• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹاک ہوم میں اسرائیل کے ذریعے غزہ پر جاری حملوں کے خلاف مظاہرہ

Updated: December 28, 2025, 10:45 PM IST | Stockholm

اسٹاک ہوم میں اسرائیل کے ذریعے غزہ پر جاری حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں مظاہرین اسٹاک ہوم کی سڑکوں پر نکل آئے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق،جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ پر اسرائیل کے جاری حملوں کے خلاف احتجاج کرنے والے سینکڑوں مظاہرین اسٹاک ہوم کی سڑکوں پر نکل آئے۔متعدد سول سوسائٹی گروپ کی جانب سے منظم یہ احتجاج اوڈن پلان اسکوائر پر ہوا، جہاں شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا، ’’غزہ میں بچے مارے جا رہے ہیں‘‘،’’ اسکول اوراسپتال بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں‘‘، اور’’  غذائی قلت ختم کرو۔‘‘بہت سے لوگوں نے فلسطینی پرچم لہرائے اور سویڈن کی حکومت سے اسرائیل کو ہتھیار فروخت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ انتظامیہ کو خدشہ، نیتن یاہوغزہ جنگ بندی کے عمل کو نقصان پہنچائے گا: رپورٹ

انادولو سے بات کرتے ہوئے سویڈش کارکن رابن نیلسن نے کہا کہ ایک پائیدار امن قائم ہونے تک احتجاج جاری رہیں گے۔انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی پالیسیوں پر تنقید کی اور جاری تنازعے کے انسانی نقصان پر روشنی ڈالی۔نیلسن نے کہا کہ ’’سنگین انسانی بحران اور بڑے پیمانے پر اموات کے باوجود، ہمیں اب تک ٹھوس تبدیلی نظر نہیں آئی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو نے بین الاقوامی دباؤ کے تحت ہی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’بعض میڈیا اداروں میں یہ دعوے کہ جنگ۲۰۲۶ء کے آخر تک جاری رہ سکتی ہے، خوفناک ہیں۔‘‘ اگر صورت حال بہتر نہ ہوئی، تو ہم اگلے سال بڑے پیمانے پر احتجاج اور سول نافرمانی کے اقدامات جاری رکھیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ: الشاطی پناہ گزین کیمپ میں تقریباً ۵۰۰؍ حفاظ کو اعزاز سے نوازا گیا

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے اکتوبر۲۰۲۳ء سے غزہ پر حملوں میں۷۱؍ ہزار ۲۰۰؍ سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ۱۷۱۲۰۰؍ سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔اگرچہ جنگ بندی۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ء سے نافذ ہے، لیکن اسرائیل معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے، جن میں غزہ میں متعینہ مقدار میں خوراک، امداد، طبی سامان اور موبائل ہاؤسنگ کی اجازت دینا شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK