Inquilab Logo

چنئی سپرکنگز پلے آف میں داخلے کیلئے بے قرار

Updated: May 10, 2023, 12:33 PM IST | Chennai

آج دھونی کی ٹیم دہلی کیپٹلس سے مقابلہ کرے گی۔چنئی کی ٹیم کو ٹاپ آرڈربلےبازوں سے بہتر کارکردگی کی امید ۔دہلی کے بولرس کیلئے چیلنج

photo;INN
تصویر :آئی این این

 انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل )کے آخری مرحلے میں پلے آف کی کشمکش کے ساتھ چنئی سپر کنگز بدھ کو نئی اورپراعتماد دہلی کیپٹلس کے خلاف ایک اور جیت کے ساتھ اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ چنئی نے گزشتہ میچ میں ممبئی انڈینس کو شکست دینے کے بعد جیت  کی راہ پر لوٹی تھی اور وہ دہلی کو شکست دے کر مزید دو پوائنٹس حاصل کرنا چاہے گی، جو ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں جدوجہد کرتی نظر آئی تھی۔
 چنئی نے سنیچر کو ممبئی انڈینس کو کم اسکور والے میچ میں شکست دی تھی جس میں اس کے گیند بازوں، خاص طور پر متیشا پتھیرانا کا کردار اہم تھا۔ چنئی نے رتوراج گائیکواڈ، ڈیون کونوے اور شیوم دوبے کی اننگز کی بنیاد پر ہدف آسانی سے حاصل کر لیاتھا۔ ٹاپ آرڈر بلے باز کونوے (۴۵۷؍ رن)، گائیکواڑ (۲۹۲؍رن)، شیوم دوبے (۲۹۰؍رن) اور اجنکیا رہانے (۲۴۵؍ رن) نے چنئی کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا لیکن مڈل آرڈر ناکام رہا۔ امباتی رائیڈو ۱۱؍میچوں میں صرف۹۵؍ رن ہی  بنا سکے ہیں جبکہ رویندر جڈیجا نے۱۱؍ میچوں میں۹۲؍ رن بنائے ہیں۔
  چنئی سپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے مختصر لیکن تیز اننگز کھیلی ہے اور وہ بیٹنگ آرڈر میں بہت نیچے آتے ہیں۔ ٹیم دعا کرے گی کہ ٹاپ آرڈر فارم میں رہے اور اسے اہم میچوں میں مڈل آرڈر پر انحصار نہ کرنا پڑے۔ بولنگ میں تشار دیشپانڈے نے ۱۹؍ وکٹ ضرور  لئے ہیں لیکن ان کا اکانومی ریٹ ۱۰؍ سے زیادہ رہا ہے جس کی وجہ سے چنئی کو کئی بار نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
 جڈیجا بھلے ہی بلے سے  ناکام ہورہے ہیں   لیکن گیندبازی میں کامیاب رہے ہیں۔ دوسری جانب پتھیرانا اپنی بہترین فارم کو جاری رکھنا چاہیں گے۔ دہلی کیپٹلس کے بلے باز توقعات پر پورا نہیں اترے لیکن فل سالٹ میچ ونر کے طور پر ابھرے ہیں۔ کپتان ڈیوڈ وارنر اپنی جانی پہچانی فارم میں نہیں ہیں جبکہ مشیل  مارش اور روومین پاویل بھی کچھ زیادہ نہیں کر پائے ہیں۔
  دہلی نے گزشتہ ۵؍ میں سے۴؍ میچ جیت کر اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔ انہیں ہر میچ جیتنا ہوگا اور چنئی کو اس کے ہی گڑھ چیپاک پر ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ اس کے لئے دہلی کے بلے بازوں کو چنئی کے اسپن اٹیک کے خلاف اپنا ہوم ورک کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی گیند بازوں کو کونوے اور گائیکواڑ کو جلد سے جلدپویلین بھیجنے کے طریقے تلاش کرنے ہوں گے۔ دہلی کی گیند بازی کا انحصار ایشانت شرما، اینریک نورتجے ، مارش، اسپنر کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل پر ہوگا۔

Moeen Ali Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK