Inquilab Logo Happiest Places to Work

جوکووچ تیسرے راؤنڈ میں، ریباکینا دوسرے راؤنڈ سے باہر

Updated: May 28, 2026, 2:03 PM IST | Paris

نوواک جوکووچ پیرس کے مشہور سرخ کلے کورٹ پر اپنی فارم دوبارہ حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور فرینچ اوپن ۲۰۲۶ء کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

Novak Djokovic.Photo:X
نوواک جوکووچ۔ تصویر:ایکس

نوواک جوکووچ پیرس کے مشہور سرخ کلے کورٹ پر اپنی فارم دوبارہ حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور فرینچ اوپن ۲۰۲۶ء کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ اس سیزن میں اس سطح پر صرف ایک میچ کھیل کر رولان گیروس میں اترنے والے اولمپک چیمپئن کا ریکارڈ اب مثبت ہوگیا ہے۔ انہوں نے بدھ کو عالمی درجہ بندی میں ۷۴؍ویں نمبر پر موجود ویلینٹین روئیر کو  شکست دی۔ 
خواتین کے مقابلوں میں سب سے بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے کو ملا جب دنیا کی نمبر دو کھلاڑی ایلینا ریباکینا کو ۵۵؍ویں رینکنگ کی یولیا اسٹاروڈوبتسیوا کے ہاتھوں دوسرے راؤنڈ میں غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلا سیٹ جیتنے کے باوجود ریباکینا اپنی بہترین فارم سے بہت دور نظر آئیں جبکہ اسٹاروڈوبتسیوا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے  کامیابی حاصل کی۔ 
۳۹؍ سالہ جوکووچ اب تیسرے راؤنڈ میں ۲۸؍ویں سیڈ یافتہ ژواو فونسیکا کا سامنا کریں گے۔ برازیل کے اس نوجوان کھلاڑی نے ابتدائی دو سیٹ ہارنے کے باوجود پانچ سیٹوں کے سخت مقابلے میں فتح حاصل کی۔ 
اپنے ہی ملک کے پسندیدہ کھلاڑیوں کے خلاف مسلسل مقابلوں کے بعد یہ حریف شاید سربیا کے اس اسٹار کے لیے کچھ آسانی لائے۔ جوکووچ نے کورٹ پر مذاق کرتے ہوئے کہاکہ ’’امید ہے کہ ٹورنامنٹ کے اختتام تک مجھے کسی اور فرانسیسی کھلاڑی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اب بہت ہو گیا۔ میں نے دو میچ کھیلے ہیں، لیکن ایسا لگ رہا ہے جیسے دو ہفتے کھیل چکا ہوں۔‘‘ 

 


۲۴؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم فاتح جوکووچ ایک آسان جیت کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے تھے، کیونکہ انہوں نے پہلے دو سیٹ بآسانی جیت لیے تھے۔ تاہم روئیر نے تیسرے سیٹ میں مقابلہ ٹائی بریک تک پہنچا دیا اور کامیاب ہو کر میچ کو چوتھے سیٹ تک لے گئے۔ چوتھے سیٹ میں جوکووچ نے۱۔۴؍ کی برتری حاصل کر کے تقریباً چار گھنٹے جاری رہنے والا میچ اپنی سروس پر ختم کیا۔ بدھ کو فرانسیسی دارالحکومت میں درجہ حرارت تقریباً ۳۲؍ ڈگری سیلسیس ہونے کے باعث یہ میچ ان کے لیے خاصا تھکا دینے والا ثابت ہوا۔ 

یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کے گانے’گھِس گھِس گھِس‘ میں بھوجپوری اداکاربنے

شام کے سیشن میں مردوں کے دوسرے سیڈ یافتہ الیگزینڈر زویریف نے اپنے ساتھی اولمپک طلائی تمغہ یافتہ توماش ماخاچ کو سیدھے سیٹوں میں ۴۔۶، ۲۔۶، ۲۔۶؍ سے شکست دی۔  اپنی طاقتور سروس اور درست شاٹس کے لیے مشہور موجودہ آسٹریلین اوپن چیمپئن ریباکینا نے ۷۱؍ غیر ضروری غلطیاں کیں اور اپنی پہلی سروس میں سے صرف ۵۳؍ فیصد درست جگہ پر ڈال سکیں۔ ۲۰۲۰ء کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ قازقستان کی ریباکینا پیرس میجر کے تیسرے راؤنڈ تک نہیں پہنچ سکیں؛ اسی طرح ۲۰۲۴ء کے آسٹریلین اوپن کے بعد یہ کسی گرینڈ سلیم سے ان کی سب سے جلد رخصتی ہے۔ ریباکینا کی جلد شکست کا مطلب یہ بھی ہے کہ آرینا سبالینکا رولا گیروس میں اپنے نتائج سے قطع نظر دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی برقرار رہیں گی۔ ۲۶؍ سالہ ریباکینا کو رینکنگ میں سبالینکا کی تقریباً دو سالہ برتری ختم کرنے کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا ضروری تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:عیدالاضحیٰ پر نوئیڈا پولیس الرٹ، فلیگ مارچ کر کے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا


ہار کے بعد ریباکینا نے کہاکہ ’’یہ بہت افسوسناک ہے، کیونکہ مجھے لگ رہا تھا کہ فرینچ اوپن سے پہلے میری پریکٹس اچھی جا رہی تھی۔ آج میرا کھیل بہت خراب رہا اور میں نے بہت زیادہ غیر ضروری غلطیاں کیں۔‘‘ یوکرین کی اسٹاروڈوبتسیوا کے لیے یہ مسلسل دوسرا سال ہے کہ انہوں نے فرینچ اوپن میں بڑا اپ سیٹ کیا ہے، گزشتہ سال انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں ۲۰۲۴ء کی رنر اپ اور چوتھی سیڈ یافتہ جیسمین پاؤلینی کو شکست دی تھی۔ تیسرے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ چین کی وانگ ژیو سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK