Updated: June 11, 2026, 12:23 PM IST
|
Agency
| Mumbai
آمنہ اس فہرست میں شامل ہونے والی واحد عرب کھلاڑی ہیں ، انہیں میسی اور رونالڈو کے ساتھ جگہ دی گئی ہے ۔
اماراتی ریسر آمنہ القبیسی نے شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔تصویر:آئی این این
متحدہ عرب امارات کی معروف فارمولا ریسنگ ڈرائیور آمنہ القبيسی نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ مشہور امریکی جریدے ٹائم میگزین نے انہیں سال ۲۰۲۶؍ کے لئے دنیا کی ۱۰۰؍ سب سے بااثر کھیلوں کی شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ آمنہ القبيسی اس باوقار فہرست میں شامل ہونے والی واحد عرب کھلاڑی ہیں۔اس فہرست میں آمنہ القبيسی کو دنیا کے عظیم ترین اسپورٹس آئیکون جیسے کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، لیبرون جیمز، کارلوس الکاراز اور کیٹلن کلارک کے ساتھ جگہ دی گئی ہے۔اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آمنہ نے کہا کہ میں ٹائم میگزین کی جانب سے ۱۰۰؍ بااثر ترین اسپورٹس شخصیات میں شامل کئے جانے پر انتہائی فخر محسوس کر رہی ہوں۔ اس اعزاز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ میری ۱۲؍ سالہ انتھک محنت اور مستقل مزاجی رنگ لائی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے مشرقِ وسطیٰ کی دیگر لڑکیوں کو ترغیب ملے گی۔
آمنہ القبيسی نے مردوں کے غلبے والے اس کھیل میں پہلی اماراتی خاتون ریسنگ ڈرائیور بن کر تاریخ رقم کی۔انہوں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران دنیا کے سب سے بڑے ٹریکس پر یو اے ای کی نمائندگی کی ہے۔ ان کی اس کامیابی سے عرب خطہ کو بھی فائدہ ہونے کی امید ہے۔