Updated: November 12, 2025, 12:42 PM IST
|
Agency
| Adelaide
کپتان جارجیا ویرہم (۲؍ وکٹ/۵۸؍ رن) کی قیادت میں ملبورن رینیگیڈز نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈر کو چار وکٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
ملبورن رینیگیڈز کے کھلاڑی۔ تصویر: آئی این این
کپتان جارجیا ویرہم (۲؍ وکٹ/۵۸؍ رن) کی قیادت میں ملبورن رینیگیڈز نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈر کو چار وکٹ سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ زخمی سوفی مولینکس کی جگہ کھیلتے ہوئے ویرہم نے۱۴۹؍ کے تعاقب کے دوران ۳۲؍گیندوں پر۵۸؍ رن بنائے۔ لیگ اسپنر نے ۲۵؍رنوں کے عوض ۲؍ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ویرہم نے صرف دو دن قبل برسبین ہیٹ کے خلاف بلے اور گیند دونوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اورانہوں نے اس میچ میں بھی اپنی کارکردگی کو دہرایا۔
میچ کے دوران کئی بار بارش ہوئی تاہم کھلاڑی کھیلتے رہے۔ تھنڈر نے اپنے۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹ پر۱۴۸؍رن بنائے۔ جواب میں ہدف کا تعاقب کرنے والی رینیگیڈز ایک موقع پر مشکلات کا شکار ہو گئی اور۷۳؍ رنز پر ۵؍ وکٹیں گنوا دیں۔ ایسی نازک صورتحال میں ویرہم اور نکول فالٹم(۲۶؍ گیندوں پر۳۷؍ رنز) نے میچ جیتنے والی شراکت قائم کی، جس سے میزبان ٹیم کو۱۱؍ گیندیں باقی رہ کر میچ جیتنے میں مدد ملی۔
اس سے قبل، تھنڈر نے جارجیا وول(۲۶) اور تہلیا ولسن (۳۰)کے ذریعے اچھی شروعات کی۔ دونوں بلے بازوں نے پہلے وکٹ کیلئے ۶۰؍ رن جوڑے۔ اس کے بعدوہ ۷۹؍ رن پر چار وکٹیں گنوا بیٹھے۔
ویرہم نے ۴؍ درست اوورز کرائے، تھنڈر کے خطرناک کپتان فوبی لیچ فیلڈ کو صرف۱۲؍ رن پر آؤٹ کیا۔ آخری اوورز میں ہیدر نائٹ اور انیکا لائیڈ کی پاور ہٹنگ نے مہمانوں کو ایک معقول ٹوٹل دیا۔ ملبورن رینیگیڈز کی جانب سے ڈینڈرا ڈوٹن اور جارجیا ویرہم نے۲-۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ملی ایلنگ ورتھ، ٹیس فلنٹوف اور ایلس کیپسی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔