Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئندہ سال کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کی تعداد اور اسکواڈ بڑھانے کا مطالبہ

Updated: July 30, 2026, 11:40 AM IST | Sydney

آسٹریلیا کےہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونالڈ کا کہنا ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں نئے فارمیٹ کے تحت ٹیموں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ میچ کھیلنے ہوں گے، اسلئے۱۵؍ رکنی اسکواڈناکافی ہے۔

Andrew McDonald - Photo: INN
اینڈریو میک ڈونالڈ ۔ تصویر: آئی این این

آسٹریلیائی ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونالڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے۲۰۲۷ء  ون ڈے ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹیموںکے اسکواڈ میں بھی اضافہ کا مطالبہ کیاہے اور کہا ہے کہ ۱۵؍ رکنی اسکوا ڈکافی نہیں ہے۔ اس ماہ کے شروع میں آئی سی سی نے نئے فارمیٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تقریباً دو ہفتے قبل آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ وَن ڈے ورلڈ کپ۲۰۲۷ء ۱۴؍ ٹیموں کا ٹورنامنٹ ہوگا۔ اس میں گروپ اسٹیج سے پہلے سپر سیریز اور سیمی فائنل سے پہلے نیا سپر۷؍مرحلہ بھی ہوگا۔ یہ۲۰۲۳ءمیں ہندوستان میں کھیلے گئے۱۰؍ٹیموں  پرمشتمل ورلڈ کپ سے مختلف فارمیٹ  ہوگا۔۲۰۲۳ء کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے ۹؍ لیگ میچ، ایک سیمی فائنل اور ایک فائنل سمیت کل۱۱؍میچ کھیلے تھے لیکن۲۰۲۷ء میں چمپئن بننے والی ٹیم کو کم از کم۱۳؍ میچ کھیلنے ہوں گے جس میں پانچ گروپ میچ، ۶؍ سپر۷؍مقابلے، ایک سیمی فائنل اور ایک فائنل شامل ہوگا۔ اگر ابتدائی سپر سیریز کھیلنے والی نچلی رینکنگ کی ۳؍ ٹیموں میں سے کوئی فائنل تک پہنچتی ہے تو چمپئن ٹیم کو۱۵؍ میچ بھی کھیلنے پڑ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مندھانا کی ناٹ آؤٹ ۸۸؍ رنز کی اننگز سے سپر جائنٹس کی دلچسپ فتح

میکڈونالڈ نے بدھ کو آسٹریلیا کے ایس ای این ریڈیو سے بات چیت میں دوبارہ کہا کہ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ میں میچوں کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ٹیموں کی تعداد بھی بڑھائی جانی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ تقریباً اتنے ہی وقت میں کھیلا جائے گا جتنے وقت میں ۲۰۲۳ء  کا ورلڈ کپ ہوا تھا۔

میکڈونالڈ نےٹیم اسکواڈ کے تعلق سے کہا کہ’’میرے خیال میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر یہ آپ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے، تو اسکواڈ کی تعداد کیسی ہونی چاہئے۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں۱۵؍ کھلاڑیوں کی ٹیم کے ساتھ ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میرا ماننا ہے کہ نیوزی لینڈ کی صورتحال بھی ایسی ہی تھی۔ ہمارے ہاں ٹریوس ہیڈ کی چوٹ سب سے بڑی تھی، جبکہ نیوزی لینڈ کے پاس کین ولیمسن سمیت کچھ کھلاڑی زخمی تھے۔‘‘ آسٹریلیا کو ورلڈ کپ کا اعزاز دلانے والے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونالڈ نے ۲۰۲۷ء کے آئی سی سی وَن ڈے ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کے اسکواڈ کا حجم بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے فارمیٹ میں۱۵؍ رکنی اسکواڈ ناکافی ثابت ہو سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میکڈونالڈ کا کہنا ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں نئے فارمیٹ کے تحت ٹیموں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ میچ کھیلنے ہوں گے، اس لئے اسکواڈ کو۱۷؍ کھلاڑیوں تک بڑھایا جانا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: شبھ من گل دوبارہ ون ڈے کے نمبر ایک بلے باز بن گئے

میکڈونالڈ نے یاد دلایا کہ۲۰۲۳ء کے ورلڈ کپ میں ٹریوس ہیڈ کی انجری کے باعث آسٹریلیا کو محدود فٹ کھلاڑیوں کے ساتھ مہم کا آغاز کرنا پڑاتھا جس سے ٹیم کے انتخاب پر اثر پڑا تھا۔ان کے مطابق اگر اسکواڈ۱۷؍ رکنی ہو توچوٹ کے شکار اہم کھلاڑیوں کو ٹیم کے ساتھ برقرار رکھنے اور مختلف کنڈیشنز کے مطابق موزوں کمبی نیشن بنانے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل بین الاقوامی کرکٹ کے باعث کھلاڑی پہلے ہی جسمانی دباؤ کا شکار رہتے ہیں، اس لیے آئی سی سی کو بڑے اسکواڈ کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔آسٹریلوی کوچ نے نئے فارمیٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ اس میں ایسوسی ایٹ(رکن) ممالک کیلئے مواقع پہلے کے مقابلے میں محدود ہو گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK