Inquilab Logo

سوریا کمار اور شکھردھون کی اچھی بلے بازی کے بعد بھونیشور کمارکی قاتلانہ گیندبازی

Updated: July 27, 2021, 11:23 AM IST | Agency | Colombia

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ۳۸؍رن سے کامیابی حاصل کرلی۔ سوریا کمار کی نصف سنچری ۔ تیز گیندباز بھونیشور کمار نے ۴؍وکٹ لئے اور مین آف دی میچ رہے

Bhuvneshwar Kumar.Picture:INN
بھونیشور کمار۔۔تصویر: آئی این این

سوریا کمار یادو کی نصف سنچری اور کپتان شکھر دھون کے۴۶؍ رن کی شاندار بلے بازی سے ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں مقررہ۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۶۴؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنانے کے بعد بھونیشور کمار کی قیادت میں شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو۱۸ء۳؍ اوور میں۱۲۶؍رن پر نمٹا کر۳۸؍ رن سے کامیابی  حاصل کی اور ۳؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک  کی سبقت حاصل کرلی۔  سری لنکا کی طرف سے چریتھ آسلانکا نے۲۶؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ ۴۴؍رن بنائے جبکہ اوپنر اویشکا فرنانڈو نے ۲۳؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مدد سے۲۶؍رن بنائے۔ ہندوستان  نے ڈیتھ اوورس میں عمدہ گیندبازی  کی اور۱۵؍ رن کے وقفے میں ۶؍ وکٹ لئے۔ بھونیشور نے۲۲؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ  جبکہ دیپک چہر نے  ۲۴؍ رن دے کر ۲؍ کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔  ورون چکرورتی ، ہاردک پانڈیا ، کرونال پانڈیا اور یزویندر چہل نے ایک ایک وکٹ لیا۔ 
 ٹاس گنوانے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور سلامی بلے باز پرتھوی شا میچ کی پہلی ہی گیند پر دشمنت چمیرا کا شکار بنے۔ شکھر اور سنجو سیمسن نے دوسرے وکٹ کیلئے۵۱؍ رن  جوڑے۔ سیمسن نے۲۰؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۷؍ رن بناکر وانیدو ہسارنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔شکھر نے پھر سوریا کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے۶۲؍ رن کا اضافہ کیا۔شکھرکو سی کرونارتنے کی گیند پر ایشین   بنڈارا نے آؤٹ کیا۔ شکھر نے۳۶؍ گیندوں پر ۴۶؍ رن میں ۴؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔سوریا کمار یادو  نے اپنافارم جاری رکھا اور نصف سنچری اسکور کی لیکن جلد ہی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ، وہ ہسارنگا کی گیند پر  متبادل کھلاڑی رمیش مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سوریا نے۳۴؍ گیندوں میں ۵۰؍ رن میں ۵؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔  سری لنکا کی طرف سے چمیرا اور ہسارنگا نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ ۴؍ وکٹ  لینے  والے بھونیشور کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ میچ کے بعد بھونیشور کمار چہل ٹی وی پر آئے اور بتایا کہ وہ اس اسپنر سے کس بات پر ناراض ہیں۔ دیپک چہر، بھونیشور کمار کے ساتھ چہل ٹی وی پر بھی دکھائی دیئے  جنہوں نے اس میچ میں۲؍ وکٹ  لئے۔ ان تینوں نے چہل ٹی وی پر بہت سی مضحکہ خیز باتیں کیں۔ چہل نے شروع میں ہی کہا تھا کہ بھونیشور کمار نے۷۰؍ سال بعد واپسی کی ، لیکن چہل ٹی وی میں واپس نہیں آئے۔ جس پر بھونیشورکمارنےکلاس لیتے ہوئے کہا کہ وہ ناراض ہیں کہ انہیں چہل ٹی وی پر نہیں بلایا گیا۔ اس دوران بھووی نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی بار ڈریسنگ روم سے اشارہ کیا ، لیکن پھر بھی انہیں چہل ٹی وی پر نہیں بلایا گیا۔اس دوران  چہل نے دیپک چہرکے ساتھ بھی گفتگو کی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK