Inquilab Logo

راجستھان کے ہاتھوں چنئی کی آخری اوور میں شکست

Updated: April 14, 2023, 2:03 PM IST | Chennai

آخری اوور میں سندیپ شرما نے دھونی اور جڈیجہ کو ہدف تک پہنچنے نہیں دیا،راجستھان کیلئے جوس بٹلر نے ہاف سنچری بنائی جبکہ اشون اور چہل نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں

Sandeep Sharma (centre) bowled brilliantly in the last over. (PTI)
سندیپ شرما(درمیان) نے آخری اوور میں شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔(پی ٹی آئی)

 راجستھان رائلز نے جوس بٹلر کی شاندار نصف سنچری (۳۶؍گیندوں پر ۵۲؍رن) کے بعد روی چندرن اشون (۲۵؍پر ۲؍وکٹ) اور یوزویندر چہل (۲۷؍پر۲؍وکٹ) کی کفایتی گیندبازی کی بدولت چنئی سپر کنگز کو ان کے مضبوط قلعے چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئےآئی پی ای کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ۳؍ رنوں سے شکست  دےدی۔راجستھان نے چنئی کے سامنے ۱۷۶؍رنوں کا ہدف رکھا تھا۔ مہندر سنگھ دھونی (۳۲؍ ناٹ آؤٹ) اور رویندر جڈیجہ (۲۵؍ ناٹ آؤٹ) کی کوششوں کے باوجود چنئی ۲۰؍ اوور میں صرف ۱۷۲؍رن ہی بنا سکی۔
 اوپنر  بٹلر اور دیودت پڈیکل نے راجستھان کو مضبوط آغاز فراہم کیا لیکن جڈیجہ (۲۱؍پر ۲؍وکٹ) کی شاندار گیند بازی نے مخالف ٹیم کو ۱۷۵؍رنوں تک محدود کردیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی کی ٹیم ۱۷؍ اوور میں صرف ۱۲۲؍رن بنا کر مشکل میں پڑ گئی لیکن دھونی نے وقت کا پہیہ  پیچھے گھماتے ہوئےایک دھماکہ خیز اننگز کھیل کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔دھونی نے جب چنئی کو ۵؍ گیندوں پر ۲۱؍رنوں کی ضرورت تھی تو ۲؍ چھکے لگائے لیکن سندیپ شرما نے اگلی ۳؍ گیندوں میں صرف ۳؍ رن دے کر راجستھان کو سنسنی خیز مقابلے میں جیت دلائی۔ دھونی نے ۱۷؍گیندوں پر ایک چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۳۲؍ رن بنائے جبکہ جڈیجہ نے ۱۵؍گیندوں پر ۲؍ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ۲۵؍رن بنائے۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کیلئے ۵۹؍رنوں کی شراکت داری ہوئی حالانکہ یہ چنئی کو فتح دلانے کیلئے نا کافی ثابت ہوئی۔
 چنئی  کو آخری اوور میں ۲۱؍رن درکار تھے جس کے دفاع کی ذمہ داری سندیپ شرما کو دی گئی۔ سندیپ  نے دباؤ میں ۲؍ وائیڈ کرنے کے بعد تیسری گیند ڈاٹ کرائی۔ دھونی نے دوسری اور تیسری گیند پر ۲؍ چھکے لگائے اور چوتھی گیند پر سنگل لیا۔ سندیپ شرما بھلے ہی ۲؍ چھکے لگانے کے بعد دباؤ میں آ گئے ہوں لیکن انہوں نے دباؤ کو برداشت کیا اور اگلی ۲؍ گیندیں یارکر  ڈالیں جن پر چنئی کے بلے باز صرف ۲؍ رن بنا سکے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK