چنئی آئی پی ایل کے اہم مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو ۷۷؍رن سے شکست دے کر پلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بنی۔ رتوراج مین آف دی میچ رہے۔ کونوے نے بھی تیز نصف سنچری بنائی
EPAPER
Updated: May 21, 2023, 10:15 AM IST | new Delhi
چنئی آئی پی ایل کے اہم مقابلے میں دہلی کیپٹلس کو ۷۷؍رن سے شکست دے کر پلے آف میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بنی۔ رتوراج مین آف دی میچ رہے۔ کونوے نے بھی تیز نصف سنچری بنائی
ڈیون کونوے اور رتوراج گائیکواڑ کی سنچری پارٹنرشپ کے بعد دیپک چاہر کی ۳؍ وکٹوں کی مدد سے چنئی سپر کنگز نے سنیچرکو آئی پی ایل کے اپنے آخری لیگ میچ میں دہلی کیپٹلس کو ۷۷؍ رن سے شکست دے کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ مہندر سنگھ دھونی کے آخری آئی پی ایل کی قیاس آرائیوں کے درمیان، ان کے مداحوں نے راحت کا سانس لیا کہ اب وہ انہیں پلے آف میں بھی کھیلتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔ چنئی فی الحال۱۴؍ میچوں میں۱۷؍ پوائنٹس کے ساتھ گجرات ٹائٹنس کے پیچھے دوسرے نمبر پر ہے۔
چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ان کے اوپنرس نے درست ثابت کیا۔ گائیکواڑ اور کونوے کے درمیان پہلے وکٹ کیلئے۸۷؍گیندوں میں۱۴۱؍ رن کی مدد سے چنئی سپر کنگز نے ۳؍ وکٹ پر ۲۲۳؍ رن بنائے۔ جواب میں دہلی کی ٹیم۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۴۶؍ رن ہی بنا سکی۔ ان کی جانب سے صرف کپتان ڈیوڈ وارنر ہی کھیل سکے جنہوں نے۵۸؍ گیندوں پر۷؍چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے۸۶؍ رن بنائے۔ چاہر نے چنئی کیلئے ۴؍ اوور میں۲۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے۔ پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر، دہلی کیپٹلس کی مہم مایوس کن شکست کے ساتھ ختم ہوگئی۔ دھونی کا کھیل دیکھنے کیلئے پیلی جرسی پہنے تماشائیوں کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں جمع تھی اور ایسا لگ رہا تھا کہ یہ دہلی کا ہوم گراؤنڈ نہیں بلکہ چنئی کا چیپاک اسٹیڈیم ہے۔ دوپہر کے میچ اور گرمی کے باوجود تماشائیوں کے جوش میں کوئی کمی نہیں آئی اور چنئی کے بلے بازوں کے ہر شاٹ سے اسٹیڈیم گونج اٹھا۔ دھونی نے بھی اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کیا اور اس سیزن میں آرڈر نیچے گرائے جانے کے باوجود وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے۔
اس سے قبل رتوراج گائیکواڑ (۷۹؍رن) اور ڈیون کونوے (۸۷؍رن) کے درمیان۱۴۱؍ رن کی شراکت کی مدد سے چنئی سپر کنگز نے سنیچر کو یہاں دہلی کیخلاف ۳؍ وکٹ پر ۲۲۳؍ رن بنائے۔ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں چنئی کی اوپننگ جوڑی ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت میدان پر اتری۔ دونوں بلے بازوں نے متوازن طریقے سے بلے بازی کرتے ہوئے اچھی گیندوں کا احترام کیا جبکہ ڈھیلی گیندوں پر زبردست حملہ کیا۔ شدید گرمی کے درمیان، دونوں بلے بازوں نے ۸؍ رن فی اوور کے آس پاس کی رفتار کے ساتھ اسکور بورڈ کوبہتر رکھا۔ دہلی کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے اس شراکت کو توڑنے کیلئے بولنگ میں مختلف تبدیلیاں کیں اور آخر کار اننگز کے۱۵؍ ویں اوور میں گائیکواڑ چیتن سکاریا کی ایک گیند کو مارنے کی کوشش میں ڈیپ اسکوائر لیگ پرکھڑے ریلی روسو کو کیچ تھما بیٹھے۔ رتوراج نے۵۰؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ۷؍ چھکے لگائے۔ رتوراج کے بعد سکسر کنگ شیوم دوبے نے کریز سنبھالی۔