• Wed, 15 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ کوالیفائر میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی

Updated: October 15, 2025, 6:03 PM IST | Lisbon

۴۰؍ سالہ کرسٹیانورونالڈونے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ہنگری کی ٹیم کے خلاف ۲؍ گول اسکور کئے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے یہ میچ۲۔۲؍ گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔

Cristiano Ronaldo.Photo:INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

دنیائے فٹبال کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور شاندار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائر میں سب سے زیادہ گول کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ بی بی سی کے مطابق۴۰؍ سالہ کرسٹیانورونالڈونے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ہنگری کی ٹیم کے خلاف ۲؍ گول اسکور کئے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے یہ میچ۲۔۲؍ گول کی برابری پر ختم ہوگیا۔ 
۴۰؍ سالہ کرسٹیانورونالڈو نے ورلڈ کپ کوالیفائر میں ۴۱؍ گولز اسکور کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانورونالڈو نے اب تک ورلڈ کپ کوالیفائر میں ۴۱؍ گولز اسکور کرلئے ہیں، جو کہ اس سے قبل کے ریکارڈ ہولڈر، گوئٹے مالا کے کارلوس روئیز کے۳۹؍ گولز سے دو زیادہ ہیں۔  پرتگال کے پاس   ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءکے لیے کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع تھا، لیکن ۹۱؍ویں منٹ میں ہنگری کے کپتان اور لیورپول کے مڈفیلڈر ڈومینک زوبوسلائی نے گول کر کے میچ کا اسکور۲۔۲؍گول سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ 

اب پرتگال کو اگلا موقع ۱۳؍ نومبر کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف ملے  گا، جہاں فتح انہیں باضابطہ طور پر ورلڈ کپ میں پہنچا سکتی ہے۔یاد رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کی۲۲؍ سالہ بین الاقوامی کریئر میں  یورو ۲۰۱۶ء اور دو بار یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ تاہم فیفا ورلڈ کپ ان کا ابھی تک ادھورا خواب ہے۔ ۲۰۰۶ء کے فیفا ورلڈ کپ میں پرتگال کی ٹیم سیمی فائنل مرحلے میں پہنچی تھی تاہم اس کو فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔رونالڈو کی فارم شاندار ہے، مگر کیا وہ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں اپنے خواب کی تکمیل کر پائیں گے؟ اس کا جواب وقت دے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سری لنکا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ

جمائیکا نے برموڈا کو ہرا کر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی
فیفا ورلڈ کپ  ۲۰۲۶ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ کونکاکیف زون گروپ بی کے ایک میچ میں جمائیکا نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برموڈا کو۰۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔ اس فتح کے بعد جمائیکا نے گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کرلی۔ اے ایف پی کے مطابق جمائیکا کی فٹبال ٹیم کے اب تک کھیلے جانےوالے کوالیفائنگ میچز کے بعد گروپ بی میں سب سے زیادہ۹؍  پوائنٹس ہو گئے ہیں اور اس  کے دو میچز باقی ہیں جبکہ برموڈا کی ٹیم مسلسل چار شکستوں کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔   سبینا پارک، جمائیکا میں کھیلے گئے میچ میں میزبان  اور برموڈا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں جمائیکا کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برموڈاکی ٹیم کو بآسانی۰۔۴؍ گول سے ہرا دیا۔ 
ڈینٹ لیوروک،بوبی ڈی کورڈووا ریڈ،شمر نکلسن اورڈوجوان رچرڈز نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم  کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی میزبان کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ گروپ بی میں سب سےزیادہ ۹؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کرلی ہے۔  واضح رہے کہ کونکاکیف زون میں میزبان ممالک امریکہ، کنیڈااور میکسیکو پہلے ہی ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ باقی ۱۲؍ ٹیموں کو تین گروپس  میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے ہر گروپ کی فاتح ٹیم براہ راست ورلڈ کپ میں جگہ بنائے گی جبکہ دو بہترین رنر اپ ٹیموں کو دوسرے زونز کی ٹیموں کے خلاف پلے آف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK