Updated: April 16, 2026, 2:18 PM IST
|
Agency
| Chennai
چنئی کے اسسٹنٹ گیندبازی کوچ نے کہا کہ عقیل حسین اور نور احمد ایک دوسرے کی کارکردگی کو مکمل کرتے ہیں،صبا کریم نے کہا کہ نور احمد سے جو توقع تھی انہو ںنے وہ کر دکھا دیا۔
کوچ سری رام سری دھرن۔تصویر:آئی این این
چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے اسسٹنٹ گیند بازی کوچ سری دھرن سری رام نے افغان گیند باز نور احمد کی کے کے آر کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد ان کی حکمت ِ عملی کی ستائش کی۔ نور احمد نے منگل کی رات چیپاک میں۲۱؍ رنوں کے عوض۳؍ وکٹیں حاصل کر کے سی ایس کے کی لگاتار دوسری جیت میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ نور احمد کیلئے آئی پی ایل۲۰۲۵ء کا سیزن بہترین رہا تھا جہاں وہ۲۴؍ وکٹوں کے ساتھ پرپل کیپ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے لیکن رواں سیزن کا آغاز ان کیلئے اچھا نہیں رہا۔ پہلے تین میچوں میں وکٹ حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد کے کے آر کے خلاف انہوں نے عقیل حسین کے ساتھ مل کر ایسی شراکت داری قائم کی جس کی سی ایس کے کو تلاش تھی۔ سری دھرن سری رام نے میچ کے بعد بتایا کہ نور احمد اپنی گیند بازی میں تنوع لانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایم ایس دھونی نے بھی پریکٹس سیشن کے دوران نور احمد کے ساتھ طویل گفتگو کی تھی اور انہیں لیگ بریک گیندوں کو بہتر بنانے کے مشورے دئیے تھے ۔ کوچ کے مطابق، چیپاک کی پچ نے بھی نور کو مدد فراہم کی جہاں انہوں نے گیند کی رفتار کم رکھی اور زیادہ اسپن حاصل کی۔
سی ایس کے کی اسپن جوڑی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سری رام نے کہا کہ عقیل حسین اور نور احمد ایک دوسرے کی کارکردگی کو مکمل کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا’’آج عقیل نے ہی نور کو اس مخصوص لینتھ کے بارے میں بتایا جس پر گیند بازی کی ضرورت تھی۔ اپنے پہلے اووَر میں نور تھوڑا شارٹ یا زیادہ فل گیندیں کر رہے تھے، لیکن جیسے ہی انہیں صحیح لینتھ کا اندازہ ہوا، وہ ناقابلِ شکست ثابت ہوئے۔‘‘سابق کرکٹر صبا کریم نے بھی اس جوڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی ایس کے نور احمد کو ایک جارحانہ متبادل کے طور پر دیکھ رہی تھی اور انہوں نے بالکل وہی کر کے دکھایا۔ عقیل حسین نےجو پاور پلے کے ماہر گیند باز مانے جاتے ہیں، نے بھی کفایتی گیند بازی سے نور احمد کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
صبا کریم نے ای ایس پی این کرک انفو کے شو ٹائم آؤٹ پر گفتگو کرتے ہوئے عقیل حسین اور نور احمد کی شراکت داری پر روشنی ڈالی۔ صبا کریم نے مزید کہا ’’میرا خیال ہے کہ شروع میں عقیل حسین کے بغیر مجھے ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ٹیم میں ایک حملہ آور گیند باز کی کمی ہے لیکن اب جبکہ وہ ٹیم کاحصہ ہیں تو چنئی کے پاس پاور پلے میں اُن سے گیند بازی کروانے کا آپشن موجود ہے اور آج (منگل کو میچ میں) انہوں نے جو کچھ کر دکھایا، اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ آپ انہیں روک کر مڈل اوورز میں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔‘‘