پنجاب کی ٹیم نے آئی پی ایل کے میچ میں ۳۷؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ پربھسمرن سنگھ کی نصف سنچری ۔ شریاس ایّر ففٹی بنانے میں ناکام
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 10:07 PM IST | Dharamshala
پنجاب کی ٹیم نے آئی پی ایل کے میچ میں ۳۷؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ پربھسمرن سنگھ کی نصف سنچری ۔ شریاس ایّر ففٹی بنانے میں ناکام
پربھسمرن سنگھ (۹۱؍ رن)، شریاس ایّر (۴۵؍رن) اور ششانک سنگھ ( ناٹ آؤٹ ۳۳؍رن) کی شاندار اننگز اور اس کے بعدعرشدیپ سنگھ (۳؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے۵۴؍ویں میچ میں اتوار کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔
۲۳۷؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ پنجاب کے عرشدیپ سنگھ نے۲۷؍رن کے اسکور پر لکھنؤ کے ۳؍ وکٹ لے لئے۔ مشیل مارش (صفر)، ایڈن مارکرم (۱۳؍رن) اور نکولس پورن (۶؍رن) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اعظم اللہ عمرزئی نے ۸؍ ویں اوور میں رشبھ پنت (۱۸؍رن) کو آؤٹ کر کے پنجاب کو میچ پر مضبوط گرفت فراہم کی۔ ڈیوڈ ملر ۱۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بحران کے ایسے وقت میں آیوش بدونی اور عبدالصمد کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور ایک بار پھر میچ کا رخ لکھنؤ کے حق میں کر دیا۔۱۷؍ویں اوور میں مارکو جانسن نے عبدالصمد کو آؤٹ کر کے لکھنؤ کی جیت کی امیدیں ختم کر دیں۔ لکھنؤ کا ۷؍واں وکٹ آیوش بدونی کی شکل میں گرا۔ انہیں یزویندر چہل نے آؤٹ کیا۔ آیوش بدونی نے۴۰؍ گیندوں پر ۵؍چھکوں اور۵؍ چوکوں کی مدد سے۷۴؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ پنجاب کے بولنگ حملے کے سامنے لکھنؤ کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۱۹۹؍ رن ہی بنا سکی اور۳۷؍ رن سے میچ ہار گئی۔