Updated: April 02, 2026, 2:09 PM IST
| New Delhi
لونگی نگیڈی اور تھنگاراسو (ہر ایک تین وکٹ) کی شاندار بولنگ کارکردگی کے بعد سمیر رضوی ( ناٹ آؤٹ ۷۰؍رن) اور ٹرسٹن اسٹبس ( ناٹ آؤٹ ۳۹؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت دہلی کیپٹلس نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے ۱۷؍ویں میچ میں ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سمیر رضوی۔ تصویر:آئی این این
لونگی نگیڈی اور تھنگاراسو (ہر ایک تین وکٹ) کی شاندار بولنگ کارکردگی کے بعد سمیر رضوی ( ناٹ آؤٹ ۷۰؍رن) اور ٹرسٹن اسٹبس ( ناٹ آؤٹ ۳۹؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت دہلی کیپٹلس نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے ۱۷؍ویں میچ میں بدھ کے روز چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
۱۴۲؍رن کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، دہلی کیپٹلس نے۲۶؍ رنز پر چار وکٹ گنوا کر خراب شروعات کی۔ محمد سمیع نے پہلے ہی اوور میں کے ایل راہل (صفر) کو بولڈ کیا۔ محسن خان نے چوتھے اوور میں نتیش رانا (۱۵) کو آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں پرنس یادو نے پٹھم نسانکا (ایک) اور اکشر پٹیل (صفر) کو آؤٹ کرکے دہلی کیپٹلس کو مشکل میں ڈال دیا۔ ایسی نازک صورتحال میں سمیر رضوی اور ٹرسٹن اسٹبس کی جوڑی نے نہ صرف اننگز کو آگے بڑھایا بلکہ تیزی سے رنز بھی بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں نے۱۱۹؍رن کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔
سمیر رضوی نے ۱۸؍ ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر دہلی کیپٹلس کے اسکور کو چار وکٹوں پر ۱۴۵؍رن تک پہنچا دیا، جس سے ان کی ٹیم کو چھ وکٹ سے فتح ملی۔ سمیر رضوی نے آئی پی ایل میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی۔ سمیر رضوی نے ناٹ آؤٹ ۷۰؍ رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، ۴۷؍ گیندوں پر پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے ۳۲؍ گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ ۳۹؍رنز بنائے۔
دہلی کیپٹلزکے لیے لونگی نگیڈی اور تھنگاراسو نٹراجن نے تین تین وکٹ لیے۔ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل لونگی ینگیڈی اور تھنگارسو نٹراجن (تین تین وکٹیں) کی قیادت میں گیند بازوں کی بہترین کارکردگی کی بدولت دہلی کیپیٹلز نے بدھ کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے پانچویں مقابلے میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کو۴ء۱۸؍اوورز میں۱۴۱؍ رنز کے اسکور پر ڈھیر کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے:’’رامائن‘‘ ٹیزر: رنبیرکپور کا رام کی صورت میں پہلا لُک سامنے آیا، فلم کی پہلی جھلک جاری
آج یہاں دہلی کیپیٹلز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری لکھنؤ سپر جائنٹس کو پہلا جھٹکا تیسرے اوور میں کپتان رشبھ پنت (۷؍رن) کے رن آؤٹ کی شکل میں لگا۔ اس کے بعد ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔ ایڈن مارکرم (۱۱)، آیوش بدونی (صفر)، نکولس پورن (۸) اور مچل مارش ۳۵؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش نے اپنی اننگز میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ مکول چودھری ۱۴؍ رنز بنا کر چھٹی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے:آبنائے ہرمز ہمارے کنٹرول میں، ٹرمپ کے اشاروں پر نہیں کھلے گی: آئی آر جی سی
۱۸؍ویں اوور میں تھنگارسو نٹراجن نے عبد الصمد کو آؤٹ کر کے دہلی کیپیٹلز کو ساتویں کامیابی دلائی۔ عبد الصمد نے۲۵؍ گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ۳۶؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی اوور کی آخری گیند پر نٹراجن نے محمد سمیع (ایک ) کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔۱۹؍ویں اوور کی تیسری گیند پر لونگی اینگیڈی نے اینرک نورٹجے (صفر) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر محسن خان کو صفر پر آؤٹ کر کے لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کو۱۴۱؍رن سے آگے بڑھنے نہیں دیا۔ دہلی کیپیٹلز کے لیے لونگی اینگیڈی اور تھنگارسو نٹراجن کو تین تین وکٹیں ملیں۔ کلدیپ یادو نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔