• Wed, 30 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فہد فاصل کا انکشاف: وجے نے سب سے پہلے کہا تھا کہ میں اداکار بنوں گا

Updated: September 30, 2026, 4:07 PM IST | Chennai

ملیالم فلموں کے معروف اداکار فہد فاصل نے تمل سپر اسٹار اور اداکار وجے کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات سے جڑی ایک دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وجے وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے ان سے کہا تھا کہ وہ ایک دن فلمی اداکار بنیں گے۔

Fahadh Faasil And Vijay.Photo:INN
وجے اور فہد فاصل۔ تصویر:آئی این این

ملیالم فلموں کے معروف اداکار  فہد فاصل  نے تمل سپر اسٹار اور اداکار وجے  کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات سے جڑی ایک دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وجے وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے ان سے کہا تھا کہ وہ ایک دن فلمی اداکار بنیں گے۔ فہد فاصل نے یہ بات اپنی نئی فلم ’’ڈونٹ ٹربل دی ٹربل‘‘  کی تشہیر کے دوران فلم ساز کے ایس روی کمار سے گفتگو میں کہی۔   فہد فاصل کے مطابق ان کی وجے سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ تقریباً ۱۲؍ یا ۱۳؍  سال  کے تھے۔ اس وقت وجے، فہد کے والد اور معروف فلم ساز  فاصل  کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’کادھلوکو ماریادھائی‘‘ (Kadhalukku Mariyadhai)کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔ فلم کی شوٹنگ فہد کے گھر پر بھی ہوئی تھی اور وہ چھٹیوں کے دوران وہاں موجود تھے۔فہد نے بتایا کہ اس وقت ان دونوں کے درمیان زیادہ گہری گفتگو نہیں ہوئی تھی اور زیادہ تر بات چیت فلموں ہی کے بارے میں ہوتی تھی۔ انہوں نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وجے نے اسی زمانے میں ان سے پوچھا تھا کہ کیا وہ مستقبل میں اداکار بنیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:اداکارہ رکول پریت سنگھ سے منسلک ۱۲؍ مقامات پر انکم ٹیکس محکمے کی تلاشی

فہد کے مطابق وجے پہلے شخص تھے جنہوں نے ان سے کہا کہ وہ اداکار بنیں گے۔  یہ بات اس وقت محض ایک دلچسپ گفتگو کا حصہ تھی، لیکن بعد میں فہد نے واقعی فلمی دنیا میں اپنا مقام بنا لیا۔  فہد فاصل نے بتایا کہ جب وہ وجے سے ملے تو وجے اپنی فلم  ’’کُشی‘‘  پر بھی کام کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ دونوں کے درمیان فلموں سے متعلق گفتگو ہوئی اور وجے نے انہیں ’’کُشی‘‘ کے خیال اور منصوبے کے بارے میں بھی بتایا تھا۔ اس وقت فہد کے والد کی فلم ’’کنّکُّل نیلاوو‘‘ (Kannukkul Nilavu)  بھی زیرِ بحث تھی۔ 
فہد نے کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ آنے والے برسوں میں وجے فلمی دنیا کے بڑے ستاروں میں شامل ہوں گے اور بعد میں سیاست میں بھی داخل ہوں گے۔  فہد فاصل کا اداکاری کا سفر بھی ابتدا میں کامیاب نہیں رہا۔ انہوں نے  ۲۰۰۲ء  میں اپنے والد فاصل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’کائی یتھم دوراتھ‘‘ (Kaiyethum Doorath)  سے اداکاری کا آغاز کیا، لیکن فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہو سکی۔ اس ناکامی نے فہد کو خاصا متاثر کیا اور وہ کچھ عرصے کے لیے فلمی دنیا سے دور ہو گئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی بیٹی زہارا نے والد کا خاندانی نام ہٹا دیا، عدالت سے منظوری ملی

فہد نے بتایا کہ اس دور میں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے  امریکہ  چلے گئے۔ ابتدا میں ان کا ارادہ انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کا تھا، لیکن بعد میں انہوں نے فلسفے کی تعلیم حاصل کی۔ امریکہ میں قیام کے دوران انہوں نے مختلف ممالک کی فلمیں دیکھیں، جس سے ان کے سنیما کے بارے میں نقطۂ نظر میں بھی تبدیلی آئی۔  امریکہ سے واپسی کے بعد فہد فاصل نے دوبارہ اداکاری پر توجہ مرکوز کی اور رفتہ رفتہ ملیالم سنیما کے نمایاں اداکاروں میں شامل ہوگئے۔ ’’مہیشنتے پرتیکارم‘‘، ’’تھونڈیموتھالوم درکشیاکشیم‘‘، ’’کمبالنگی نائٹس‘‘، ’’جوجی‘‘، ’’مالک‘‘ اور’’آویشَم‘‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری نے انہیں وسیع پیمانے پر پہچان دلائی۔  فہد فاصل نے ملیالم سنیما کے ساتھ ساتھ تمل اور تیلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ وہ ’’وکرَم‘‘  میں کمال حسن کے ساتھ اور ’’پشپا‘‘ سیریز میں اللو ارجن کے ساتھ اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
فہد فاصل اس وقت اپنی آنے والی فلم ’’ڈونٹ ٹربل دی ٹربل‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ یہ ان کی پہلی تیلگو فلم ہے جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کو  ایس ایس راجامولی  پیش کر رہے ہیں اور اس کی ریلیز ۲؍ اکتوبر  کو مقرر ہے۔   اس کے علاوہ فہد فاصل  ’’وکرَم‘‘ اور ’’آویشَم‘‘ کے سیکوئل منصوبوں میں بھی اپنے کردار دوبارہ ادا کرتے نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK