Inquilab Logo

بی سی سی آئی نے پنت کو آئی پی ایل کیلئے ہری جھنڈی دکھائی

Updated: March 12, 2024, 8:47 PM IST | Mumbai

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی فٹنیس اور میڈیکل ٹیموں نے رشبھ پنت کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۴ء میں دہلی کیپٹلس کے لئے وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر کھیلنے کی منظوری دے دی ہے

Rishabh Pant. Photo:PTI
رشبھ پنت۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

  بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی فٹنیس اور میڈیکل ٹیموں نے رشبھ پنت کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۴ء میں دہلی کیپٹلس کے لئے  وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر کھیلنے کی منظوری دے دی ہے۔ وہیں محمد سمیع اور پرسدھ کرشنا چوٹ اور سرجری کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ پرسدھ کرشنا، جن کی ۲۳؍ فروری ۲۰۲۴ءکو اپنے بائیں قریبی کواڈریسیپس ٹینڈن کی سرجری ہوئی تھی، بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنی صحت یابی شروع کرنے کیلئے  تیار ہیں۔ محمد سمیع  کی واپسی کی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہے، جنہوں نے حال ہی میں ایڑی کی تکلیف کیلئے  سرجری کروائی ہے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ان کی صحت کی پیش رفت کی نگرانی کر رہی ہے۔
پنت کے بارے میں یہ  اطلاع  بی سی سی آئی سکریٹری جے شاہ کے بیان کے ٹھیک ایک دن بعد آئی  ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پنت `اچھی بلے بازی اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں  اور وہ جون میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کیلئے  ہندوستانی ٹیم میں جگہ کے دعویدار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ ہمارے لئے  ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں تو یہ ہمارے لئے  بڑی بات ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ’’اگر وہ کیپنگ کرسکتے ہیں تو وہ ورلڈ کپ کھیل سکتے ہیں۔ دیکھتے ہیں کہ وہ آئی پی ایل میں کیسی کارکردگی پیش کرتے  ہیں۔‘‘خیال ر ہے کہ پنت نے آخری بار دسمبر ۲۰۲۲ء میں کرکٹ کھیلا تھا۔ انہیں اپنے دائیں گھٹنے میں شدید چوٹ آئی تھی اور کار حادثے میں ان کی کلائی اور ٹخنے میں بھی فریکچر ہوگیا تھا۔ اب بی سی سی آئی کی ہری جھنڈی کے ساتھ، پنت۲۳؍ مارچ  سے ایکشن میں واپس آسکتے ہیں، جب دہلی کیپٹلس اپنے افتتاحی میچ میں پنجاب کنگز کا مقابلہ کرنے کیلئے  موہالی جائے گی۔
پچھلے مہینے، کیپٹلس کے شریک مالک پارتھ جندل نے آئی پی ایل۲۰۲۴ء کیلئے  پنت کو کپتان کے طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنت سیزن کے پہلے نصف میں صرف ایک بلے باز کے طور پر کھیلیں گے۔ جندل نے کہا تھا کہ `ان پر منحصر ہے کہ ان کا جسم کیسے رد عمل ظاہر کرتا ہے اس کی بنیاد پر ہم آئی پی ایل کے بقیہ میچوں کیلئے  فیصلہ کریں گے۔ سمیع کی مکمل عدم دستیابی گجرات ٹائٹنس کیلئے  ایک بڑا دھچکا ہے۔ ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینس میں واپسی کے بعد ٹیم کی قیادت شبھمن گل کریں گے۔ سمیع نے آئی پی ایل۲۰۲۳ء میں۲۸؍ وکٹ حاصل کئے  اور ٹائٹنس کیلئے  پرپل کیپ جیتی۔ سمیع آخری بار ون ڈے ورلڈ کپ فائنل میں کھیلے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ٹخنوں کے درد اور ٹخنوں کے مسائل کے علاج کیلئے  انجکشن  لگاتے ہوئے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹ لئے تھے۔
سمیع نے جنوری میں کہا تھا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں لوٹنا چاہتے ہیں لیکن فروری میں ٹخنے کی سرجری کے بعد وہ پوری ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے  بھی ان کے فٹ ہونے کا امکان نہیں ہے۔یہ دوسرا موقع ہے جب پرسدھ کرشنا چوٹ کی وجہ سے راجستھان رائلز کیلئے  نہیں کھیل رہے ہیں۔ وہ چوٹ کی وجہ سے ۲۰۲۳ء سے باہر ہو گئے تھے۔ پرسدھ کو حال ہی میں رنجی ٹرافی سیزن کے دوران کرناٹک کیلئے  کھیلتے ہوئے چوٹ لگی تھی۔ انہوں نے آئی پی ایل۲۰۲۲ء میں رائلز کیلئے  کلیدی کردار ادا کیا تھا اور۱۷؍ میچوں میں ۱۹؍ وکٹ لے کر اس سال ٹیم کو فائنل تک پہنچنے میں مدد کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK