Inquilab Logo

محمد صلاح ، لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو سے بہتر: کرس سوٹن

Updated: October 06, 2021, 1:19 PM IST | Agency | Liverpool

بلیک برن روورس کے سابق اسٹرائیکر نے کہا کہ محمد صلاح کے اعداد وشمار قابل غور ہیں اور وہ بہتر ہورہے ہیں

Mohamed Salah. Picture:INN
محمد صلاح ۔ تصویر: آئی این این

بلیک برن روورس فٹبال کلب کے سابق اسٹرائیکرکرس سوٹن نے کہا کہ لیورپول فٹبال کلب کے اسٹرائیکر محمد صلاح، لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو سے بہتر کھلاڑی ہیں۔ خیال رہے کہ صلاح نے مانچسٹر سٹی کے خلاف گزشتہ میچ میںشاندار گول کیا تھا اور اس گول کی تعریف انگلینڈ کے سابق اسٹرائیکر ایلن شیریئر نے بھی کی تھی۔ انہوںنے کہا تھاکہ یہ گول پریمیر لیگ کے دور کے بہترین گول میں سے ایک ہے۔  لیورپول کے اسٹرائیکرنے اس سیزن میں اب تک ۹؍گول کئے ہیں۔ سوٹن نے کہا کہ اس وقت وہ رونالڈو اور میسی سے بہتر کھلاڑی ہیں۔ ستمبرمیں محمد صلاح نے انگلش پریمیر لیگ میں اپنے ۱۰۰؍گول پورے کئے تھے۔ انہوںنے سٹی کیخلاف شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی۔سوٹن نے کہا کہ محمد صلاح تسلسل کے ساتھ اچھی کارکرکردگی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے وہ عالمی سطح کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ خیال رہے کہ سبھی ٹورنامنٹ کے ۹؍ میچوںمیں انہوں نے۹؍گول کئے ہیں اوراس کےساتھ ہی ۳؍ گول میں معاونت بھی کی ہے۔   چیلسی کے سابق اسٹرائیکر محمد صلاح نے ایک سیزن میں اوسطاً ۲۱؍گول کئے ہیں۔ انہوں نے ۱۸۔۲۰۱۷ء کے پریمیر لیگ  سیزن میں ۳۲؍گول کئے تھے۔ سوٹن نے کہاکہ ان کے گزشتہ چند سیزن میں ان کے اعدادوشمار قابل غور رہے ہیں۔ اگر وہ اس وقت ایسا کھیل رہے  ہیں تومستقبل میں ان کے اعدادوشمار مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کئے جاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وہ ہر سیزن اچھا کھیل رہے ہیں اور ان کا کھیل بھی بہتر ہورہا ہے جبکہ دوسرے ناکام ہورہے ہیں اور اس لئے  لیورپول دیگر کھلاڑیوں سے معاہدہ نہیں کررہا ہے۔  دوسری طرف اٹلی کے فٹبال کلب فیورینٹینا میں محمد صلاح کے ساتھ کھیلنے والے میکا رچرڈس نے بھی سوٹن کی بات سے اتفاق کیا۔ رچرڈس نے کہاکہ جب میں کہتا تھا کہ صلاح ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں تو سبھی مجھ پر ہنسا کرتے تھے۔ میں فیورینٹینا کے دور سے ان کی تعریف کیا کرتا تھا۔ انہوںنے کہاکہ وہ جب ٹریننگ کیا کرتے تھے تو انہیں دیکھتے بنتا تھا۔ وہ ڈربلنگ کرتے ہوئے ۵۔۵؍ کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر گول کیپر کے قریب پہنچ جاتے تھے۔ جب وہ ٹریننگ کرتے تھے تو ان سے گیند حاصل کرنا مشکل ہوتا تھا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ گول کرنے کیلئے کتنی ٹریننگ کرنی ہوتی ہے۔  انہوںنے کہاکہ میں چند سال سبھی سے کہتا تھا کہ محمد صلاح اسٹار کھلاڑی ہیں ،لیکن اس وقت کوئی میری نہیں سنتا تھا لیکن اب جوکچھ ہورہا ہے اسے دیکھ کر سبھی دنگ ہیں۔ حالانکہ میں اس  وقت حیرانی میں مبتلا نہیں ہوں۔اس وقت صلاح اچھے فارم میں ہیں اور وہ ای پی ایل اور چمپئن لیگ میں ٹیم کی جانب سے اچھا کھیل رہے ہیں ۔ ان  کے بہتر کھیل کی وجہ سے ٹیم کو فائدہ ہورہا ہے اور اس وقت ای پی ایل کے  ٹیبل میں دوسرے نمبرپر ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK