Inquilab Logo

دہلی نے وارنر اور پاویل کی شاندار اننگز کی بدولت حیدرآباد کو شکست دی

Updated: May 07, 2022, 2:01 PM IST | Agency | Mumbai

دہلی نے ۲۱؍رن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی پی ایل میں اپنی امیدوں کو زندہ رکھا۔ وارنر کے ۹۲؍رن

David Warner .Picture:INN
دہلی کے بلے باز ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کی ۔ تصویر: آئی این این

سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ۹۲؍رن) اور روومین پاویل (ناٹ آؤٹ۶۷؍رن) نے چوتھے وکٹ کیلئے ناٹ آؤٹ ۱۲۲؍ رن کی شراکت کی جس سے دہلی کیپٹلس نے جمعرات کو آئی پی ایل میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو۲۱؍ رن سے شکست دے کر اپنی پلے آف میں کھیلنے کی امیدوں کو قائم رکھا ۔  دہلی نے۲۰؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر۲۰۷؍ رن کا مضبوط اسکور بنایا اور حیدرآباد کو۲۰؍ اوور میں ۸؍وکٹ پر۱۸۶؍ رن تک محدود کردیا۔ دہلی کی۱۰؍ میچوں میں یہ۵؍ویں جیت ہے اور وہ ٹیبل میں ۵؍ ویںنمبر پر پہنچ گئی ہے، جبکہ حیدرآباد کو۱۰؍ میچوں میں ۵؍ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ ایک مقام کھسک کر چھٹے نمبر پر آ گئی ہے۔ وارنر نے اپنی پرانی ٹیم کے خلاف زبردست تیور کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف۵۸؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۹۲؍ رن کی اننگز میں۱۲؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے جب کہ پاویل نے ۱۸؍رن پر ملی لائف لائن کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۳۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکے اور۶؍ چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ۶۷؍ رن بنائے۔ دونوں نے آخری ۵؍ اوورس میں۷۰؍ رن بنا کر ٹیم کو۲۰۰؍ رن سے آگے پہنچادیا۔ کپتان رشبھ پنت نے۱۶؍ گیندوں پر۳؍ چھکے اور ایک چوکا لگا کر۲۶؍ رن بنائے۔ مشیل  مارش صرف۱۰؍ رن بنا سکے۔ پاویل نے آئی پی ایل کے تیز ترین گیند باز عمران ملک کے آخری اوور میں ایک چھکا اور ۳؍ چوکے لگائے اور۱۹؍ رن بنائے۔ دہلی کے گیند بازوں نے اچھی واپسی کی۔ پہلے ۱۰؍ اوورس میں میچ ان کے ہاتھ میں تھا لیکن ایڈن مارکرم اور نکولس پورن کی شاندار شراکت نے حیدرآباد کو میچ میں برقرار رکھا  تاہم خلیل احمد اور اینریک نورتجے نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ شاردل ٹھاکر نے نصف سنچری بناکر کھیل رہے پورن کو باہر کا راستہ دکھایا اور آخر میں کلدیپ یادو نے میچ کو انجام تک پہنچایا۔  ڈیوڈ وارنر اس جیت سے بہت خوش ہوں گے کیونکہ دہلی اب پوائنٹس ٹیبل میں ۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ مسلسل ۵؍ فتوحات  کے بعد اب حیدرآباد کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مارکرم نے  ۲۵؍گیندوں پر۴۲؍ رن میں ۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ پورن نے۳۴؍ گیندوں پر۶۲؍ رن میں ۲؍ چوکے اور ۶؍ چھکے لگائے۔ راہل ترپاٹھی نے۲۲؍ رن بنائے۔ مارکرم اور پورن نے چوتھے  وکٹ کیلئے  ۶۰؍ رن جوڑے لیکن آخرمیں دہلی کا بڑا اسکور حیدرآباد کیلئے  کافی بڑا ثابت ہوا۔ دہلی کیلئے  خلیل احمد نے ۳۰؍ رن پر ۳؍ وکٹ اور ٹھاکر نے۴۴؍ رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK