Inquilab Logo Happiest Places to Work

برائن لارا ایک اننگز میں ۴۰۰؍رن بنانے والے کھلاڑی

Updated: May 02, 2025, 11:43 AM IST | Agency | New Delhi

ویسٹ انڈیز ٹیم میں یوں تو اب تک بڑے بڑے بلے بازوں نےاپنی بلے بازی اور قہربرپا کرنے والی گیند بازی سے لوگو ں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔

World-renowned cricketer Brian Lara. Photo: INN
عالمی شہرت یافتہ کرکٹر برائن لارا۔ تصویر: آئی این این

ویسٹ انڈیز ٹیم میں یوں تو اب تک بڑے بڑے بلے بازوں نےاپنی بلے بازی اور قہربرپا کرنے والی گیند بازی سے لوگو ں کے دلوں میں جگہ بنائی ہے۔ انہیں مایہ ناز کھلاڑیوں میں ایک نام برائن لارا کا ہے جنہوں نے اپنی بلے بازی کی وجہ سے ان سب کھلاڑیوں پر سبقت حاصل کرلی تھی۔ 
 برائن لارا، ۲؍مئی۱۹۶۹ءکوسانتاکروز، ٹرینیڈاڈ، ویسٹ انڈیز میں پیدا ہوئے۔ شروع میں وہ فٹ بال اورٹیبل ٹینس میں دلچسپی رکھتےتھے لیکن بعد میں کرکٹ کو اپناکریئر بنا یا۔ لارا، ۱۴؍ برس کی عمر میں ٹرینیڈاڈ انڈر۱۹؍ٹیم کاحصہ بنے اور ۲۰؍سال کی عمر میں ٹیم کے کپتان بنے۔ وہ اس ٹیم کے سب سے کم عمر کپتان تھے۔ انہوں نے ۲۰؍سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ کا آغازکیا۔ 
 ۱۹۹۲ءکےورلڈ کپ کےدوران جب ویسٹ انڈیز ٹیم مایوسی کا شکار تھی، بیٹنگ کا آغاز کرنے والے لارا نے تیز رفتاری سے ۳۳۳؍ رن بنائے۔ ۲؍سال بعد ہی لارا نے انٹیگوا میں انگلینڈ کے خلاف ۳۷۵؍رنوں کی شاندار اننگزکھیل کرایک بڑا کارنامہ انجام دیا۔ ٹیسٹ میں ۴۰۰؍رن بنانے والے پہلے اور واحد کھلاڑی کے طور پرانہیں یہ اعزاز حاصل ہے، جو ایک لازوال سنگ میل تھا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلےبازنے۴۰۰؍رن ناٹ آؤٹ کا نایاب کارنامہ ۱۰؍اپریل ۲۰۰۴ء کو انگلینڈکے خلاف سینٹ جانس کرکٹ گراؤنڈ پر انجام دیا تھا۔ انہوں نےیک روزہ میچوں کی طرح جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے۵۸۲؍گیندوں میں ۴۳؍چوکےاور۴؍چھکوں کی مدد سے ۶۸ء۷۲؍ کے اوسط سے یہ رن بنائے۔ 
 برائن لاراکو اگر بلے بازی کا جادوگر کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یوں توانہوں نے ہر ٹیم کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن آسٹریلیاکے خلاف ان کا بلا اس طرح حرکت کرتا تھا جیسے میدان کے بیچ میں بیٹنگ کا جادو چل رہا ہو۔ وہ ایک بہترین بلے باز تھے۔ حد تو یہ ہےکہ شین وارن اور گلین میک گرا جیسے پایہ کے گیند بازوں کی لارا نےراتوں کی نیندتک ا ڑا رکھی تھی۔ برائن لارا نے اپنے ۱۳۱؍ٹیسٹ میچوں میں ۵۲ء۸۸؍کے اوسط سے۱۱؍ہزار ۹۵۳؍ رن بنائے جس میں ان کا بہترین اسکور ۴۰۰؍ ناٹ آؤٹ ہے۔ اس دوران انہوں نے۳۴؍ سنچریاں اور ۴۸؍ نصف سنچریاں بنائیں۔ ایک روزہ ۲۹۹؍بین الاقوامی میچوں میں لارا نے ۲۸۹؍ اننگز میں ۴۰ء۴۸؍ کے اوسط سے۱۰؍ہزار ۴۰۵؍رن بنائے۔ اس میں ان کا ۱۶۹؍ شانداراسکور ہے۔ یک روزہ میچوں میں انہوں نے ۱۹؍ سنچریاں اور ۶۳؍نصف سنچریاں بنائیں۔ برائن لارا نےویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت بھی کی لیکن وہ کپتانی میں زیادہ کامیاب نظر نہیں آئے۔ ان کی کپتانی میں ویسٹ انڈیزنےچیمپئنز ٹرافی تو جیتی لیکن مجموعی طور پر ٹیم کوجیت سے زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ ۹۹۔ ۱۹۹۸ء کے درمیان لارا نے ویسٹ انڈیزکی ٹیم کی کپتانی کی۔ لارا کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز کو پہلی بار جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کے خلاف ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی۲؍۔ ۲؍سے ڈرا رہی۔ ۲۰۰۷ءکے ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے کپتانی بھی چھوڑ دی اور ریٹائرمنٹ بھی لے لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK