پری کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے میں لندن کے کلب نے جرمنی کے فٹبال کلب کو ۰۔۲؍سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا
:چیلسی فٹبال کلب نے یوئیفا چمپئن لیگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے منگل کی دیر رات ہونے والے راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں جرمنی کے فٹبال کلب بوروشیا ڈورٹمنڈ کو شکست ۰۔۲؍گول سے شکست دےدی۔ خیال رہے کہ پری کوارٹر فائنل کا یہ دوسرے مرحلے کا میچ تھا اور اس میں چیلسی نے اپنے گھریلو میدان پر اچھا فٹبال کھیلا اور حریف ٹیم کو شکست دی ۔ پہلے مرحلے کے میچ میں ڈورٹمنڈ نے اپنے گھریلو میدان پر ۰۔۱؍ گول سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کی ٹیم چیلسی کے میدان پر گول کرنے سے قاصر رہی اور لندن کے فٹبال کلب نے چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
میچ کے آغاز میں جرمنی کے فٹبال کلب نے میزبان کلب کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔اس کا دفاع اتنا مضبوط تھا کہ حریف ٹیم کو پہلا گول کرنے کیلئے ۴۳؍منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ ۴۳؍ویں منٹ میں رحیم اسٹرلنگ نے گول کرکے چیلسی کو ۰۔۱ ؍گول کی برتری دلائی۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی کھیل برابری کا تھا۔ لیکن ۵۳؍ویں منٹ میں چیلسی کو پنالٹی ملی اور اس کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کے ہیورٹز نے گول کرکے ٹیم کی برتری دُگنی کردی۔ اس گول کے بعد دونوں کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا اور میچ ۸؍منٹ کے انجری ٹائم تک جاری رہا۔ چیلسی نے راؤنڈ ۱۶؍ کے دو مرحلوں کو ۱۔۲؍ گول سے جیت کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ۔ خیال رہے کہ چیلسی کی ٹیم اپنی گھریلو پریمیر لیگ میں ناکام رہی ہے اور اس کے ٹاپ ۴؍ میں بھی آنے کے امکانات کم ہیں۔ اس سیزن میں اس کے پاس ٹرافی جیتنے کا ایک ہی موقع ہے اور وہ چمپئن لیگ کی صورت میں ہے۔
دوسری طرف اس میچ میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی جولین برانڈٹ زخمی ہوگئے جس سے جرمن کلب کو دھچکا لگاہے کیونکہ ڈورٹمنڈ فٹبال کلب اپنی گھریلو فٹبال لیگ بنڈس لیگا میں اچھا کھیل رہا ہے اور ٹاپ پوزیشن کیلئے بائرن میونخ جیسے مضبوط کلب کو مسلسل ٹکر دے رہا ہے۔ میچ کے شروع ہونے کے ۵؍منٹ بعد ہی جولین خمی ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی نے لے لی۔
بینفیکا کی شاندار کامیابی ،کوارٹر فائنل میں داخل
:یوئیفا چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں بینفیکا فٹبال کلب نے کلب براہ کو ۱۔۵؍ گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔پہلے مرحلے کے میچ میں بینفیکا نے ۰۔۲؍ گول سے کامیابی حاصل کی تھی اور دومرحلوں کے بعد اس کا مجموعی اسکور ۱۔۷؍ گول رہا۔ فاتح کلب کی جانب سے جی رامو س نے ۲؍گول کئے ہیں۔ حالانکہ اس ٹیم ٹیم کا ایک گول وی اے آر کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔گول کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں آر سلوا، جے ماریو اور ڈی نیریس کا نام شامل تھا۔ شکست پانے والی ٹیم کی جانب سے واحد گول ۸۷؍ویں منٹ میں بی میجر نے کیا۔ یہ گول کرنے میں ان کی مدد ٹی بکانن نے کی۔