Updated: October 20, 2025, 1:29 PM IST
|
Agency
| Denmark
ہندوستانی جوڑی کو جاپانی جوڑی نے۳؍گیم میں ہراکر ٹورنامنٹ سے باہرکا راستہ دکھایا۔
ساتوک اور چراغ کی ہندوستانی جوڑی فائنل میں پہنچنے سے محروم ہوگئی۔ تصویر: آئی این این
ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی ہندوستانی جوڑی کو ڈنمارک اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے ڈبلز سیمی فائنل میں جاپان کے تاکورو ہوکی اور یوگو کوبیاشی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
۶۸؍منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ساتوک۔چراغ کو جاپان کے تاکورو ہوکی اور یوگو کوبیاشی سے۲۳۔۲۱،۱۸۔۲۱،۲۱۔۱۶؍سے شکست ہوئی۔ ۲۰۲۱ء کے عالمی چمپئن اور ۲۰۱۹ءکے چاندی کا تمغہ جیتنے والے، تاکورو ہوکی اور یوگو کوبیاشی نے پہلے گیم میں ۶۔۱۱؍کی برتری حاصل کرتے ہوئے میچ کا مضبوط آغاز کیا۔ عالمی بیڈمنٹن رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود ساتوک اور چراغ نے واپسی کرتے ہوئے اسکور کو ۲۰۔۲۰؍ سے برابر کردیا لیکن جاپانی جوڑی نے دباؤ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا گیم جیت لیا۔
دوسرے گیم میں ہندوستانی جوڑی نے جارحانہ آغاز کیا اور ۴؍ پوائنٹس کی برتری حاصل کی۔ تاکورو اور کوبیاشی نے بھرپور کوشش کی لیکن ہندوستانیوں نے کھیل جیت کر میچ برابر کردیا۔ فیصلہ کن گیم میں دونوں ٹیموں نے سخت مقابلہ کیا۔ ہندوستانی جوڑی نے ایک موقع پر لگاتار ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ برتری حاصل کی لیکن جاپانی جوڑی نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فتح کو یقینی بنایا۔ ۶؍ میچوں میں ہندوستانی جوڑی کے خلاف یہ ان کی دوسری جیت تھی۔