Inquilab Logo

کیا واقعی کرسٹیا نورونالڈوسب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے

Updated: January 13, 2021, 9:07 AM IST | Agency | London

سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں تنازع۔ برازیل کے لیجنڈ پیلے اور روماریو کے کلب کا سب سے زیادہ گول کرنے کا دعویٰ

Cristiano Ronaldo .Picture :INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

یووینٹس فٹبال کلب کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیا نورونالڈو نے سوسولو کے خلاف اٹلی کی گھریلو لیگ سیری اے میں ہونےوالے میچ میں ایک گول کرکےآل ٹائم گول اسکورر کا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے کریئر کا ۷۵۹؍ واں گول کیا اور  ٹاپ پر موجود جوزف بیکان کو جوائن کیا۔لیکن کیا واقعی یہ سچ ہے؟اس تعلق سے بہت سی خبریں گشت کررہی ہیں اور کلبوں کی جانب سے بھی  متنازع اعدادوشمار پیش کئے جارہے ہیں۔ ریک اسپورٹ ساکر اسٹیٹسٹکس فاؤنڈیشن (آر ایس ایس ایس ایف ) کی تفصیلات کے مطابق جوزف بیکان آل ٹائم گول اسکورر کی فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے فٹبال میچ نہیں کھیلے لیکن کریئر میں ۸۰۵؍ گول کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوںنے یہ گول محض ۵۳۰؍ میچوں میں کئے تھے۔ دوسری طرف برازیل کے لیجنڈ روماریو نے ۷۷۲؍ اور پیلے نے ۷۶۷؍گول کئے تھے۔  بیکان کا انتقال ۲۰۰۱ء میں ہوا تھا ۔انہوں نے اپنے کریئر میں ۵؍کلبوں کیلئے فٹبال کھیلا تھا  جن  میں ریپڈ ویانا اور سلاویا پراگ بھی شامل ہیں۔انہوںنے ۲؍قومی ٹیموں آسٹریا اور چیکوسلوواکیہ کی جانب سے فٹبال کھیلا۔ وہ ۱۹۳۱ ء سے ۱۹۵۵ء تک فٹبال کھیلتے رہے۔ ان کے ریکارڈس کے تعلق سے جو اعداد وشمار ملتے ہیں اس کے مطابق انہوںنے ۸۰۵؍گول کئے تھے۔ ان میں سے کچھ غیردفتری گول بین الاقوامی مقابلوں میں ہوئے تھے۔ اگر ان سبھی کو نکال دیا جائےتوانہو ںنے ۴۹۵؍ میچوں میں ۷۵۹؍گول کئے تھے۔ آر ایس ایس ایس ایف کے ڈاٹا کے مطابق ۱۹۵۲ء میں چیک جمہوریہ کے دوسرے درجہ کے ٹورنامنٹ کی تفصیلات غائب ہیں۔  دوسری طرف روماریو اور پیلے کے تعلق سے الگ الگ دعویٰ کیا جاتاہے۔ دونوں برازیلی کھلاڑیوں کے بارے میں کہاجاتا ہے کہ انہوں نے ایک ہزار سے زائد گول کئے ہیں۔ لیونل میسی نے ایک کلب کی جانب سے  سب سے زیادہ گول کرنے کا پیلے کا ریکارڈ توڑا تھا جوکہ ۶۴۳؍گول کاتھا۔ پیلے کے روایتی فٹبال کلب سانتوس کا دعویٰ ہے کہ برازیلی لیجنڈ نے کلب کی جانب سے ۱۰۹۱؍گول کئے تھے۔ دوسری طرف پیلے کا انسٹاگرام اکاؤٹ دعویٰ کرتا ہےکہ وہ آل ٹائم لیڈنگ گول اسکورر  ہیں۔انسٹا پر ان کے گول کی تعداد  ۱۲۸۳ ؍گول ہے۔اگرپیلے کے دوستانہ اور ملٹری ٹیم کیلئے کھیلے گئے مقابلوں کے گولز کو الگ کردیا جائے تو انہوں نے سانتوس،برازیل اور نیویارک کاسموس کی ٹیموں کیلئے ۷۵۷؍ گول کئے ہیں۔۱۹۵۹ء میں انہوںنے ملٹری کی ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK