Inquilab Logo

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں پہلے آسٹریلیا کا سامنا کرنا فائدہ مند ہوگا :شان مسعود

Updated: December 14, 2023, 11:28 AM IST | Perth

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہاکہ آسٹریلیا اس بات کا اندازہ لگانے کیلئے بہترین جگہ ہو گی کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں میری ٹیم کہاں ہے

Pakistani team
پاکستانی ٹیم

پاکستان کے کپتان شان مسعود کا ماننا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ۲۵۔۲۰۲۳ء ​​کے تناظر میں آسٹریلیا کے خلاف اگلی ٹیسٹ سیریز نہ صرف دلچسپ ہوگی بلکہ اس سے ٹیم کو خود کو جانچنے کا کافی موقع ملے گا۔
 پاکستان جمعرات سے آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرے گا۔ یہ ۴؍ سال میں ریڈ بال کرکٹ کھیلنے والا پاکستان کا پہلا دو طرفہ دورہ ہوگا۔ میچ کے موقع پر مسعود نے نامہ نگاروں کو بتایا، ’’آسٹریلیا اس بات کا اندازہ لگانے کے لئے بہترین جگہ ہو گی کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں میری ٹیم کہاں ہے۔ جب آپ بڑی تصویر کے بارے میں بات کرتے ہیں، تو وہ  ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ ہے۔لہٰذا ہر ٹیسٹ میچ، ہر پوائنٹ اہمیت رکھتا ہے۔ یہ دو سال کا سائیکل ہے، اس لئے  ہمارے پاس بہت سے دوسرے ٹیسٹ میچ بھی ہیں۔ آسٹریلیا شروع کرنے کے لئے  بہترین جگہ ہے۔یہ اندازہ لگانے کیلئے بہترین جگہ ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کہاں ہیں اور وہاں سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔‘‘
 پاکستان نے آخری بار۱۹۹۵ء میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ جیتا تھا۔ اس کے بعد سے وہ ملک میں لگاتار۱۴؍ٹیسٹ ہار چکے ہیں  تاہم شان مسعود پاکستان کے ماضی سے زیادہ پریشان نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم پوری توجہ موجودہ سیریز کی تیاری پر مرکوز رکھے۔
 کپتان نے مزید کہاکہ ٹیم کی حیثیت سے ہم نے موافقت کے بارے میں بات کی، چاہے ہم کرکٹ کراچی میں کھیلیں یا پرتھ میں، میرے لئے  یہ زیادہ اہم ہے کہ پاکستانی ٹیم مختلف حالات میں کتنی جلدی ڈھل سکتی ہے۔
 پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم مسلسل ۵؍ دن اچھا کرکٹ کھیلتے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ ہم صحیح نتائج حاصل کر سکیں گے، اس کھیل کی خوبصورتی یہی ہے کہ آپ کو ہر بار کچھ مختلف کرنے کا موقع ملتا ہے اور ہم یہی کرتے ہیں، ہم پرجوش ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور اگر نتیجہ ہمارے مطابق آیا تو ٹھیک ہے ورنہ ہم واپس جا کر اپنی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے۔شان مسعود نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم میں بہت زیادہ صلاحیت نظر آتی ہے، بہت سے کرکٹرس پاکستان کو آگے لے جا سکتے ہیں اور ہمارے پاس یہ اچھا کرکٹ کھیلنے اور یہ دکھانے کیلئے  ہے ایک بہترین موقع ہے کہ ہم بہترین ٹیم سے بھی مقابلہ کر سکتے ہیں۔
 ٹیسٹ ٹیم کے نو منتخب کپتان  نے بتایا کہ اگر ہم یہ سیریز جیت جاتے ہیں تو یہ ہمارے لئے  انتہائی اہم ہوگا، ہمیں ابھی کئی ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں، آسٹریلیا اس کی شروعات کے لئے  بہترین جگہ ہے، یہ ہمارے لئے  دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف بہترین کرکٹ کھیلنے کا  شاندار موقع ہے اور ہمیں اس چیلنج کا انتظار ہے۔
 پاکستان نے اس سال کے شروع میں سری لنکا کے خلاف۰۔۲؍ سے سیریز جیتنے کے دوران جارحانہ انداز اپنایا تھا۔ مسعود نے کہا کہ ٹیم آسٹریلیا کیخلاف بھی اسی حکمت عملی پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا’’یہ کھلاڑیوں کا وہی گروپ ہے۔ ہم واقعی اس دلچسپ چیلنج کے منتظر ہیں اور اس میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں ۔‘‘ 

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK