Inquilab Logo

یوروکوالیفائر:جدوجہد کے بعد فرانس کی فتح

Updated: March 29, 2023, 11:14 AM IST | Paris

یورو کوالیفائر کے میچ میں فرانس نے جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرلی۔

Kylian Mbappe
کائلیان ایمباپے

یورو کوالیفائر کے میچ میں فرانس نے جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرلی۔ پیر کی دیر رات ہونےوالے میچ میں آئرلینڈ نے فرانس کو فتح کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے پر مجبور کردیا تھا ۔ بالآخر فرانس نے یہ میچ ۰۔۱؍ گول سے جیت کر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے اور اس نے گروپ بی میں اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی۔اس گروپ میں یونان نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔ 
 پیر کی دیر رات ہونے والے میچ میں فرانس کے کھلاڑیوں نے میزبان ٹیم کے میدان پر اچھا مظاہر ہ کیا اور گول کرنے کے مواقع بنانے کی پوری کوشش کی لیکن اس کے کھلاڑی ان موقعوں کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔ میچ کا واحد گول دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی ہوا اور یہ گول بنجامین پیورڈ نے کیا۔ انہوںنے ۵۰؍ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ۰۔۱؍ کی برتری دلائی اور یہی سبقت میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس میچ میں آئر لینڈ کے دفاع نے اپنی مضبوطی کا ثبوت دیا لیکن اس کے اسٹرائیکربرتری کا گول کرنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے فرانس نے یہ میچ ۰۔۱؍ گول کے اسکور سے جیت لیا۔ 
 اس فتح کے بعد گروپ بی میں فرانس ۲؍ میچوں میں ۶؍پوائنٹس کے ٹاپ پر ہے۔ یونان کے ایک میچ  میں ۳؍پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبرپر ہے۔ پہلے میچ میں فرانس سے ہارنے والے نیدرلینڈس کے ۲؍ میچوں میں ۳؍پوائنٹس ہیں۔ گروپ کی ٹاپ ۲؍ ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں داخل ہوں گی۔ خیال رہےکہ کائلیان ایمباپے کی قیادت میں فرانس نے مسلسل دوسرا میچ جیتا ہے۔ اس میچ میں ایمباپے بھی گول کرنے میں ناکام رہے لیکن پیورڈ نے اہم گول کردیا۔

پولینڈ اور نیدرلینڈس نے بھی اپنے اپنے میچ جیت لئے 

یورو کوالیفائر کے گروپ بی کے میچ میں نیدرلینڈس نے اپنی پہلی شکست کو بھول کر دوسرے میچ میں جبرالٹرکی ٹیم کو ۰۔۳؍ گول سے شکست دے دی ۔  دوسری طرف پولینڈ نے بھی البانیہ سے اپنا میچ جدوجہد کے بعد جیت لیا۔ نیدرلینڈس کی جانب سے میمفس ڈی پے اور این ایکے نے شاندار کارکردگی پیش کی۔ ڈی پے نے پہلے ہاف میں ایک گول کیا جبکہ ایکے نے دوسرے ہاف میں ۲؍گول کرکے ٹیم کی جیت کو یقینی کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ہی جبرالٹر کے کھلاڑی  ایل واکر کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھاکر میدان سے باہر کردیا۔ نیدرلینڈس نے یہ میچ ۰۔۳؍  گول  کے اسکور سے جیت لیا۔ نیدرلینڈس کو پہلے میچ میں فرانس کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ یورو کوالیفائر کے گروپ ای کے میچ میں پولینڈ نے بھی اپنی پہلی شکست کو بھول کر البانیہ کو ۰۔۱؍ گول سے شکست دےدی۔ اسٹارکھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی گول کرنے میں ناکام رہے لیکن ان کےساتھی کھلاڑی کے سویڈرسکی نے فرسٹ ہاف کے آخری حصہ میں ایک گول کرکے ٹیم کو فاتح بنادیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK