئے ہیں۔ ارجنٹائنا سے تعلق رکھنے والے ایف سی بارسلونا کے یہ فارورڈ کھلاڑی اب تک ایک بلین ڈالر سے زائد کما چکے ہیں۔ امریکی جریدے `’فوربس‘ کے مطابق میسی اب تک۸۴۰؍ ملین یورو یا ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم کما چکے ہیں۔ وہ صرف اس سال ہی۱۲۶؍ ملین ڈالر کمائیں گے  جن میں سے۹۲؍ ملین ڈالر انہیں ہسپانوی فٹبال کلب ایف سی بارسلونا کی طرف سے کھیلنے کی وجہ سے ملیں گے۔ یہی نہیں انہیں رواں برس مختلف اداروں کے ساتھ کمرشل اسپانسرشپ معاہدوں کی وجہ سے بھی تقریباً ۳۴؍ ملین ڈالر کی آمدنی ہو گی۔ `’فوربس‘ نے لکھا ہے کہ لیونل میسی دنیا کے ایسے صرف چوتھے کھلاڑی ہیں، جو ایک اسپورٹس مین کے طور پر اپنے کریئر کے دوران ہی کھیل سے ہونے والی آمدنی کے باعث ارب پتی بنے ہیں۔ ان سے پہلے اتنی زیادہ مالی کامیابی حاصل کرنے والے ۳؍ کھلاڑیوں میں سے ۲؍ کا تعلق امریکہ سے تھا اور ایک کا پرتگال سے۔ ان امریکی کھلاڑیوں میں سے ایک عالمی شہرت یافتہ گولفر ٹائیگر ووڈس تھے اور دوسرے باکسنگ کے پیشہ ور چمپئن کھلاڑی فلوئڈ مے ویدر۔ میسی سے پہلے ارب پتی بننے والے فٹبالر پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو تھے جو کھیل کے میدان میں میسی کے اہم ترین حریفوں میں شمار کئے  جاتے ہیں۔ باسکٹ بال کے لیجنڈ  سمجھے جانے والے امریکی کھلاڑی مائیکل جارڈن بھی ارب پتی تو بن گئے تھے مگر انہوں نے یہ منفرد اعزاز ایک پیشہ ور باسکٹ بالر کے طور پر اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کیا تھا۔تب ان کی دولت میں بہت زیادہ اضافے کا سبب کھیلوں کا سامان تیار کرنے والی کمپنی نائیکی کے ساتھ کمرشل معاہدہ اور امریکی این بی اے کی باسکٹ بال ٹیم شارلٹ ہورنیٹس کو خرید لینا بنے تھے۔ اس وقت۳۳؍ سالہ میسی گزشتہ ۲۰؍ سال سے اسپین میں ایف سی بارسلونا کیلئے کھیل رہے ہیں۔ ’`فوربس‘ کی سب سے زیادہ آمدنی والے فٹبالروں کی تازہ ترین فہرست کے مطابق اس سال دنیا کے ۱۰؍ مہنگے ترین فٹبال کھلاڑی مجموعی طور پر۵۷۰؍ملین یورو کمائیں گے۔ یہ رقم گزشتہ سیزن کے مقابلے میں۱۱؍ فیصد زیادہ   ہے۔ بارسلونا فٹبال کلب کے اسٹار لیونل میسی کے  علاوہ فوربس کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پرتگال اور یووینٹس فٹبال کی نمائندگی کرنے والے کرسٹیانو رونالڈو موجود ہیں جن کی آمدنی۱۱۷؍ ملین ڈالر ہے۔تیسری پوزیشن برازیل کے نیمار کی ہے جن کی رواں سال کی آمدنی۹۶؍ ملین ڈالر ہے جب کہ فرانس کے کائلیان ایمباپے۴۲؍ ملین ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ رواں سال آمدنی کے لحاظ سے مصر کے اسٹرائیکر محمد صلاح ۳۷؍ ملین ڈالر کے ساتھ ۵؍ویں پوزیشن پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK