• Mon, 15 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چمپئن لیگ:بائرن میونخ نے ۷؍سال بعد فائنل میں قدم رکھا

Updated: August 21, 2020, 1:47 PM IST | Agency

موجودہ سیزن میں لگاتار۱۰؍ویں جیت حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں لیون کو تین صفر سے شکست دی،سرج نابری نے ۲؍گول کئے،فائنل میں پی ایس جی سے مقابلہ

Munich Player - Pic : PTI
بائرن میونخ کےکھلاڑی لیون کے خلاف گول کئے جانے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔(پی ٹی آئی

جرمنی کے فٹبال کلب بائرن میونخ نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ رات کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلے میں لیون کو تین صفر سے شکست دیتے ہوئے چمپئن لیگ کے فائنل میں قدم رکھا۔ کوارٹر فائنل میں بارسلونا کو ۲۔۸؍سے شرمناک شکست دینے والی بائرن میونخ نے سیمی فائنل مقابلہ میں بھی اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور لیون کے خلاف یکطرفہ انداز میں کامیابی حاصل کی۔
 ۵؍بار چمپئن لیگ کا خطاب جیت چکی بائرن میونخ نے لیون کے خلاف مقابلے میں شروع سے ہی جارحانہ رخ اختیار کیا اور اس کا فائدہ انہیں کھیل کے ۱۸؍ویں منٹ میں ہی بل گیا۔ سرج نابری نے شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا۔اس کے ۱۵؍ منٹ بعد ہی انہوں نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرتے ہوئے لیون کے حوصلوں کو پست کر دیا۔پہلے ہاف میں بائرن میونخ دو صفر سے آگے تھی۔
 دوسرے ہاف میں امید کی جا رہی تھی کہ لیون کچھ مزاحمت کرتے ہوئے میچ میں واپسی کی کوشش کرےگی لیکن بائرن کے جارحانہ کھیل کے سامنے ان کی ایک نہ چل سکی۔دوسرے ہاف میں کھیل کے ۸۸؍ویں منٹ میں رابرٹ لیونڈوسکی نے بائرن کیلئے گول کرتے ہوئے ٹیم کو تین صفر سے آگے کر دیا۔یہ برتری آخر تک برقرار رہی۔ موجودہ سیزن میں رابرٹ لیونڈوسکی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ۱۵؍واں گول کیا۔چمپئن لیگ کے فائنل میں اب بائرن میونخ کا اتوار کو پیرس سینٹ جرمین سے مقابلہ ہوگا جو پہلی بار چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچی ہے۔بائرن میونخ چمپئن لیگ کا چھٹا خطاب  جیتنے کی کوشش کرےگی۔۷؍ سال بعد چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچنے والی بائرن میونخ کی ٹیم ۱۱؍ویں بار فائنل کھیلے گی۔چمپئن لیگ کی تاریخ  میںریئل میڈرڈ سب سے زیادہ۱۶؍مرتبہ فائنل کھیلنے والی ٹیم ہے جبکہ اس نے ۱۳؍مرتبہ خطاب  بھی جیتا ہے۔
 بائرن نے چمپئن لیگ کا اپنا آخری خطاب ۲۰۱۳ء میں جیتا تھا جب اس نے فائنل میں بوروسیا ڈورٹمنڈ کو کو ہرایا تھا۔بائرن میونخ نے اس سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار۱۰؍ویں جیت حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی اس نے  چمپئن لیگ کی تاریخ میں سب سےزیادہ مقابلے جیتنے کے ریئل میڈرڈ کے ۵؍ سال پرانے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK