مسلم بستی میں گھس کر بھیڑ نے توڑ پھوڑکی ا وردکان و مکان کو آگ لگائی، بلڈوزر بھی چلا،۴؍ افراد گرفتار،متعدد کے خلاف رپورٹ درج۔
EPAPER
Updated: June 15, 2026, 1:48 PM IST | Agency | Dehradun
مسلم بستی میں گھس کر بھیڑ نے توڑ پھوڑکی ا وردکان و مکان کو آگ لگائی، بلڈوزر بھی چلا،۴؍ افراد گرفتار،متعدد کے خلاف رپورٹ درج۔
اتراکھنڈ کی راجدھانی دہرادون کے وکاس نگر میں کھیت میں پانی دینے کا تنازعہ خونریز لڑائی اور فرقہ وارانہ تشدد میں تبدیل ہو گیا۔ علاقہ کے ایک گروپ نے جمع ہو کر ونود نامی شخص پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ علاج کے دوران ونود کی موت ہو گئی چونکہ اس جھگڑے میں دو مختلف فرقوں کے لوگ شامل تھے، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔مقتول کے کسی ہندو تنظیم سے وابستہ ہونے کے سبب بڑی تعداد میں مختلف تنظیموں کے لوگ اور مقامی افراد جمع ہو گئے اور انھوں نے ملزمین کے ساتھ دیگر لوگوں کی املاک کو بھی نشانہ بنایا۔ کچھ گھروں میں آگ لگا دی گئی، توڑ پھوڑ کی گئی اور پتھربازی کی گئی۔ اس کے بعد بھی ہندو تنظیموں کا ہنگامہ جاری رہا اور انھوں نے ملزمین کے گھروں کو مسمار کرنے کا مطالبہ کیا۔
انتظامیہ بھی فوری حرکت میں آئی اور کلیدی ملزم کے گھر پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ سہسپور پولیس اسٹیشن کے بیراگی والا گاؤں میں پیش آیا۔ واقعہ کے بعدفرقہ وارانہ کے درمیان کشیدگی کے پیش نظر دہرادون کے کئی تھانوں کے سینئر پولیس افسران اور فورسز کو فوری طور پر تعینات کیا گیا۔ صورتحال کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے پی اے سی کی نفری بھی طلب کر لی گئی۔پولیس کے مطابق ملزمین نے دوسرے فریق پر ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے حملہ کیا، جس سے ونود کمار نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جو علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھئے:امیشا پٹیل نے’’غدر : ایک پریم کتھا‘‘ کے تعلق سے کامیابی کا دعویٰ کیا
واقعہ سے علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ سیکڑوں لوگ احتجاج کرتے ہوئےہائی وے پر جمع ہو گئے۔پولیس نے واقعے کے سلسلے میں تین نامزد ملزمین اور۲۵؍ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ملزمان پر قتل، اقدام قتل، ہنگامہ آرائی اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔اس پورے واقعہ کے بارے میں ایس پی دیہات پنکج گیرولا کے مطابق کھیت میں پانی دینے پر دو فریقوں کے درمیان معمولی جھگڑے کے بعد گاؤں میں کچھ نوجوان جمع ہوئے اور ونود نامی نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا، جبکہ تین دیگر کو شدید زخمی کر دیا۔
ایس پی دیہات نے مزید بتایا کہ لوگ ناراض ہیں اور ملزمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس کی ٹیمیں ملزمین کی گرفتاری کے لیے ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈ کپ: سویڈن نے تیونس کو روند ڈالا
پولیس نے رزاق، امان، یونس، جاوید، امتیاز، شہباز، شرافت علی، عادل، شمعون، سلمان، انتظار سمیت متعدد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں فرقوںکے افراد کے درمیان پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا۔ تین دن پہلے بھی کھیتوں میں پانی دینے پر جھگڑا ہوا تھا۔دہرادون کے ایس ایس پی پرمود سنگھ ڈوبل نے بتایا کہ چار ملزمان رزاق، سلمان، یونس اور جاوید کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔پولیس نے افواہوں اور اشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لیے سوشل میڈیا کی نگرانی بھی سخت کر دی ہے۔