Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلیپ ٹرافی: ایشان کشن کے زخمی ہونے پر ویبھو سوریہ ونشی ایسٹ زون کے کپتان

Updated: August 30, 2026, 6:03 PM IST | Mumbai

نوجوان بلے باز ویبھَو سوریہ ونشی کو پہلی مرتبہ سینئر فرسٹ کلاس کرکٹ میں کپتانی کرنے کا موقع ملا۔ اتوار کو دلیپ ٹرافی کے سیمی فائنل میں سینٹرل زون کے خلاف انہوں نے ایسٹ زون کے قائم مقام کپتان کی حیثیت سے ٹیم کی قیادت کی۔

Vaibhav Suryavanshi.Photo:INN
ویبھوسوریہ ونشی۔ تصویر:آئی این این

 نوجوان بلے باز  ویبھَو سوریہ ونشی کو پہلی مرتبہ سینئر فرسٹ کلاس کرکٹ میں کپتانی کرنے کا موقع ملا۔ اتوار کو دلیپ ٹرافی کے سیمی فائنل میں سینٹرل زون کے خلاف انہوں نے  ایسٹ زون کے قائم مقام کپتان  کی حیثیت سے ٹیم کی قیادت کی۔ ایسٹ زون کے موجودہ نائب کپتان سوریاونشی نے سیمی فائنل کے پہلے دن کپتانی کی ذمہ داری اس وقت سنبھالی جب مستقل کپتان  ایشان کشن میدان سے باہر چلے گئے۔ سینٹرل زون کی بیٹنگ کے دوران وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے کشن کے دائیں انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی، جس کے بعد انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔
ایشان کشن کی جگہ  کمار کشاگر  نے وکٹ کیپر کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ سوریہ ونشی نے کچھ وقت کے لیے زونل ٹیم کے قائم مقام کپتان کا کردار ادا کیا۔ ویبھَو سوریہ ونشی دلیپ ٹرافی کے دوران مسلسل توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ اس نوجوان کھلاڑی نے نارتھ ایسٹ زون کے خلاف کوارٹر فائنل میں صرف ۸؍ رنز  بنائے تھے، تاہم گیند بازی میں ان کی کارکردگی شاندار رہی۔ انہوں نے صرف ۱۱؍ رنز دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:ششی کپور کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہالی ووڈ میں بھی اپنی پہچان بنائی

ویبھَو نے اپنی گیند بازی کے تجربے کے بارے میں بھی بات کی تھی۔ بی سی سی آئی ڈومیسٹک کی جانب سے پوسٹ کیے گئے ویڈیو میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی بلے باز سے پوچھا جائے تو اسے ہمیشہ گیند بازی کرنا پسند ہوتا ہے، جبکہ ایک گیند باز کو بھی بیٹنگ کرنے میں اتنا ہی مزہ آتا ہے۔
 زونل ٹیم کے نائب کپتان اور ایشان کشن کے معاون کے طور پر مقرر کیے گئے سوریہ ونشی نے کپتان کی جانب سے انہیں گیند بازی دینے کے فیصلے پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ مخالف ٹیم کے وکٹ نہیں گر رہے تھے، اس لیے انہیں ۲؍ یا ۳؍ اوور گیند بازی  کرنے کے لیے کہا گیا۔ سوریہ ونشی کے مطابق ایشان کشن کو لگا تھا کہ وہ ایک خطرہ مول لے رہے ہیں، لیکن انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ ’’وکٹ لینے والے کھلاڑی‘‘ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:طالبان، کابل میں امریکی سفارت خانہ کھولنے کا خواہاں

 ایسٹ زون اور سینٹرل زون کے سیمی فائنل میں ایسٹ زون نے ٹاس جیت کر  رجت پاٹیدار  کی قیادت والی سینٹرل زون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔سینٹرل زون کی ٹیم میں سارانش جین  کی واپسی ہوئی ہے۔ اس آف اسپن آل راؤنڈر نے رواں ماہ کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں ہندوستان کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا۔ پہلے دن کے پہلے سیشن میں ایسٹ زون نے سینٹرل زون کو ۳۲؍ اوورز میں ۸۱/ ۳؍ تک محدود رکھا اور مسلسل دباؤ بنائے رکھا۔
ابھیجیت کے سرکار  نے۲؍ جبکہ  مکیش کمار  نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ابھیجیت نے پہلے گھنٹے میں  امن موکھاڑے اور کنال چندیلا  کو آؤٹ کیا، جبکہ ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند باز مکیش کمار نے دوسرے گھنٹے کے اختتام پر سینٹرل زون کے کپتان  رجت پاٹیدار کو ۱۲؍ رنز  پر کلین بولڈ کردیا۔اس طرح ایشان کشن کے زخمی ہونے کے بعد ویبھَو سوریہ ونشی کو پہلی بار سینئر فرسٹ کلاس سطح پر کپتانی کا تجربہ حاصل ہوا، جو ان کے ابھرتے ہوئے کرکٹ کریئر میں ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK