جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر بلے باز راسی وین ڈر ڈوسن نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ ۳۷؍ سالہ شاندار بلے باز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
EPAPER
Updated: April 02, 2026, 2:58 PM IST | Johansburg
جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر بلے باز راسی وین ڈر ڈوسن نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ ۳۷؍ سالہ شاندار بلے باز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
جنوبی افریقہ کے ٹاپ آرڈر بلے باز راسی وین ڈر ڈوسن نے جمعرات کو بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔ ۳۷؍ سالہ شاندار بلے باز نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ راسی وین ڈر ڈوسن نے ایکس پر لکھاکہ ’’فخر اور شکرگزاری کے ساتھ میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ اپنے ملک کے لیے کھیلنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے۔ یہ سفر برسوں کی قربانیوں سے بنا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھاکہ ’’ میرے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، مینٹورز اور دوستوں، مجھے اس کہانی کا حصہ بنانے کے لیے شکریہ۔ کرکٹ نے مجھے سب کچھ دیا ہے اور کئی لحاظ سے میں اپنی زندگی کا احسان مند ہوں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو میری ہمیشہ یہی نصیحت رہی ہے، اور رہے گی، کہ بڑے خواب دیکھو اور انہیں پورا کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دو۔ میں نے خود کو کبھی دوسروں سے زیادہ خاص یا باصلاحیت نہیں سمجھا، لیکن میں اپنا سب سے بڑا خواب جینے میں کامیاب رہا ہوں۔ آپ بھی کر سکتے ہیں—چاہے آپ کا خواب کچھ بھی ہو۔‘‘
مداحوں کے لیے انہوں نے لکھاکہ ’’ جنوبی افریقہ کے لوگوں اور مداحوں کا شکریہ۔ سڑکوں پر نعرے سننا یا بھرے ہوئے وانڈررس اسٹیڈیم میں گونجتی آوازوں کے درمیان بیٹنگ کرنا ایک ناقابلِ بیان اور سنسنی خیز تجربہ ہے۔ ان لمحوں کا تعلق اور جذبات ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:’’دھرندھر‘‘ کا ۵ء۷؍ گھنٹے کا ڈائریکٹر کٹ زیر بحث، افواہیں یا حقیقت؟
اپنی اہلیہ کے لیے انہوں نے کہا کہ ’’ لارا، تم ہر قدم پر میرے ساتھ رہی ہو۔ تم نے ہر مشکل اور آسان وقت کو ہمدردی، وقار اور مضبوطی کے ساتھ سنبھالا ہے اور تم میری سب سے بڑی حوصلہ افزائی کرنے والی رہی ہو۔تمہارے بغیر میں یہ سب نہیں کر سکتا تھا۔‘‘
آخر میں انہوں نے کہاکہ ’’جنوبی افریقہ کی جرسی میں میرا وقت ختم ہو چکا ہے، لیکن میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ میں اپنے پیارے لائینز کے لیے کھیلنا جاری رکھوں گا اور جنوبی افریقی کرکٹرز کی اگلی نسل کی رہنمائی کر کے اس خوبصورت کھیل کو کچھ واپس دینا چاہتا ہوں۔ مجھے جنوبی افریقہ اور کرکٹ سے محبت ہے۔ ہر چیز کے لیے شکریہ۔‘‘ اکتوبر۲۰۱۸ء میں ٹی۲۰؍ سے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کرنے والے ڈوسن نے جنوبی افریقہ کے لیے ۱۸؍ ٹیسٹ، ۷۱؍ ون ڈے اور ۵۷؍ ٹی۲۰؍میچ کھیلے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں ۶؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ۹۰۵؍ رنز، ون ڈے میں ۶؍سنچریوں اور۱۷؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ۲۶۵۷؍رنز جبکہ ٹی۲۰؍ میں ۱۰؍ نصف سنچریوں کی مدد سے ۱۴۰۶؍ رنز بنائے۔