بطور وزیراعلیٰ ۱۰؍ ویں بار حلف لیںگے،وزیراعظم اور ۱۱؍ وزرائے اعلیٰ کی شرکت ، اسپیکر کے عہدہ پر رسہ کشی ، واضح اکثریت کے باوجود دونوں پارٹیوں میں اعتماد کا فقدان-
EPAPER
Updated: November 20, 2025, 10:09 AM IST | Asfar Faridi | Patna
بطور وزیراعلیٰ ۱۰؍ ویں بار حلف لیںگے،وزیراعظم اور ۱۱؍ وزرائے اعلیٰ کی شرکت ، اسپیکر کے عہدہ پر رسہ کشی ، واضح اکثریت کے باوجود دونوں پارٹیوں میں اعتماد کا فقدان-
بہار میں وزارت اعلیٰ کیلئے جاری رسہ کشی میں بالآخر جے ڈی یو بی جےپی پر بھاری پڑی۔ ریاست کے اگلے وزیراعلیٰ نتیش کمار ہی ہوں گے۔ بدھ کو انہوں نے گورنر عارف محمد خان سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد نئی حکومت تشکیل دینے کا دعوی پیش کر دیا۔ وہ جمعرات کو(آج ) ۱۰؍ویں بار بہار کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری تاریخی گاندھی میدان میں منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعظم نریندر مودی اور کم از کم ۱۱؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔
اسپیکر کے عہدہ کیلئے رسہ کشی
حالانکہ وزارت اعلیٰ کے تعلق سے اتفاق رائے قائم ہوگیا ہے مگر این ڈی اے کی دونوں بڑی اتحادی پارٹیوں جے ڈی یو اور بی جےپی میں ایک دوسرے کے تعلق سے عدم اعتماد برقرار ہے۔ اس کی وجہ سے اسپیکر کےعہدہ کیلئے رسہ کشی جاری ہے۔ جے ڈی یو جس نے ۸۵؍ نشستیں جیتی ہیں، کو اندیشہ ہے کہ بی جے پی اس کے اراکین اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کرسکتی ہے،اس لئے وہ اسپیکر کا عہدہ اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔ دوسری طرف بی جےپی کا اصرار ہے کہ اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے اسپیکر کا عہدہ اس کے حصے میں آنا چاہئے۔ حالانکہ بی جےپی نے ۸۹؍ سیٹیں جیتی ہیں لیکن اسے بھی یہ خوف ہے کہ نتیش کمار کسی بھی وقت پالا بدل سکتے ہیں۔اس لئے وہ اسپیکر کا عہدہ اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔ اراکین اسمبلی کی دل بدلی کی صورت میں اسپیکر کا کلیدی اورفیصلہ کن رول ہوتا ہے۔
آج ڈیڑھ بجے دوپہر کو حلف برداری
ا س سے قبل بی جےپی، جنتادل (یونائیٹڈ) ، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) ، ہندوستانی عوام مورچہ اور راشٹریہ لوک مورچہ پر مشتمل این ڈی اے قانون ساز پارٹی نے نتیش کمارکو اپنا لیڈر منتخب کرلیا۔اسمبلی کے مرکزی ہال میں منعقدہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میںبی جےپی قانون ساز پارٹی کے نو منتخب لیڈر اور سمراٹ چودھری نےلیڈر کے طور پر نتیش کمارکے نام کی تجویز پیش کی جس کی اتحاد کے سبھی اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر تائید کی۔ سمراٹ چودھری اوروجے کمارسنہا نئی حکومت میں بھی بی جےپی کی جانب سے نائب وزیراعلیٰ ہوںگے۔
گورنر عارف محمد خان نے نتیش کمار کو جمعرات ،۲۰؍نومبرکو حلف لینے کی دعوت دی ہے۔ حلف برداری کی تقریب دن کے ایک بج کر ۳۰؍منٹ پر گاندھی میدان میں منعقد ہوگی ۔ حلف برداری کی تقریب کیلئے ۲؍ اسٹیج بنائے گئے ہیں۔ وزیراعظم مودی ، وزیرداخلہ امیت شاہ، وزیردفاع راجناتھ سنگھ ، مرکزی وزیراور بی جےپی کے بہار اسمبلی انتخابات کے انچارچ دھرمیندر پردھان ، بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا اوراین ڈی اے کی حکومت والی ۱۱؍ریاستوں کے وزراء اعلیٰ اور دیگر اہم لیڈر ان بھی حلف برداری تقریب میںشرکت کریں گے۔