Inquilab Logo Happiest Places to Work

کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ءختم ،۲۰۳۰ء کی میزبانی ہندوستان کے سپرد

Updated: August 03, 2026, 4:00 PM IST | Glasgow

کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء کا اختتام اتوار کو ایک رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا، جس کے دوران آئندہ کامن ویلتھ گیمز ۲۰۳۰ء کی میزبانی باضابطہ طور پر ہندوستان کے حوالے کر دی گئی۔ تقریب میں ہندوستانی ثقافت، موسیقی اور روایات کی دلکش جھلک پیش کی گئی، جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

Host 2030.Photo:PTI
میزبان ۲۰۳۰۔ تصویر:پی ٹی آئی

 کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء کا اختتام اتوار کو ایک رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا، جس کے دوران آئندہ  کامن ویلتھ گیمز ۲۰۳۰ء کی میزبانی باضابطہ طور پر ہندوستان کے حوالے کر دی گئی۔ تقریب میں ہندوستانی ثقافت، موسیقی اور روایات کی دلکش جھلک پیش کی گئی، جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

یہ بھی ٖپڑھئے:غزہ: تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے مزید ۱۱۲؍ لاشیں برآمد ، بچے بھی شامل


گلاسگو کے  او وی او ہائیڈرو  اسٹیڈیم میں منعقدہ اختتامی تقریب میں ہزاروں تماشائی موجود تھے۔ ’’وندے ماترم‘‘، ’’شیو استوتر‘‘ اور معروف گیت ’’سنو غور سے دنیا والوں‘‘ کی دھنوں پر ہندوستانی شائقین جھوم اٹھے جبکہ غیر ملکی مہمانوں نے بھی ہندوستانی ثقافتی پروگرام کو بھرپور سراہا۔ اس موقع پر اسکاٹ لینڈ سے ہندوستان کو کامن ویلتھ گیمز کا روایتی بیٹن اور پرچم بھی منتقل کیا گیا۔
تقریب نے کھیلوں کے ۱۱؍یادگار دنوں کا اختتام کرتے ہوئے کامن ویلتھ تحریک کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔ گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ  ہرش سنگھوی  نے علامتی طور پر کامن ویلتھ گیمز کا پرچم وصول کیا، جس کے ساتھ ہی احمد آباد ۲۰۳۰ء کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ اس موقع پر ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر پی ٹی اوشا  اور جیولن تھرو کے عالمی اسٹار  نیرج چوپڑا بھی موجود تھے۔ اختتامی تقریب کا آغاز اسکاٹ لینڈ کی ثقافت کے رنگا رنگ مظاہرے سے ہوا، جس میں عالمی شہرت یافتہ راک بینڈ Simple Minds ، ڈانس گروپ  Diversity  اور دیگر فنکاروں نے موسیقی، رقص اور بصری پیشکشوں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
اس کے بعد ہندوستان نے ۱۸؍ منٹ ۲۷؍ سیکنڈ پر مشتمل ایک شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیا، جس میں ملک کی قدیم تہذیب، کھیلوں سے محبت اور مستقبل کے وژن کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز وسودھیو کٹمبکم  (دنیا ایک خاندان ہے) کے پیغام اور ’’وندے ماترم ‘‘ کی ۱۵۰؍ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا گیا، جس میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام دیا گیا۔
پروگرام کے دوران ہندوستان کے کامن ویلتھ گیمز کے سفر، یادگار کامیابیوں اور عالمی کھیلوں میں بڑھتے ہوئے کردار پر مبنی ایک خصوصی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں ہندوستانی موسیقار  رِشبھ شرما  اور اسکاٹش موسیقار  راس اینسلے  نے مشترکہ موسیقی پیش کی، جس نے گلاسگو سے احمد آباد تک گیمز کے سفر کی علامتی عکاسی کی۔ تقریب کے اختتام پر معروف گلوکار شنکر مہادیون ،  رِشبھ شرما  اور  بھومی ترویدی  کی پرفارمنس نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا، جبکہ شائقین تالیاں بجاتے اور موسیقی پر جھومتے نظر آئے۔

یہ بھی پڑھئے:رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے ایکسل میوزک کا آغاز کر دیا، موسیقی کی دنیا میں نیا قدم


ایتھلیٹس کی روایتی پریڈ میں ہندوستانی باکسر جیسمن لمبوریا  نے قومی پرچم اٹھایا، جبکہ کامن ویلتھ کے ۷۴؍ ممالک اور خطوں کے کھلاڑیوں نے دوستی، اتحاد اور کھیلوں کے جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ مارچ کیا۔ آخر میں کامن ویلتھ گیمز کا پرچم باضابطہ طور پر احمد آباد  کے حوالے کر دیا گیا۔ ۲۰۳۰ء کے کامن ویلتھ گیمز  تاریخی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ یہ مقابلوں کی ۱۰۰؍ویں سالگرہ ہوگی  اور ہندوستان آسٹریلیا کے بعد دوسرا ملک بن جائے گا جو دوسری مرتبہ ان کھیلوں کی میزبانی کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی احمد آباد ۲۰۳۰ء کی الٹی گنتی باضابطہ طور پر شروع ہو گئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK