Updated: August 26, 2026, 12:20 PM IST
|
Agency
| New Delhi
دوسری طرف مختلف شہروں میں سیکوریٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات ،ممبئی ، دہلی ، احمد آباد، لکھنؤ، کولکاتا ، حیدر آباد ، بنگلور اور دیگر شہروں میں ایڈوائزری جاری
کرناٹک کے شہر ہبلی دھارواڑ میں ایک محلے میں عید کی سجاوٹ دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: آئی این این
عید میلادالنبیؐ کے موقع ممبئی سمیت پورے ملک میں سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ عیدمیلاد کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کیلئےپولیس محکمہ نے خصوصی تیاری کی ہے۔ ساتھ ہی علاقائی سطحوں پر مقامی تنظیموں کی بھی مدد لی جارہی ہے تاکہ تہوار بخیر و عافیت اور امان و امان سے گزر جائے۔ دہلی ، احمد آباد، لکھنؤ، سری نگر، ممبئی ،کولکاتا، حیدر آباد، بنگلور اور دیگر شہروں میںمختلف جلوسوں کے پیشِ نظر ان شہروں کی ٹریفک پولیس نے امن و امان اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر ٹریفک کے نظام میں بھی متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شہروں کے گلی محلوں میں چراغاں کیا گیا ہے، مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ جلوس کیلئےگاڑیوں کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مختلف شہروں میںعید میلادالنبیؐ کے جلوس روایتی جوش و خروش کے ساتھ نکالے جائیں گے۔ ان شہروں میں مقامی پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے سیکوریٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے پیشِ نظر مذکورہ ممبئی ، تھانے ، بھیونڈی ، احمد آباد، نئی دہلی اور لکھنؤ میں دوپہر ۲؍ سے رات ۱۲؍ بجے تک دو، تین اور چار پہیہ گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس دوران ان علاقوں میں گاڑیوں کی پارکنگ بھی ممنوع ہوگی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں جلوس کے راستوں پر سفر سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھئے: ہیوسٹن کی آبی گزرگاہ سے ۹؍ سالوں میں ۲۰۰؍ لاشیں برآمد، سیریل کلر کا شبہ خارج
پولیس کے مطابق جلوس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات رہے گی جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جلوس کے پورے راستے پر مسلسل نگرانی کریں گی۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا ناخوشگوار صورتحال کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ ممبئی میں خاص طور پر انتظامات کئے گئے ہیں کیوںکہ یہاں خلافت ہائوس سے نکلنے والا جلوس تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی لئے ممبئی میں پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری بھی دی ہے اور سیکوریٹی بھی انتہائی سخت رکھی ہے۔
صدر مرمو نے مبارکباد پیش کی
صدرِ جمہوریہ دروپدی مورمو نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔ صدرنے اپنے پیغام میں کہاکہ ’’عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر میں ملک اور بیرونـ ملک مقیم تمام اہل وطن، خصوصاً مسلم بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عید میلاد کا یہ تہوار پیغمبراسلام کی تعلیمات کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ ہم آپؐ کی کے اعلیٰ اصولوں سے رہنمائی حاصل کریں اور ملک کی ترقی میں تعاون دیں۔