چمپئن لیگ :پی ایس جی نے اسرائیلی کلب کو ہرایا،مانچسٹرسٹی اور ریئل میڈرڈ بھی جیتے

Updated: September 16, 2022, 1:11 PM IST | Agency | Paris

فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے گروپ مرحلے میں لگاتار دوسرا مقابلہ جیت لیا ہے۔پی ایس جی نے گروپ’ایچ‘ کے مقابلے میں میسی،نیمار اور ایمباپے کے گول کی بدولت اسرائیلی فٹبال کلب مکابی ہائیفا کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہرا دیا

Lionel Messi .Picture:PTI
لیونل میسی نے پی ایس جی کیلئے ایک گول کیا۔ تصویر:پی ٹی آئی

فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے گروپ مرحلے میں لگاتار دوسرا مقابلہ جیت لیا ہے۔پی ایس جی نے گروپ’ایچ‘ کے مقابلے میں میسی،نیمار اور ایمباپے کے گول کی بدولت اسرائیلی فٹبال کلب مکابی ہائیفا کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے ہرا دیا۔میچ میں مکابی نے شاندار کاآغاز کرکے گول کرتے ہوئے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔ایک گول سے پچھڑنے کے بعد پی ایس جی کے اسٹار کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تینوں اسٹار کھلاڑیوں نے ایک ایک گول کیا۔پی ایس جی نے لیونل میسی،نیمار اور کائلین ایمباپے کے گول کی بدولت یہ مقابلہ ایک کے مقابلے ۳؍گول سے جیت لیا۔ اسرائیل کے ہائیفا شہر میں کھیلے گئے اس میچ میں ایمباپے نے شروع میں ہی گول کرنے کے مواقع بنائے لیکن کچھ دیر بعد مکابی کے کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی کو بہتر کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔کھیل کے ۲۴؍ویں منٹ میں جورون چیری نے گول کرتے ہوئے مکابی ہائیفا کو ایک صفر سے آگے کردیا۔ایک گول سے پچھڑنے کے بعد پی ایس جی نے اپنے کھیل کو بہتر کرتے ہوئے لگاتار کئی حملے کئے۔کھیل کے ۳۷؍ویں منٹ میں ایمباپے کے ذریعے ملنے والے پاس پر لیونل میسی نے گول کرتے ہوئے اسکور ایک ایک سے برابرکردیا۔
 دوسرے ہاف میں بھی پی ایس جی نے مخالف کھلاڑیوں پر دباؤ ڈالے رکھا اور ایمباپے نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو دو ایک سے آگے کردیا۔کھیل کے آخری لمحات میں نیمار نے بھی گول کرتے ہوئے پی ایس جی کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے فتح دلانے میں اپنا رول ادا کیا۔
مانچسٹر سٹی کی ڈورٹمنڈ کیخلاف فتح
 انگلش فٹبال کلب مانچسٹر سٹی نے چمپئن لیگ کے موجودہ سیزن میں اپنا دوسرا میچ جیت لیا۔سٹی نے گروپ’جی‘کے میچ میں جرمنی کے کلب  بوروشیا ڈورٹمنڈ کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرا دیا۔ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی جوڈ بیلنگھم نےدوسرے ہاف میں ۵۶؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کردیا تھا۔کھیل کے  ۸۰؍ویں منٹ میں مانچسٹر سٹی کےلئے اسٹونس نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک ایک کی برابری دلا دی اور ٹیم کی فتح کی امید کو زندہ کردیا۔میچ کے آخری لمحات میں ارلنگ ہالینڈ کے شاندار گول کی مدد سے مانچسٹر سٹی نے ایک کے مقابلے ۲؍گول سے کامیابی حاصل کر لی۔
سیویلا اور کوپن ہیگن کا میچ ڈرا
 گروپ’جی‘ کے ایک دیگر مقابلے میں ڈنمارک کے کلب کوپن ہیگن اور ہسپانوی کلب سیویلا کے درمیان میچ بغیر گول کے ڈرا پر ختم ہوا۔اس گروپ میں ۲؍فتوحات کے ساتھ مانچسٹر سٹی ٹاپ پر ہے وہیں گزشتہ مقابلے میں کوپن ہیگن کو شکست دینے والی بوروشیا ڈورٹمنڈ دوسرے نمبر پر ہے
ریئل میڈرڈ کی جیت
 ریئل میڈرڈ نے اس سیزن میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کی ہے۔گزشتہ چمپئن ریئل میڈرڈ نے گروپ’ایف‘ میں جرمنی کے کلب آر بی لیپزنگ کو دوصفر سے شکست دی۔اپنے گھریلو میدان پر کھیلنے والی ریئل میڈرڈ نے میچ کے دونوں گول دوسرے ہاف میں کئے۔کھیل کے ۸۰؍ویں منٹ میں ویلوردے نے گول کرتے ہوئے ٹیم کا کھاتہ کھولا۔دوسری ہاف کے انجری ٹائم میں اسنسیو نے ٹیم کےلئے دوسرا گول کردیا اور ٹیم کا اسکور دوصفر کردیا ۔اسی گروپ کے ایک دیگر مقابلے میں یوکرین کے شاختر اور اسکاٹ لینڈ کے سیلٹک کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK