Inquilab Logo

الکاراز نےپہلا گرینڈ سلیم جیتا، نمبروَن پوزیشن بھی حاصل کی

Updated: September 13, 2022, 1:17 PM IST | Agency | New York

یو ایس اوپن کے فائنل میں ناروے کے کیسپر روڈ کو ۴؍سیٹوں میں زیر کردیا۔ پیٹ سمپراس کے بعد خطاب جیتنے والے سب سے کم عمر ٹینس کھلاڑی بنے

Carlos Alcaraz  .Picture:INN
؍۴؍سیٹ میں اسپین کے کھلاڑی کارلوس الکاراز نے ناروے سے تعلق رکھنے والے کیسپر روڈ کو شکست دے کر اپنے کریئر کا پہلا گرینڈ سلیم خطاب یو ایس اوپن کی شکل میں جیت لیا ۔ تصویر:آئی این این

 اسپین کے نوجوان ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز نے تاریخی فائنل مقابلے میں ناروے کے کیسپر روڈ کو شکست دے کر یو ایس اوپن کاخطابجیت لیا اور اے ٹی پی رینکنگ میں سرفہرست رہے۔ ۱۹؍ سالہ الکاراز نے اتوار کو آرتھر ایش اسٹیڈیم میں ۳؍ گھنٹے۳۰؍ منٹ کے فائنل کے چوتھے سیٹ میں بازوؤں کو کھول کر اٹیک کئے اور۴۔۶، ۶۔۲، ۶۔۷، ۳۔۶؍سے اپنا پہلا گرینڈ سلیم خطاب جیتا۔ اپنی تاریخی فتح کے بعد جذباتی، الکاراز حاضرین کی تالیوں سے کورٹ پر گر پڑے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی ٹیم اور کوچ جوآن کارلوس فریرو کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔الکاراز نے کہا ’’میں نے بچپن سے یہ خواب دیکھا ہے۔ دنیا میں نمبر ایک بننا اور گرینڈ سلیم چمپئن بنناکچھ ایسا ہے جس کیلئے میں نے واقعی بہت محنت کی ہے۔ ابھی بات کرنا مشکل ہے، میرے اندر بہت سارے جذبات ہیں۔ یہ میرے لئے واقعی خاص ہے۔ الکاراز نے اپنے پہلے گرینڈ سلیم فائنل تک پہنچنے کے لئے گزشتہ ۳؍ مقابلے ۵؍ سیٹوں میں جیتے اور کورٹ پر۲۰؍گھنٹے اور۱۹؍ منٹ گزارا۔ اس کے باوجود روڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے انہوں نے تھکاوٹ کا کوئی نشان نہیں دکھایا۔
 انہوں نے کہا’’گرینڈ سلیم کے فائنل راؤنڈ میں تھکنے کا وقت نہیں ہے۔ آپ کو تیار رہنا ہوتا ہے اور اپنا سب کچھ دینا ہوتا ہے۔ میں اس کیلئے سخت محنت کرتا ہوں۔ رولا گیرو ۲۰۰۵ء میں۱۹؍سالہ رافیل ندال کے بعد ان کے ہم وطن الکاراز گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے سب سے کم عمر مرد کھلاڑی ہیں۔ الکاراز ۱۹؍ سالہ پیٹ سمپراس (۱۹۹۰ء) کے بعد یو ایس اوپن جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی ہیں۔ الکاراز جب فلشنگ میڈوز میں آئے تھے تب وہ عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر تھے اور ٹائٹل جیتنے والی فہرست میں ڈینیل میدویدیف، الیگزینڈر زیوریو اور ندال کے بعد ان کا نام تھا۔ فائنل میں روڈ اور الکاراز کے درمیان پہلی پوزیشن کی جنگ تھی، جس میں جیت کر الکاراز اے ٹی پی کی تاریخ میں ٹاپ رینکنگ حاصل کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔
 الکاراز ٹاپ رینکنگ میں پہنچنے والے اسپین کے چوتھے کھلاڑی ہیں جبکہ ان کے کوچ فریرو، کارلوس مویا اورندال اس سے پہلے نمبرایک رہ چکے ہیں۔ تیسرا سیٹ جیتنے کے دوران الکاراز نے کچھ غیر متوقع غلطیاں کی تھیں لیکن چوتھے سیٹ کے شروع ہوتے ہی انہوں نے اپنے بازوؤں کو کھولا اور اصل کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں نیٹ پر شاندار کھیل دکھانے والے الکاراز نے چوتھے سیٹ میں تحمل کے ساتھ سرو کیا اوربے مثال گراؤنڈ اسٹروک لگاکر روڈ کو اس کونے سے اس کونے پر دوڑاتے ہوئے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ندال کے ہاتھوں جون میں فرنچ اوپن کا فائنل ہارنے کے بعد اپنا دوسرا گرینڈ سلیم فائنل کھیلتے ہوئے، روڈ ٹاپ رینک میں پہنچنے والے پہلے ناروے کے کھلاڑی بننا چاہتے تھے، لیکن الکاراز نے ان کے خوابوں پر پانی پھیر دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK