Inquilab Logo

آج ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ

Updated: June 19, 2022, 8:56 AM IST | rajkot

سیریز میں ۲۔۲؍کی برابری حاصل کر چکی دونوں ہی ٹیمیں آخری میچ جیت کر سیریز پر قابض ہونے کی کوشش کریںگی،دنیش کارتک اور آویز خان پر ہوںگی نگاہیں

Team India captain Rishbh Pant (left) can be seen with South Africa captain Temba Bauma.
ٹیم انڈیا کے کپتان رشبھ پنت(بائیں) جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باؤما کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔

: ۵؍ میچوں کی ٹی۔۲۰؍ سیریز ۲۔۲؍ سے برابر ہونے کے بعد اتوار کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فیصلہ کن میچ بلاک بسٹر ہوگا۔دونوں ہی اس میچ کو جیت کر سیریز پر قابض ہونےکی کوشش کریںگی۔
 جنوبی افریقہ نے دہلی اور کٹک میں پہلے ۲؍ میچ آسانی سے جیتے لیکن ہندوستانی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے وشاکھاپٹنم اور راجکوٹ میں اگلے ۲؍میچ جیت کر سیریز برابر کر دی۔ راجکوٹ میں چوتھے میچ میں، ہندوستان نے جنوبی افریقہ پر رنوں کے لحاظ سے ٹی۲۰؍ میں اپنی سب سے بڑی جیت درج کی۔
 راجکوٹ میں پلیئر آف دی میچ رہے دنیش کارتک نے  ۲۰۰۶ءمیں ہندوستان کا پہلا ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل میچ کھیلاتھا اور انہیں اپنی پہلی ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل ہاف سنچری بنانے میں ۱۶؍  سال اور ۳۵؍میچ لگے۔ کارتک نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے تیز ۶۵؍رن جوڑے، جس کی بدولت ایک وقت ۱۳؍اوورمیں ۴؍ وکٹ کے نقصان پر ۸۱؍رن پر لڑکھڑارہی ہندوستانی ٹیم ۱۶۹؍ رن کا چیلنجنگ اسکورکھڑاکیا۔ ہندوستان نے آخری ۵؍ اووروں میں ۷۳؍رن بنائے۔جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے ٹک نہ سکی اور ۸۷؍رنوں پر سمٹ گئی۔ یہ ٹی۔۲۰؍انٹرنیشنل میچوں میں جنوبی افریقہ کا سب سے کم اسکور تھا۔
 جنوبی افریقہ نے اپنی آخری ۵؍ وکٹیں صرف ۱۳؍رن میں گنوا دیں۔ ہندوستان کیلئے اخویز خان بہترین بولر رہے جنہوں نے اپنے کرئیر کی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے  ۱۸؍رن دے کر ۴؍ وکٹ لیا۔ انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔فیصلہ کن میچ میں بھی ہندوستانی ٹیم کو ان سے اچھی کارکردگی کی امید رہےگی۔
 کپتان رشبھ پنت کی فارم ہندوستان کے فیصلہ کن کے سامنے واحد تشویش ہے۔ یہ سیریز کپتان رشبھ پنت کیلئے کچھ خاص نہیں رہی۔ وہ رن تو بنا نہیں رہے ہیں جبکہ ایک ہی طریقے سے آؤٹ ہورہے ہیں۔ پچھلی ۴؍ اننگز میں سے ۳؍ میں وہ ایسی گیندوں پر آؤٹ ہوئے جو آسانی سے وائیڈ ہو سکتی تھیں۔وہ آف اسٹمپ سے بہت باہر جانے والی گیندوں کو زبردستی مارنے کی کوشش کرتے ہیں اور اپنا وکٹ گنوابیٹھتے ہیں۔ چوتھے میچ میں وہ کیشو مہاراج کی وائیڈ لائن کے باہرجاتی ہوئی فل گیند کو سوئپ کرنے گئے، باہری کنارا لگا اورشارٹ تھرڈ مین پر ڈوین پریٹوریئس کے لئے یہ آسان کیچ تھا۔ پنت کو اگر بڑی اننگز کھیلنی ہے تو انہیں اپنی اس کمزوری پر فوراً قابو پانا ہوگا۔
 پنت نے میچ کے بعد کہا ’’ہم نے اچھا کھیلنے اور پلان پر عمل کرنے کی بات کی تھی اور ہم نے ایسا ہی کیا۔ آخری میچ میں جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔ میں اپنے کھیل میں کچھ تبدیلیاں کر سکتا ہوں لیکن میں زیادہ سوچتانہیں۔ بنگلور میں، ہم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اورسیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔‘‘
 جنوبی افریقہ کے نائب کپتان کیشو مہاراج نے کہا ’’آخری ۵؍ اووروں میں ہم نے زیادہ رن لٹائے۔ بلے بازی کے دوران پاورپلے میں ہم سے غلطیاں ہوئیں اورہم پیچھے ہٹ گئے۔ اتوار کو ایک اہم میچ ہوگا اور ہمیں بہتر کرنا ہوگا۔ ہم نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوائیں جس کی وجہ سے شراکت قائم کرنا مشکل ہو گیا۔ ہندوستانی گیند بازوں کو بھی کریڈٹ دینا چاہئے کیونکہ انہوں نے شاندار گیند بازی کی۔ ہندوستان میں میرے لئے چھوٹے میدانوں پر گیند بازی کرنا مشکل ہوتا ہے۔ بنگلور میں آخری میچ کافی دلچسپ ہوگا۔
 ۲۔۲؍میچ میں برابری اور گزشتہ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار طریقے سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ فیصلہ کن میچ جیت کر سیریز پر قبضہ کرنے کی کوشش کری گی جبکہ مہمان ٹیم بھی اسے جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرےگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK