• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلجیت دوسانجھ لاس ویگاس میں لاطینی گریمی ایوارڈز کی تقریب میں پرفارم کریں گے

Updated: November 06, 2026, 6:04 PM IST | Las Vegas

ہندوستانی پنجابی موسیقی کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے لیے ایک اور بڑا بین الاقوامی اعزاز سامنے آیا ہے۔ انہیں ۲۰۲۶ء کے لاطینی گریمی ایوارڈز میں پرفارم کرنے والے فنکاروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

Diljit Dosanjh.Photo:INN
دلجیت دوسانجھ۔ تصویر:ائی این این

ہندوستانی پنجابی موسیقی کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کے لیے ایک اور بڑا بین الاقوامی اعزاز سامنے آیا ہے۔ انہیں ۲۰۲۶ء کے لاطینی گریمی ایوارڈز میں پرفارم کرنے والے فنکاروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں وہ لاطینی موسیقی کی معروف گلوکارہ کرول جی (Karol G) اور عالمی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر بیزاراپ (Bizarrap) سمیت کئی نامور فنکاروں کے ساتھ اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ لاطینی ریکارڈنگ اکیڈمی نے ۵ ؍نومبر کو ۲۷؍ویں سالانہ لاطینی گریمی ایوارڈز کے لیے فنکاروں کے نئے ناموں کا اعلان کیا، جس میں دلجیت دوسانجھ کی شمولیت نے ہندوستانی موسیقی کے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے۔ یہ تقریب ۱۲ نومبر کو امریکی شہر لاس ویگاس کے ایم جی ایم گرینڈ گارڈن ایرینا  میں منعقد ہوگی۔ اس اعلان کے بعد دلجیت کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’’پنجابی آ گئے گریمی اوئے‘‘ جسے ان کے مداحوں نے بھی خوب پسند کیا۔

یہ بھی پڑھئے:رونالڈو کے بین الاقوامی ریٹائرمنٹ کے بعد آر سی بی کو وراٹ کا ’گوٹ‘ خراجِ تحسین یاد آیا

دلجیت کے ساتھ اس سال لاطینی گریمی ایوارڈز میں پرفارم کرنے والوں کی نئی فہرست میں کرول جی، بیزاراپ، بے بی رینکس (Baby Ranks)، بیڈ گیال (Bad Gyal)، ڈی جے پریمیئر (DJ Premier)، گروپو نیچے (Grupo Niche)، جے وہیلر (Jay Wheeler)، ناتھی پیلوسو (Nathy Peluso)، لوئس اینریکے (Luis Enrique)، ڈیوی نو (Divino)، میگوئل کولون (Miguel Colón)، لِل سوپا (Lil Supa) اور اینجل ’’کوکو‘‘ پینا (Ángel “Cucco” Peña) بھی شامل ہیں۔ اس سے پہلے اعلان کردہ فنکاروں میں انیتا (Anitta)، ڈیڈی یانکی (Daddy Yankee)، روزالیا (Rosalía)، خوانیس (Juanes)، کاری لیون (Carín León)، مون لافیرتے (Mon Laferte)، جارج ڈریکسلر (Jorge Drexler)، فیڈ (Feid) اور دیگر معروف نام شامل ہیں۔ اس طرح ۲۷ویں لاطینی گریمی تقریب میں دنیا بھر کی مختلف موسیقی کی روایات اور زبانوں سے تعلق رکھنے والے فنکار ایک ہی اسٹیج پر جمع ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے:رنبیر کپور اور یش کی فلم ’’رامائن‘‘ کی باکس آفس پر شاندار شروعات

دلجیت دوسانجھ کی لاطینی گریمی ایوارڈز میں پرفارمنس کو پنجابی موسیقی کی بین الاقوامی رسائی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں دلجیت نے اپنی گلوکاری، اداکاری اور بین الاقوامی دوروں کے ذریعے دنیا بھر میں ایک بڑی مداحوں کی تعداد بنائی ہے۔ ’گوٹ‘ (G.O.A.T)، ’بورن ٹو شائن‘ (Born To Shine)، ’کنّی کنّی‘ (Kinni Kinni)، ’لوور‘ (Lover)، ’ڈو یو نو‘ (Do You Know) اور ’۵ تارا‘ (5 Taara) جیسے گیتوں نے انہیں پنجابی موسیقی کے مقبول ترین فنکاروں میں نمایاں مقام دلایا ہے۔ وہ ان دنوں اپنے ’اورا انڈیا ٹور‘  میں مصروف ہیں، جس کا آغاز ۳۰ ؍اکتوبر کو نئی دہلی سے ہوا تھا۔ ان کا اگلا کنسرٹ ۱۵؍ نومبر کو اندور میں طے ہے۔ 
اس سال کی تقریب میں لاطینی موسیقی کے عظیم فنکار اور سالسا موسیقی کے اہم بانیوں میں شمار ہونے والے آنجہانی ولی کولون  کو خصوصی خراجِ عقیدت بھی پیش کیا جائے گا۔ اس موسیقی پروگرام کی قیادت اینیو گیٹی   کریں گے اور ولی کولون کے ساتھ کام کرنے والے اصل ۱۳ ؍ رکنی بینڈ کو بھی اس خراجِ عقیدت میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میکسیکو کے معروف گلوکار اور نغمہ نگار خوسے الفریدو خیمنیز کو بھی خصوصی خراج پیش کیا جائے گا، جس کے موسیقی پروڈیوسر ایڈگر بیرّیرا ہوں گے۔ تقریب کی میزبانی اداکارہ اور پروڈیوسر روزلین سانچیز  کریں گی۔ ایوارڈز کی مرکزی تقریب امریکہ میں یونی ویژن، یونی ماس، گلاویژن اور وِکس پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK