Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارسلونا کی کامیابی، یمال زخمی، لا لیگا میں نو پوائنٹس کی برتری برقرار

Updated: April 23, 2026, 8:02 PM IST | Barcelona

ایف سی بارسلونا نے سیلٹا ویگو کو ۰۔۱؍گول سے شکست دے کر لا لیگا میں ریئل میڈرڈ پر اپنی نو پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی، تاہم اس فتح کے دوران الامین یمال انجری کا شکار ہو گئے۔

lamine Jamal.Photo:X
الامین جمال۔ تصویر:ایکس

ایف سی بارسلونا نے سیلٹا ویگو کو  ۰۔۱؍گول سے شکست دے کر لا لیگا میں ریئل میڈرڈ پر اپنی نو پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی، تاہم اس فتح کے دوران الامین یمال انجری کا شکار ہو گئے۔  میچ کے پہلے ہاف میں سیلٹا ویگو نے کاؤنٹر اٹیک کے ذریعے بارسلونا کو مشکلات میں ڈالے رکھا، لیکن یامال نے شاندار ڈرِبلنگ کرتے ہوئے دفاع کو چیر کر پنالٹی حاصل کی۔ انہوں نے خود ہی اس پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا، تاہم شاٹ لگاتے وقت ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے اور میدان چھوڑنا پڑا۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم میں طبی ایمرجنسی کے باعث کھیل کو تقریباً ۱۵؍ منٹ کے لیے روکنا بھی پڑا۔ دوسرے ہاف میں فیران ٹوریس کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔ دوسری جانب، اٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایلچے کے خلاف ۲۔۳؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ایلچے ریلیگیشن زون سے باہر آ گیا۔ نکولاس گونزالیز نے اٹلیٹیکو کے لیے دو گول کیے، جبکہ آندرے سلوا نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
دیگر مقابلوں میں ریئل میڈرڈ نے الاویس کو ۱۔۲؍ سے شکست دی، ریئل بیٹس نے گیرونا کو۲۔۳؍گول  سے ہرایا، جبکہ ایتھلیٹک کلب اور اوساسونا کے درمیان میچ ۱۔۱؍گول سے برابر رہا۔ مالورکا اور والینسیا کا مقابلہ بھی ۱۔۱؍گول سے ڈرا ختم ہوا  جبکہ گیٹافے نے ریئل سوسیڈاد کو ۰۔۱؍گول سے شکست دے کر چھٹی پوزیشن حاصل کر لی۔


سرج  نابری ورلڈ کپ سے باہر، جرمنی کو بڑا دھچکا
 جرمنی کے مڈفیلڈر سرج نابری ران کے پٹھے کی انجری کے باعث فیفا ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں، جو امریکہ، میکسیکو اورکنیڈا میں منعقد ہوگا۔ ۳۰؍ سالہ نابری، جولین ناگلزمن کے منصوبوں کا اہم حصہ تھے، لیکن انہوں نے سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ اب وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:کانز کریٹکس ویک ۲۰۲۶ء: پائل کپاڈیہ جیوری کی صدر مقرر

سرج نابری نے کہاکہ ’’ڈی ایف بی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے کا میرا خواب بدقسمتی سے ختم ہو گیا ہے، گزشتہ چند دن میرے لیے بہت مشکل رہے ہیں۔‘‘ بائرن میونخ نے بھی اس انجری کی تصدیق کی تھی، جو اسٹٹگارٹ کے خلاف میچ سے قبل آخری ٹریننگ سیشن کے دوران پنالٹی کی مشق کرتے ہوئے پیش آئی۔

یہ بھی پڑھئے:مچل اسٹارک کو آئی پی ایل واپسی کی اجازت، دہلی کیپیٹلز سے جلد وابستہ ہوں گے


یہ نقصان نہ صرف میونخ بلکہ جرمنی کی قومی ٹیم کے لیے بھی بڑا دھچکا ہے، کیونکہ نابری ٹیم کے مستقل کھلاڑی اور اہم اٹیکنگ آپشن تھے، جو فلورین ورٹز، جمال موسیالا اور کائی ہاورٹس کے ساتھ کلیدی کردار ادا کر رہے تھے۔ جرمن کوچ ناگلزمن نے کہا کہ یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے اور ٹیم ان کی بحالی میں مکمل تعاون کرے گی۔ نابری نے کہا کہ اب وہ اپنی ری ہیبلیٹیشن پر توجہ دیں گے اور پری سیزن تک واپسی کا ہدف رکھیں گے، جبکہ ورلڈ کپ کے دوران گھر سے ٹیم کی حمایت کریں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں موسیالا پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ لیروئے سانے اور نوجوان لینارٹ کارل کو زیادہ مواقع ملنے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK