Inquilab Logo

ڈیوائن کی زبردست اننگز کے آگے جائنٹس نا کام

Updated: March 20, 2023, 1:36 PM IST | Mumbai

خواتین پریمیر لیگ میں بنگلور نے جائنٹس کو ۸؍وکٹ سے روندا۔ ڈیوائن نے ۹۹؍رن بنائے

photo;INN
تصویر :آئی این این

وپنر سوفی ڈیوائن (۹۹) ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں اپنی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہیں، لیکن ان کی آتشیں نصف سنچری کی بدولت  رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نےسنیچرکو گجرات جائنٹس کو۸؍ وکٹ سے  روند  دیا۔ جائنٹس نے آر سی بی کے سامنے۱۸۹؍ رن کا بہت بڑا ہدف رکھاتھا، اس کے باوجود آر سی بی نے  اسے معمولی ثابت کرتے ہوئے یہ ہدف۱۵ء۳؍ اوور میں حاصل کر لیا۔جائنٹس کیلئے لورا وولورڈ نے ۴۲؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۶۸؍ رن بنائے لیکن ڈیوائن کی اننگز  نے ان کی کوششیں رائیگاں کردیں۔
 ڈیوائن نے۳۶؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور ۸؍ چھکوں کی مدد سے۹۹؍ رن بنا کر بریبورن اسٹیڈیم کو جگمگا دیا۔ ڈیوائن ڈبلیو پی ایل کی پہلی سنچری اسکور نہیں کر سکیں لیکن   ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ اسکور اب ان کے نام  ہے۔ انہوں نے کپتان اسمرتی مندھانا (۳۱؍ گیندوں، ۵؍ چوکوں، ایک چھکا) کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۱۲۵؍ رن کی سنچری شراکت کرکے جائنٹس کو میچ سے باہر کردیا۔ مندھانا اور ڈیوائن ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی آؤٹ ہوگئیں لیکن ایلیس پیری (ناٹ آؤٹ ۱۹؍رن) اور ہیتھر نائٹ ( ناٹ آؤٹ ۲۲؍رن) نے تیسرے وکٹ کیلئے۳۲؍رن کی ناقابل شکست شراکت کرکے آر سی بی کو فتح دلائی۔
 اس بڑی کامیابی کے بعد آر سی بی کا نیٹ رن ریٹ بھی جائنٹس سے بہتر ہوگیا ہے اور اب وہ ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ڈبلیو پی ایل ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے۔ پوائنٹس کی اتنی ہی تعداد کے ساتھ، ڈیوائن ٹیبل میں سب سے نیچے ۵؍ویں نمبر پر ہے۔
  جائنٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اب تک بے رنگ نظر آئی آر سی بی کی بلے بازی کے سامنے بڑا اسکور کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا۔ صوفیہ ڈنکلے (۱۰؍گیندیں،۳؍چوکے،۱۶؍رن) تیز کھیلنے کی کوشش میں جلد آؤٹ ہوگئیں، لیکن وولورڈ نے آر سی بی کے گیند بازوں پر حملے جاری رکھے۔ وولورڈ نے سبینینی میگھنا کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۶۳؍ رن کی شراکت کی جس میں میگھنا نے۳۲؍ گیندوں پر۴؍چوکے لگا کر۳۱؍رن بنائے۔ میگھنا کا وکٹ گرنے کے بعد وولورڈ نے۱۴؍ویں اوور میں چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، حالانکہ وہ بھی۶۸؍ رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئیں۔
 ایشلے گارڈنر نے وولورڈ کی دی ہوئی بنیاد پر ۲۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۱؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ دیالن ہیملتا نے ۶؍ گیندوں پر ۱۶؍ رن بنائے جبکہ ہرلین دیول نے ۵؍ گیندوں پر ۱۲؍ رن بنائے اور جائنٹس آخری ۵؍ اوورس میں ۶۷؍ رن جوڑ کر بڑا اسکور بنا سکی۔ آر سی بی کو پوائنٹس ٹیبل میں جائنٹس کو شکست دینے کیلئے  دھماکہ خیز بلے بازی کی ضرورت تھی۔ ڈیوائن نے ۹۹؍رن کی اننگز کھیل کر مندھانا کی ٹیم کا کام آسان کر دیا۔ مندھانا نے بخوبی  ساتھ نبھایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK