Inquilab Logo Happiest Places to Work

کوکن : ۲؍ الگ الگ واقعات میں ۴؍ افراد غرقاب، ۳؍ سگے بھائی تھے

Updated: June 11, 2026, 12:30 PM IST | Siraj Shaikh | Khed

مروڈ میں ۲؍ نوجوان ڈوب گئے جن میں سے ایک کو بچالیا گیا دوسرا چل بسا، کھیڑ میں ۳؍ سگے بھائیوں کو کوشش کے باوجود بچایا نہیں جا سکا ۔

Khed: Selfie Taken Before Death.Photo:INN
کھیڑ: موت سے پہلے لی گئی سیلفی-تصویر:آئی این این
 رائے گڑھ اور رتنا گیری میں ایک ہی دن میں ۲؍ الگ الگ المناک واقعات پیش آئے جن میں کل چار افراد غرق آب ہو گئے۔ مہاراشٹر میں منی گوا کے نام سے مشہور رائے گڑھ ضلع کے کاشد بیچ پر بدھ کو جلگاؤں ضلع کا ایک نوجوان سمندر میں ڈوب کر فوت ہوگیا، جبکہ اس کے دوسرے ساتھی کو لائف گارڈ اور پولیس نے بچالیا۔ اطلاع کے مطابق عمران انور خان(۳۷)، امین مجید شیخ (۲۵) اور ملک نذیر شیخ(۲۱)جلگائوں ضلع کے ایرنڈول تعلقے سے چادریں فروخت کرنے کے سلسلے میں رائے گڑھ آئے تھے  یہ لوگ گورے گاؤں علاقے میں مقیم تھےجہاں سے کاشد اور مروڈ کے علاقوں میں چادریں فروخت کرنے کے بعدفارغ وقت میں چہل قدمی کیلئے کاشد کے ساحل پر گئے ۔ امین شیخ اورملک شیخ سمندر میں تیرنے کیلئے نکلے، انہیں پانی کی گہرائی کا پتہ نہ چلا اور وہ گہرے پانی میں ڈوب گئے۔
اطلاع ملتے ہی بیچ پر موجود پولس کانسٹیبل روٹکر نے لائف گارڈ میوریش بلکاوڑے اور اربازسوداگر کے ساتھ فوری طور پر انہیں بچانے کیلئے دوڑے۔ انہوں نے ملک نذیر شیخ کو تو بحفاظت باہر نکال لیا مگر امین شیخ کو بچا نہیں سکے وہ ڈوب چکا تھا۔ ملک کوعلاج کیلئے ناندگاؤں کے آیوش اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جبکہ  امین کی لاش کو  پوسٹ مارٹم کیلئے مروڈ(دیہی)اسپتال بھیج دیا گیا ۔ پولیس انسپکٹرپرشرام کاملے کی رہنمائی میں مروڈ پولیس نے جائے وقوعہ پر پنچنامہ کیا ہے اور حادثاتی موت (اے ڈی آر)  کا معاملہ درج کیا۔ تمام تر طبی اور قانونی کاروائیوں کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے ساحل پر احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ 
 
 
 
غرقابی کا دوسرا واقعہ رتنا گیری کے کھیڑ تعلقہ میں واقع جگبوڑی ندی میں پیش آیا جہاں تیر اکی کے دوران تین سگے بھائی ڈوب گئے۔ اس واقعہ سے کامبلے خاندان پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔بتایا گیا ہے کہ آکاش راما کامبلے، نریش راما کامبلے اور کیلاش راما کامبلے تین بھائی ہیں جو اصل میں سانگلی ضلع کے رہنے والے ہیں اور گزشتہ کئی سال سے ممبئی کے کرلا میں رہ رہے ہیں۔ وہ چھٹیاں گزارنے کھیڑ میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں آئے تھے۔بدھ کی دوپہر، وہ اپنے ایک اور رشتہ دار کے ساتھ شہر کی جگبوڈی ندی میں تیرنے کیلئے گئے۔ تیراکی کے دوران  یہ چاروں گہرے پانی میں پھنس گئے۔ اس کے بعد انہوں نے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن پانی کی رفتار اور گہرائی کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
 
 
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی  پولیس اور مقامی باشندے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور انہیں نکالنے کی کوشش کی۔ ایک نوجوان کو  توبحفاظت نکال لیا گیا لیکن تینوں بھائی آکاش، نریش اور کیلاش کامبلے کو نہیں بچایا جا سکا۔اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی  لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے اپنے رشتہ داروں کے پاس آنے والے تین بھائیوں کی ایسے المناک واقعے میں موت سے اہل خانہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK